افریقہ (رپورٹس)کچھ جامعات سے

تقریب تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ 2022ء

(شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ کا ایک اور تعلیمی سال اپنے اختتام کو پہنچا۔ مورخہ ۵؍دسمبر ۲۰۲۲ء بروز سوموار سالانہ تقریب تقسیم اسناد میں امسال فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اسی طرح تعلیمی سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی مکرم طاہر محمود چودھری صاحب امیر و مشنری انچارج تنزانیہ تھے۔ تلاوت اور نظم کے بعد مکرم عزیز احمد شہزاد صاحب (سٹاف سیکرٹری) نے سالانہ کارگزاری رپورٹ بزبان اردو پیش کی، جبکہ سواحیلی رپورٹ مکرم معلم شمعون جمعہ صاحب (استاد جامعہ) نے پیش کی۔ اس کے بعد پروجیکٹر کی مدد سے دوران سال مختلف تقاریب کی تصویری جھلکیاں دکھائی گئیں۔ دوران سال تقریری مقابلوں میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو اس تقریب میں تقریر کرنے کا موقع دیا گیا جس کے بعد انعامات تقسیم ہوئے۔ مکرم مہمان خصوصی صاحب نے امسال فارغ التحصیل طلبہ کو اسناد اور قرآن کریم کا تحفہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ علمی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ کارکنان، اساتذہ اور مہمانان کی خدمت میں بھی تحائف پیش کیے گئے۔ بعد ازاں مکرم مہمانِ خصوصی صاحب نے طلبہ جامعہ کو وقفِ زندگی کا عہد اور اس کا اصل مقصد ہمیشہ اپنے سامنے رکھنے کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے بتایا کہ معلم سلسلہ کو میدانِ عمل میں احبابِ جماعت کے لیے ایک نمونہ بن کر رہنا چاہیے اور ہر وقت ان کی تربیت کی کوشش کرنی چاہیے۔

قارئین الفضل کی خدمت میں جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے تعلیمی سال ۲۰۲۲ء کی کارگزاری رپورٹ مختصر اًپیش ہے:

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کا آغاز ۱۹۸۴ء میں ہوا۔ اِس وقت جامعہ موروگورو ریجن کے علاقہ Kihondaمیں واقع ہے۔ جامعہ کی تعلیم کا اصل محور قرآنِ کریم ہے اور دیگر تمام علوم اس کی شاخیں ہیں۔ ان تدریسی مضامین میں تجوید اور ناظرہ قرآن مجید، ترجمہ اور تفسیر القرآن، حدیث، فقہ، کلام، موازنہ، حساب، سواحیلی اور تاریخ و سیرت شامل ہیں۔ نیز طلبہ کو عربی، اردو اور انگریزی زبانیں بھی پڑھائی جاتی ہیں۔ دور جدید کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے طلبہ کو کمپیوٹر بھی سکھایا جاتا ہے اور آخری سال کے طلبہ ایک مختصر ریسرچ پیپر بھی لکھتے ہیں۔ جامعہ کا تعلیمی سال دو سمیسٹر پر مشتمل ہے اور دونوں سمیسٹرز کے اختتام پر باقاعدہ ہر مضمون کا امتحان لیا جاتا ہے۔ دونوں سمیسٹر کی مجموعی کارکردگی پر سالانہ رزلٹ بنایا جاتا ہے۔ جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں مشرقی افریقہ کے بیشتر ممالک کے طلبہ تحصیل علم کے لیے آتے ہیں، جن میں تنزانیہ کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ممالک کینیا، ملاوی اور برونڈی شامل ہیں۔ امسال جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے ۹طلبہ میں تنزانیہ، کینیا اور برونڈی کے طلبہ شامل ہیں جن کے نام درج ذیل ہیں:

عزیزم نعیم MULEMBO، عزیزم یقین رجب SANDALI، عزیزم حسین سعدی، عزیزم محمود موسیٰ، عزیزم شکور صادق، عزیزم عیدی قاسم MGELEKA، عزیزم عبد الکریم NZOKWAMANSENGA، عزیزم حسن فاراج NAKUCHIMA اور عزیزم رجب LUSEZA۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے ہر سال بعض طلبہ کا جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے لیے انتخاب کیا جاتا ہے۔ امسال بھی مندرجہ ذیل تین طلبہ کا انتخاب کیا گیا اور بعد از منظوری وہ گھانا تشریف لے گئے: عزیزم عیدی تمیم، عزیزم حماد سالوم Lengipaa اور عزیزم صالح رجب Makubana۔

