افریقہ (رپورٹس)

اجتماع مجلس انصار اللہ لائبیریا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ لائبیریا کو اپنا بارھواں سالانہ اجتماع مورخہ 26-27؍نومبر 2022ء بروز ہفتہ و اتوار بمقام مسجد بیت العطاء، احمد آباد Kpo River منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

اجتماع کو کامیاب بنانے کے لیے مکرم محمد زکریا باجوہ صاحب (نائب پرنسپل، شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول) کی قیادت میں پندرہ ناظمین کی ایک کمیٹی بنائی گئی۔ اجتماع کی کامیابی کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی خدمت میں دعائیہ خط تحریر کیا گیا جس کے بعد اجتماع کی تیاری کا آغاز کیا گیا۔

اجتماع کے لیے کچھ کاؤنٹیز سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل ہی شروع ہوگیا تھا تاہم رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز بروز ہفتہ دوپہر بارہ بجے کیا گیا۔

افتتاحی تقریب

اجتماع کا رسمی افتتاح پرچم کشائی سے نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد دوپہر دو بج کر پندرہ منٹ پر کیا گیا۔ ڈاکٹر عبدالحلیم صاحب صدر مجلس نے انصار اللہ کا پرچم اور مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر ومشنری انچارج نے لائبیریا کا پرچم بلند کیا۔

معاً بعد مکرم محمد Jones Annan صاحب نائب امیر اوّل کی زیر صدارت افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں مکرم امیر صاحب لائبیریا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت مکرم مشہود حسن خالد صاحب مربی سلسلہ کو حاصل ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد حاضرین نے صدر صاحب مجلس انصاراللہ کے ساتھ مل کر عہد دہرایا۔ پھر مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ مونٹسیراڈو کاؤنٹی نے نہایت خوش الحانی کے ساتھ منظوم کلام پیش کیا۔ بعدہٗ مکرم Tapehma Kortu صاحب قائد عمومی نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دعائیہ پیغام پڑھ کر سنایا۔

اپنے افتتاحی خطاب میں امیر صاحب نے انصار اللہ کو اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے اور اپنے اہل و عیال کی اخلاقی و روحانی حالت بہتر کرنے کے حوالہ سے نصائح کیں۔ اجتماعی دعا کے ساتھ افتتاحی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

ورزشی مقابلہ جات

افتتاحی تقریب کے معاً بعد سہ پہر تین بجے مکرم Lawrence Momo صاحب ناظم کھیل کی زیر نگرانی ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے جو شام ساڑھے چھ بجے تک جاری رہے۔ امسال ورزشی مقابلہ جات میں چار انفرادی (دوڑسومیٹر، لمبی چھلانگ، کلائی پکڑنا اور پنجہ آزمائی) اور تین اجتماعی (ریلے ریس، فٹ بال اور والی بال) مقابلے شامل تھے۔ انصار نے بڑے جوش و خروش سے ان مقابلہ جات میں حصہ لیا اور تمام مقابلوں کو دلچسپ بنایا۔

انتخاب صدر مجلس

شام سات بجے نماز مغرب و عشاء جمع کر کے ادا کی گئیں جس کے بعد مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت اگلے دو سال کے لیے صدر مجلس انصار اللہ اور نائب صدر صف دوم کا انتخاب عمل میں آیا۔

علمی مقابلہ جات

رات نو بجے کھانے سے فراغت کے بعد مکرم منصور احمد صاحب، مبلغ سلسلہ کیپ ماؤنٹ کاؤنٹی کی زیر نگرانی علمی مقابلہ جات شروع ہوئے۔ جن میں پانچ انفرادی علمی مقابلہ جات (تلاوت، نظم، حفظ قصیدہ، تقریر اور اذان) اور اجتماعی مقابلہ میں صرف دینی معلومات شامل تھے۔ علمی مقابلہ جات کے مکمل ہونے پر اجتماع کے پہلے روز کی سرگرمیاں اپنے اختتام کو پہنچیں۔

اجتماع کا دوسرا روز

اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز صبح پانچ بجے نماز تہجد کی ادائیگی سے ہوا جس کی امامت مکرم عبادہ اسلم قریشی صاحب، مبلغ سلسلہ بونگ کاؤنٹی نے کروائی۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم مربی صاحب نے درس دیا جس میں آپ نے انصار کو خلیفہ وقت سے مضبوط تعلق پیدا کرنے کے لیے خط لکھنے کی طرف توجہ دلائی۔

مجلس سوال و جواب

درس سے فراغت کے بعد صبح ساڑھے چھ بجے مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب، مکرم آصف احمد صاحب (مبلغین سلسلہ) اور مکرم منصور احمد ناصر صاحب ( پرنسپل شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول) کے ساتھ ایک مجلس سوال و جواب کا اہتمام کیا گیا جس کا دورانیہ تقریباً دو گھنٹے پر محیط رہا۔ شرکاء نے اپنا علم بڑھانے کے لیے بڑی دلجمعی کے ساتھ مبلغین کرام کے جوابات کو سنا۔

مجلس سوال و جواب کے اختتام پر ورزشی مقابلہ جات کے فائنلز منعقد کیے گئے جو اختتامی تقریب کے انعقاد سے قبل مکمل ہوئے۔

اختتامی تقریب

دوپہر ساڑھے بارہ بجے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت اختتامی تقریب کا آغاز مکرم مرزا عمر احمد صاحب،مبلغ سلسلہ مارگیبی کاؤنٹی نے تلاوت قرآن کریم سے کیا جس کے بعد مکرم محمد شعیب خالد صاحب نے منظوم کلام پیش کیا۔ مکرم Tapehma Kortu صاحب نے اجتماع کی مفصّل رپورٹ پیش کی جس کے بعد امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے۔

مکرم امیر صاحب نے تقریب کے آخر پر تقریر کرتے ہوئے انصار اللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اجتماعی دعا کے ساتھ یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

حاضری: امسال لائبیریا کی نو کاؤنٹیز سے کل 227 انصارنے شرکت کی۔50مہمانوں کی شرکت سے اجتماع کی کل حاضری 277 رہی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اجتماع کی برکات سے مستفیض فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔ مبلغ سلسلہ لائبیریا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button