افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ میں عشرہ سیرت النبیﷺکا انعقاد

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو دوران ماہ ربیع الاول ملکی سطح پر عشرہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم مورخہ 6 تا 16؍اکتوبر 2022ء منانے کی توفیق ملی۔ جماعتی روایات کے مطابق مختلف ریجنز میں عشرہ کا باقاعدہ آغاز اجتماعی نیز انفرادی نماز تہجد کے ساتھ کیا گیا۔ دوران عشرہ احباب جماعت نے صدقات بھی دیے۔ اس عشرہ کے ددران آئیوری کوسٹ کے کل 19 ریجن کی 115 جماعتوں کو کسی نہ کسی رنگ میں عشرہ کے پروگرامز میں شرکت کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

دوران عشرہ نماز فجر و مغرب کے بعد سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان سے دروس کا اہتمام کیا گیا جن میں احباب جماعت کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات پر درود بھیجنے کی نصائح بھی شامل تھیں۔ دوران دروس آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق فاضلہ کے مختلف پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا جاتا رہا۔ دوران عشرہ مختلف مقامات پر جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ان جلسہ جات میں خصوصی طور پر سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں کے متعلق شاملین جلسہ کو آگاہ کیا گیا۔ ایک کثیر تعداد میںاحمدی و غیر احمدی احباب نے ان جلسوں میں شرکت کی۔ جلسہ جات کے علاوہ دوران عشرہ آنے والے خطبات جمعہ بھی بعنوان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم دیے گئے۔ نیز مختلف شہروں میں ریڈیو پروگرامز اسی عنوان کے تحت کیے گئے۔

دوران عشرہ آئیوری کوسٹ کے 19 ریجنز کی کل 115 جماعتوں میں ریجنل مبلغین کرام و لوکل معلمین کرام نے کل 50 جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا جن میں 7000 کے قریب مردو خواتین (احمدی،غیر احمدی مسلمان نیز غیر مسلم احباب) نے شرکت کی۔ ان جلسہ جات کے بعد مختلف مقامات پر حاضرین جلسہ کے لیے طعام کا بھی اہتمام کیا گیا۔جب کہ 135 خطبات جمعہ کے ذریعے تقریباً 8000 افراد تک محاسن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پہنچائے گئے۔ دوران عشرہ کل 230 دروس بعد از فجر و مغرب کا اہتمام کیا گیاجن میں اندازاً 4000 کے قریب احباب نے شرکت کی۔ مزید برآں عشرہ کے دوران مختلف مقامی ریڈیو چینلز پر بھی کل 25 تبلیغی پروگرامز بعنوان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کیے گئے جن کا کل دورانیہ 30گھنٹے بنتا ہے۔ عشرہ کے پروگراموں میں ایک حصہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر مشتمل کتب کاسٹال لگانے کا بھی تھا جس کے تحت کل 5کتب میلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں قرآن کریم کے ساتھ ساتھ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی پر مشتمل مختلف فرانسیسی ، عربی اور انگلش کتب کو نمایاں طور پر رکھا گیا نیز مختلف کتابچے بعنوان ختم نبوت، آمد مسیح ثانیؑ، وفات مسیح وغیرہ رکھے گئے۔

مقامی مسلم و غیر مسلم افراد نے بھی جماعت کی اس کاوش کو سراہا کہ جماعت کو دوسروں کے مقابل پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو حقیقی رنگ میں پیش کرنے کی سعادت نصیب ہورہی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت آئیوری کوسٹ کی اس حقیر کاوش میں برکت عطا کرے نیز ہمیں حقیقی رنگ میں اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button