ایشیا (رپورٹس)

سالانہ نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ سری لنکا 2022ء

(جاوید رحیم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سری لنکا)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال مجلس انصار اللہ سری لنکا کو اپنا سالانہ اجتماع مورخہ 6 اور 7؍نومبر 2022ء کو مسجد الباسط Pasyala میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ امسال اجتماع کا مرکزی موضوع ’’تبلیغ‘‘ تھا۔ کووِڈ کی وبا کے بعد یہ سری لنکا جماعت کی کسی بھی ذیلی تنظیم کا پہلا اجتماع تھا۔

اجتماع کے پہلے دن کی شام کو انصار اللہ کے ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ گذشتہ چند دنوں سے شدید بارشیں ہورہی تھیں لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں سے اجتماع کے روز موسم صاف ہوگیا اور کھیل کے میدان کی حالت بھی اچھی ہوگئی تھی۔ ورزشی مقابلہ جات میں گیند کو نشانہ پر مارنا، گولہ پھینکنا، باسکٹ بال شوٹنگ اور گول شوٹنگ کے مقابلے شامل تھے۔ اسی طرح غروب آفتاب کے بعد فلڈ لائٹس کی مدد سے انصار اللہ کے مابین بیڈمنٹن اور والی بال کے مقابلہ جات کروائے گئے۔

اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نمازِ فجر اور درس کے بعد ریفریشمنٹس دی گئیں۔ اسی طرح ناشتہ کا بھی انتظام تھا۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد صبح نو بجے اجتماع کا اجلاس زیر صدارت نیشنل صدر جماعت سری لنکا مکرم ایس نظام خان صاحب شروع ہوا۔ آپ نے اپنی تقریر میں سری لنکا جماعت کی تاریخ کا ذکر کیا کہ کس طرح اللہ تعالیٰ جماعت کو ترقیات سے نوازتا چلا گیا ہے۔ صدر مجلس انصار اللہ مکرم I.Aمشہود احمد صاحب نے اپنی تقریر میں کہا کہ انصار ہونے کے بعد ہمیں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ہم کمزور ہو گئے ہیں اور ہم کچھ نہیں کر سکتے۔ ہمیں تبلیغ اور جماعت کی خدمات بجالانے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔

اس اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ مقابلہ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے علاوہ کوئز کا مقابلہ بہت دلچسپ رہا۔ علمی مقابلہ جات کے بعد ڈاکٹر فیاض احمد صاحب کی طرف سے ایک ہومیوپیتھک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں اُنہوں نے صحت مند زندگی گزارنے کے حوالہ سے بات کی۔

نماز ظہر و عصر کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیاجو چند خدام کی مدد سے تیار کیا گیا تھا۔ تمام حاضرین نے کھانا بہت پسند کیا۔

اجتماع کے اختتامی اجلاس میں مشنری انچارج مکرم اے بی مشتاق احمد صاحب نے تقریر کی جس میں انہوں نے بعض تاریخی واقعات بیان کیے۔ اس کے بعد انعامات تقسیم ہوئے۔ دعا کے بعد نماز مغرب اور عشاء باجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

(رپورٹ: جاوید رحیم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button