امریکہ (رپورٹس)

ماہ نومبر کے دوران ہیومینٹی فرسٹ گیانا کی سرگرمیاں

(مقصود احمد منصور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیانا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ گیانا کو ماہ نومبر میں تین مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ منعقد کرنے اور چار سینئر ہومز کو امداد پہنچانے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

پہلا کیمپ: لِنڈن

پہلا میڈیکل کیمپ یکم نومبر کو لِنڈن قصبہ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ لِنڈن قصبہ ریجن 10 میں ہے اور جارج ٹاؤن سے دوگھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔ اس میڈیکل کیمپ کے لیے مبلغ سلسلہ مکرم فہد پیرزادہ صاحب نے بھرپور تیاریاں کیں۔ جارج ٹاؤن سے خاکسار (مبلغ انچارج و چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ) نے یو ایس ایمبیسی سے بھی رابطہ کیا اور انہوں نے اپنی شمولیت پر رضامندی ظاہر کی۔ چنانچہ تمام انتظامات مکمل کر دیے گئے۔

مکرم جمیل محمد صاحب (ڈائریکٹر ہیومینٹی فرسٹ برائے گیانا) جو کہ امریکہ سے دورے کے لیے تشریف لائے تھے، وہ بھی اس میڈیکل کیمپ میں شامل ہوئے۔ چنانچہ ہم دونوں ایک دن قبل ہی لنڈن شہر پہنچ گئے۔ راستہ میں ایک یتیم خانہ کا بھی مختصر دورہ کیا اور ان کے حالات کا جائزہ لیا کہ انہیں کس قسم کی مدد دی جاسکتی ہے۔

یکم نومبر کی صبح تمام ٹیم کے افراد وقت پر پہنچ گئے۔ جن میں ہیومینٹی فرسٹ کے علاوہ یو ایس ایمبیسی کےافراد، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر رضاکار شامل تھے۔ گیانا میں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو عمر رسیدہ افراد کو پنشن دی جاتی ہے۔ چنانچہ بزرگ افراد کی ایک بڑی تعداد اپنی پنشن لینے پہنچی ہوئی تھی۔ ان تمام افراد نے میڈیکل کیمپ سے بھی بھر پور فائدہ اٹھایا۔

میڈیکل کیمپ میں بلڈ پریشر، شوگر اور ہارٹ ریٹ چیک کرنے کے بعد ڈاکٹر سے طبی مشورہ لیا جاتا ہے۔ اس کے بعد انہیں ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے مفت ادویات دی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ بعض افراد آنکھوں کا ٹیسٹ بھی کرواتے ہیں۔ اس میڈیکل کیمپ پر یو ایس ایمبیسی کی طرف سے بزرگ اور معمر افراد کے لیے ضروریات زندگی کی اشیاء تقسیم کی گئیں۔

میڈیکل کے دوران یو ایس ایمبیسڈر سارا این لنچ Sarah Ann Lynchصاحبہ بھی تشریف لائیں اور میڈیکل کیمپ کا مکمل جائزہ لیا۔ اسی دوران NCN ٹی وی سٹیشن اور Info-10 نیوز کے رپورٹرز بھی آگئے اور انہوں نے ایمبیسڈر صاحبہ اور مکرم جمیل محمد صاحب کا انٹر ویو کیا اور میڈیکل کیمپ کومکمل کوریج دی۔

اس میڈیکل کیمپ کے ذریعہ 115افراد نے فائدہ اٹھایا۔ جن میں سے اکثریت سینئر افراد کی تھی۔ اس کیمپ کو کامیاب بنانے کے لیے 13رضاکاروں نے مدد کی۔ یو ایس ایمبیسیڈر کے علاوہ، لنڈن کی میئرWaneka Arrindell، ممبر آف پارلیمنٹDevin Sears اور ریجنل چیئر مین آف ریجن 10 مکرم Deron Adams صاحب نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔

دوسرا کیمپ: سینڈ ہل Sand Hill

دوسرا میڈیکل کیمپ 5؍نومبر کو ایک دور دراز گاؤں سینڈ ہل میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ میڈیکل کیمپ ہیومینٹی فرسٹ کے میڈیکل ڈائریکٹر مکرم مظفر کیوسی صاحب اور ایک غیر مسلم خاتون سسٹر اونیکا جنٹل صاحبہ جو کہ ہیومینٹی فرسٹ کی رضا کار ہیں ، نے مکمل طور پر منظم کیا۔ سینڈ ہل گاؤں ریجن 3 میں ہے اور جارج ٹاؤن سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ جس میں آدھے گھنٹہ کا سفر کشتی کے ذریعہ کرنا پڑتا ہے۔

اس میڈیکل کیمپ کے لیے ڈائمنڈ آپٹیکل کی ٹیم کے علاوہ، ایک ڈاکٹر، ایک بچوں کے ماہر ڈاکٹر، نرسز اور دیگر رضاکاران شامل کر کے کل 13 افراد کی ٹیم اس خدمت میں شامل ہوئی۔ اس میڈیکل کیمپ سے 32افراد نے فائدہ اٹھایا۔

تیسرا کیمپ: سانٹا مشن Santa Mission

تیسرا میڈیکل کیمپ 19؍نومبرکو آمر انڈین گاؤں سانٹا مشن Santa Mission میں منعقد ہوا۔ آمر انڈین قوم اس ملک کے قدیم اور آبائی لوگ ہیں اور یہ پہلا آمر انڈین گاؤں ہے جہاں ہیومینٹی فرسٹ نے اپنا میڈیکل کیمپ منعقد کیا۔ یہ گاؤں بھی ریجن 3 میں واقع ہے۔ اور اس کو بھی میڈیکل ڈائریکٹر مظفر کیوسی صاحب نے منظم کیا۔

یو ایس ایمبیسیڈر سارا لنچ صاحبہ میڈیکل کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے

اس میڈیکل کیمپ میں بھی ڈائمنڈ آپٹیکل کی ٹیم،ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر رضاکاران گئے۔ اس طرح کل 11افراد کی ٹیم اس پروگرام میں شامل ہوئی۔ اس کیمپ کے دوران 45افراد کا بلڈ پریشر، شوگر ٹیسٹ، آنکھوں کے ٹیسٹ اور مفت ادویات کی تقسیم کے علاوہ بلڈ ٹائپ معلوم کرنے کا بھی پہلی دفعہ انتظام کیا گیا تھا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ میڈیکل کیمپ بھی بہت کامیاب رہا۔

ان میڈیکل کیمپس کے علاوہ ڈائریکٹر آف فوڈ سیکیورٹی مکرم مقبول ولیمز صاحب نے کمیونٹی کیئر کے تحت 4 سینئر ہومز میں مندرجہ ذیل اشیاء بہم پہنچائیں: 96 ٹائلٹ پیپرز، 12بلیچ کی بوتلیں، پانچ کلو کے 4سرف بیگ، 57 صابن، 48ریزرز اور 80پیمپرز۔ یہ اشیاء 57سینئر مرد و خواتین کو فائدہ دیں گی۔ انشاء اللہ العزیز

اللہ تعالیٰ یہ خدمت قبول فرمائے اور رضاکاران اور مالی امداد کرنے والوں کو بھرپور اجرعطا فرمائے۔ اور ان پروگرامز کے دیر تک پھل ملتے رہیں۔ آمین

(رپورٹ: مقصود احمد منصور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button