جامعہ ایک تعلیمی درسگاہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک تربیتی درس گاہ بھی ہے۔ درسی تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر تربیتی پروگرامز تشکیل دیے جاتے ہیں۔ جن میں خطبات جمعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بنیادی اہمیت کے حامل ہیں۔ تمام طلبہ جمعۃ المبارک کو براہِ راست خطبہ سواحیلی زبان میں سنتے ہیں اور ہر ہفتہ کو بعد نماز مغرب و عشاء اردو زبان میں خطبہ سنتے ہیں۔ دیگر پروگرامز میں دُروس، جلسہ جات، ٹیوٹوریل سیشن ، تربیتی مجالس اور لیکچرز شامل ہیں۔

تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیاں بھی جامعہ کی روزمرہ کی روٹین کا حصہ ہیں۔ بعد نماز عصر کھیل کا وقت مختص ہے۔ امسال سالانہ ورزشی مقابلہ جات مورخہ ۲ اور ۳ نومبر ۲۰۲۲ء کو کروائے گئے جن میں ۶ اجتماعی مقابلہ جات اور۱۱ انفرادی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اسی طرح اساتذہ و طلبہ کی سیر و تفریح کے لیے SUA یونیورسٹی موروگورو میں جامعہ کی پکنک ہوئی جس میں ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے مبلغین کرام نے بھی شرکت کی۔ امسال جامعہ احمدیہ کے سٹاف میں ایک استاد کا اضافہ ہوا۔

علمی مقابلہ جات بھی جامعہ کی روٹین کا حصہ ہیں۔امسال ۱۱ علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔

مالی قربانی کے میدان میں بھی جامعہ کو حصہ لینے کا موقع ملا۔ جامعہ نے اپنا سالانہ بجٹ (جولائی ۲۰۲۱ء تا جون ۲۰۲۲ء) مکمل کیا۔ نیز وعدہ جات تحریک جدید اور وقف جدید کو بھی مکمل کیا۔الحمد للہ۔

شعبہ تبلیغ میں جامعہ بھر پور حصہ لیتا ہے۔ امسال جامعہ نے ۴۱تبلیغ ڈے منائے، SABA SABA نامی اتوار بازار میں۲۶ مرتبہ بک سٹال لگائے۔ اسی طرح رمضان کے بابرکت مہینے میں روزانہ کی بنیادپر تدریس کے بعد تبلیغ کا پروگرام بنایا گیا جس میں طلبہ موروگورو شہر کے قریب مختلف علاقوں میں جا کر جماعت کا پیغام پہنچاتے اور کتب فروخت کرتے۔ اسی طرح ماہِ اگست میں NANE NANE کے مقام پر لگاتار ۹ دن جماعتی بک سٹال بھی لگا یا گیا۔

ان تمام سرگرمیوں سے تقریباً ۵ ہزار جماعتی کتب فروخت ہوئیں جن کی کل مالیت ۶,۳۴۲,۷۰۰/- تنزانین شلنگ ہے۔ ان کتب میں ۳۹سواحیلی ترجمۃ القرآن بھی شامل ہیں۔نیز ۱۵۰۰۰ سے زائد پمفلٹس تقسیم کیے گئےاور مجموعی طور پر ۲۶۰۰۰ سے زائد احباب تک جماعت کا پیغام پہنچا۔

وقار عمل کے شعبہ میں بھی جامعہ کو خدمت کی توفیق ملی۔ جامعہ کے ماحول کی صفائی، راستوں کو صاف رکھنا، غیر ضروری جڑی بوٹیوں کو تلف کرنا اور سکول اور مسجد سے منسلکہ احاطہ کی صفائی وغیرہ شامل ہے۔ اسی طرح سیکنڈری سکول کی تعمیر میں بھی طلبہ جامعہ نے وقار عمل کرکے معاونت کی۔ امسال ۱۷۰ وقار عمل سے اندازاً ۴ ملین شلنگ کی بچت ہوئی۔ نیز زراعت کی مد میں ۱۲ لاکھ شلنگ سے زائد رقم کی بچت ہوئی۔

خدمت خلق کے شعبہ میں جامعہ نے بھی اپنی استطاعت کے مطابق حصہ ڈالا۔ سولر واٹر پمپ کے ذریعے اہل علاقہ پانی کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔امسال عید الفطر کے موقع پر جامعہ کو ۱۱۰ گھرانوں میں راشن تقسیم کرنے کا موقع ملا۔

عیدالاضحی کے موقعہ پر بھی جامعہ میں ۲۳ بکرے اور ایک گائے، خدا کی راہ میں قربان کی گئی۔قربانی کے گوشت کے تقریباً ۱۸۰ تحائف تقسیم کیے گئے۔ جن میں اہل علاقہ،سٹاف و کارکنان جامعہ، غرباء و مساکین اور بعض سرکاری و غیر سرکاری محکمہ جات کے سربراہان اور ان کا سٹاف شامل ہیں۔

