قرارداد تعزیت

قرارداد تعزیت بروفات مولانا محمد داؤد ظفر صاحب مرحوم مربی سلسلہ وکارکن رقیم پریس یوکے

ہم کارکنان رقیم پریس یوکےاپنے دیرینہ ساتھی مکرم محمدداؤد ظفر صاحب کے اس ناگہانی انتقال اور رحلت پر بے حد افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے ساتھ بخشش و مغفرت کا سلوک فرمائے اور اپنی رحمت کی چادر میں لپیٹ لے۔آمین یا رب العالمین

محترم محمد داؤد ظفر صاحب بہت سے امتیازی اوصاف و خوبیوں کے مالک تھے اور اپنوں اور غیروں ،سب میں یکساں محترم اورہر دلعزیز تھے۔

محمدداؤد ظفر صاحب کو پرنٹنگ پریس میں کمپیوٹر سے متعلقہ گرافک ڈیزائننگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ربوہ سے خاص طور پررقیم پریس کے لیے بلوایا گیا تھا۔ چنانچہ آپ طباعت کے تعلق میں اس ضرورت کے پیش نظر بنیادی تربیت حاصل کرنے کے بعد2001ء میں ربوہ سے یہاں تشریف لائے تھے۔انہیں یہ کام سیکھنے کا بہت شوق تھا اس لیے اپنی ذاتی محنت و کوشش سے جلد ہی پرنٹنگ سے قبل (Pre-Press) کے تمام مراحل جن کا تعلق کمپیوٹر سے ہوتا ہے، پرانہوں نے مہارت حاصل کر لی۔گرافک ڈیزائننگ،کتابوں کی کمپوزنگ ، کورز کی ڈیزائننگ ،نیز تیار شدہ فائلوں میں اگرتصحیحات کرنی ہو تیں تو بڑی بارِیک بینی سے یہ کام سرانجام دیتے تھے۔ وقت کے ساتھ ساتھ آنے والی نئی ٹیکنالوجیز اور سافٹ ویئرز پر بھی نظر رکھتے اور اپنی ذاتی توجہ اور محنت سے خود ہی وہ کام سیکھتے اور نئی ٹیکنالوجیز کے مطابق رقیم پریس کے کمپیوٹرزکو updateکرتے رہتے۔افریقن ممالک میں قائم کیے گئے جماعتی پریسوں میں کام کرنے والے کارکنان جب یہاں آتے تو انہیں بھی بڑی عمدگی اور محنت کے ساتھ کمپیوٹر سے متعلقہ امور کی ٹریننگ دیتےتھے نیز ٹیلی فون کے ذریعے بھی ان کی مدد کرتے رہتے تھے۔ بہت محنت سے کام کرتے تھے ۔اس جان لیوا علالت سے قبل خط منظور کے ساتھ طبع ہونے والے تاریخی قرآن کریم کی تیاری پر بھی انہوں نے خاص توجہ سے کام کیا۔ اپنے ساتھ کام کرنے والوں سے ان کا تعلق بہت دوستانہ رہتا ۔خوش خلقی اور طبیعت میں مزاح کی بدولت سب کا دل جیت لیتے تھے۔

اللہ تعالیٰ ان کے درجا ت بلند فرمائے اور سلسلہ کے لیے ان کی خدمات اور قربانیوں کو قبول فرماتے ہوئے بہترین جزا عطا فرمائے۔خدا تعالیٰ ان کے پسماندگان و لواحقین کا حامی و ناصر ہو اور انہیں صبر اور ہمت کے ساتھ یہ صدمہ برداشت کر نے کی توفیق بخشے۔ آمین

ہم اپنے عزیز دوست اور ساتھی محترم محمد داؤد ظفر صاحب کی رحلت پر ان کے لواحقین کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ہم ہیں شریک غم:مینیجر وکارکنان رقیم پریس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button