افریقہ (رپورٹس)

زیمبیا کے مشرقی صوبے کے ڈسٹرکٹ پیٹوکے میں تیسرے سکول کا سنگ بنیاد

(طاہر احمد سیفی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل زیمبیا)

جماعت احمدیہ کا شمار خدمتِ انسانیت میں نہ صرف صف اول میں ہوتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک میں ہر معاشرے کے بچوں کی دینی و دنیاوی تعلیم کی طرف بھی خاص توجہ دیتی ہے۔ اس کی تازہ مثال تمام دنیا میں مجلس نصرت جہاں سکیم اور ہیومینٹی فرسٹ کے تحت مختلف براعظموں میں ہسپتالوں، کلینکس، سکولوں اور ٹیکنیکل اداروں کا قیام ہے۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جنوری ۲۰۲۰ء میں زیمبیا کے مشرقی صوبے کے ’’پٹیوکے شہر‘‘ میں نیپانڈے روڈ پر ۲.۸؍ایکڑ قطعہ زمین حاصل کیا گیا تاکہ اس پر سیکنڈری سکول تعمیر کرکے اہل علاقہ کے بچوں کو دینی و دنیاوی علم کے زیور سے آراستہ کیا جا سکے۔ حضور انور ایدہ اللہ نے ازراہ شفقت ہماری درخواست کو منظور فرماتے ہوئے سکول تعمیر کرنے کی اجازت مرحمت فرمائی تھی۔

چنانچہ مورخہ ۲۵؍نومبر۲۰۲۲ء کو پیٹوکے شہر میں پہلے اور زیمبیا میں تیسرے سیکنڈری سکول کی بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔ اس تقریب میں ڈسٹرکٹ کمشنر کے نمائندےاور محکمہ تعلیم کے ضلعی سربراہ کے علاوہ ۲۵ سے زائد گورنمنٹ آفیشلز نے شرکت کی۔

اس تقریب کا باقاعدہ آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے کیا گیا۔ اس کے بعد خاکسار نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جماعت کی انسانیت کے لیے خدمات کے بارے میں ان کو بتایا جس کے بعد تمام مہمانوں نے باری باری اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اورجماعت کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ جماعت کی اس کاوش کو بہت زیادہ سراہا۔ پروگرام کے آخر پر مہمان خصوصی اور دوسرے نمائندگان کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی معرکۂ آراکتاب اسلامی اصول کی فلاسفی اور حضور انور ایدہُ اللہ کے خطوط و خطبات پر مبنی کتاب World Crisis and the Pathway to Peace تحفةً دی گئی۔

(طاہر احمد سیفی۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل زیمبیا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button