جامعہ کی انتظامیہ، قریب ہی قائم احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول میں بھی خدمت بجا لاتی ہے۔ امسال احمدیہ سکول کی جماعت ہفتم کارزلٹ بہت اچھا رہا۔ کل ۲۲ طلبہ نے امتحان میں حصہ لیا۔ ان میں سے ۴ کا (A)گریڈ اور ۱۸ کا (B)گریڈ آیا۔ یہ دوسری کلاس ہےجو اس سکول سے پاس ہوئی ہے۔

اسی طرح اساتذہ و طلبہ جامعہ کو MTA تنزانیہ کے Amri Abedi سٹوڈیو میں مختلف پروگراموں کی تیاری کے سلسلے میں ریکارڈنگ کروانے کابھی موقع ملا۔ نیز جامعہ کو ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے مبلغین کرام کی میٹنگ کی میزبانی کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔

امسال جامعہ کے احاطہ میں واقع ’’مسجد مسرور‘‘کی رینوویشن کا کام ہوا۔ مسجد میں نیا پینٹ کیا گیااور نیا قالین بھی بچھایا گیا۔ مسجد کی طرف جانے والے راستے کے دونوں اطراف ROAD EDGESلگائے گئے اور ان پر رنگ و روغن کیا گیا۔جامعہ احمدیہ کی نئی لائبریری بھی تعمیر ہوئی۔سپرنٹنڈنٹ ہوسٹل کے لیے نیا دفتر تعمیر ہوا۔میس و دیگر ضروریات کے لیے ۱۶ میز اور ۱۰۰ کرسیوں کا اضافہ ہوا۔جامعہ کے احاطہ میں واقع ایک مشن ہاؤس کی رینوویشن کی گئی اوراس میں ایک نئے کمرے کا اضافہ کیا گیا۔اسی طرح ایک اور مشن ہاؤس میں رنگ و روغن بھی کیا گیا۔ جامعہ کے لان میں نئی سولر لائٹس لگائی گئیں۔

احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول میں ایک وسیع ’’مسرور ہال ‘‘کا افتتاح بھی ہوا۔ جامعہ اور سکول کے احاطہ میں سڑک کے دونوں اطراف ۷۰سےزائد ناریل کے پودے بھی لگائے گئے۔ اسی سکول کے احاطہ میں امسال احمدیہ سیکنڈری سکول کی تعمیر کا آغاز ہوا۔جس میں پہلے مرحلہ میں ۱۰ کمروں کی تعمیر پر کام شروع ہوا۔

دورانِ سال جامعہ احمدیہ کے نصاب پر نظر ثانی کی گئی اور تمام اساتذہ کے مشورہ سے ہر مضمون میں درسی کتب کا اضافہ کیا گیایہ نصاب جنوری ۲۰۲۳ء سے نافذ العمل ہوگا۔

جلسہ سالانہ تنزانیہ ۲۰۲۲ء کےموقعہ پر انتظامیہ جامعہ کو نمائش کی تیاری کا کام سونپا گیا۔ اساتذہ جامعہ نے محنت اور لگن سے اس نمائش کو تیار کیا۔اس نمائش میں پہلی مرتبہ ایک حصہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے متعلق مختلف اُمور اور شعبہ جات کا تعارف کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ اس حصہ کو بھی زائرین نے بہت پسند کیا۔

گریجوایشن کی اس تقریب میں ڈاکٹر فضل الرحمٰن صاحب (انچارج احمدیہ پولی کلینک موروگورو)، مکرم کریم الدین شمس صاحب (ریجنل مشنری) اور دیگر معز ز مہمانان نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں محترم عابد محمود بھٹی صاحب (پرنسپل جامعہ) نے اظہار تشکر کیا اور مکرم مہمانِ خصوصی صاحب نے دعا کروائی۔ اس تقریب کا اہتمام بعد از نماز مغرب و عشاء جامعہ کے ہال میں کیا گیا۔ طلبہ جامعہ نے خصوصی وقارعمل کرکے تزئین و آرائش اور تیاری سٹیج وغیرہ امور سر انجام دیے۔ تقریب کے اختتام کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سےدعا ہے کہ وہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو اپنے خاص فضلوں سے نوازے اور اس ادارے سے فارغ التحصیل ہوکر میدان عمل میں خدمت بجا لانے والوں کو حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی توقعات پر کما حقہ پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button