متفرق

موسم سرما (قسط دوم۔ آخری)

(اُم رامین۔ جرمنی)

مناسب کپڑوں کا انتخاب

سردی سے بچنے کے لیے گرم کپڑوں کا انتخاب کرنا چاہیے جس میں سر کو اچھی طرح ڈھانپنا، جرابیںپہننا اور زیادہ سردی کی صورت میںجب باہر جائیں تو منہ پر ماسک اور دستانے بھی پہننے چاہئیں۔

مناسب غذا کا انتخاب

مناسب اور متوازن غذاایسے غذائی اجزا پر مشتمل ہوتی ہے جو ہمارے بدن کی بنیادی اور لازمی ضرورت ہو تے ہیں چنانچہ موسم کی مناسبت سے پید ا ہونےوالے پھل اور سبزیوں کا استعمال لازمی کر نا چاہیےکیونکہ موسمی پھل اور سبزیاں قدرتی طورپر ہمارے لیے مفید ہو تی ہیں۔

اس کے علاوہ کیک، پیسٹری،برگرزکی بجائے جس حد تک ممکن ہو ہمیں اپنی روزمرہ غذا میں گوشت، فش، دالوں، تازہ سبزیوں، تازہ پھلوں،خشک میوہ جات اورانڈوں کوشامل کرنا چاہیے، ان کے استعمال سے ہم بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

خاتون خانہ اپنے گھر کے افراد کی صحت کی بھی ذمہ دار ہوتی ہے وہ کفایت شعاری سے اپنے بجٹ کے حساب سے پورے ہفتے کا پلان بنا کرمتوازن اور مناسب غذا کا انتخاب کرکےاس بات کاخیال رکھ سکتی ہے۔کیونکہ یہ بات ضروری نہیں کہ ہم کتنا کھا رہے ہیں بلکہ اہم تو یہ ہے کہ ہم کیا کھا رہے ہیں۔ بلکہ انسانی جسم کی نشو و نما اور طبعی تبدیلیوں کا انحصار خوراک پر ہوتا ہے۔ اگر ہم اپنی جسمانی ضروریات اور صحت کے مطابق روزانہ غذا کا استعمال کرتے ہیں تو کافی حد تک امراض کے حملوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

پانی کا استعمال

موسمِ سرما میں پیاس کم لگتی ہے جس کی وجہ سے پانی کم پیاجاتا ہے۔ ضروری ہے کہ روزانہ زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے۔گاجر کم قیمت اور اپنے فوائد کے لحاظ سے بے مثال سبزی ہے۔ ہفتے میں ایک دو مرتبہ اس کا جوس بھی مفید ہوتا ہے۔اگر موافق ہو تو مالٹے اور لیموں کا ملانا مفید ہونے کے ساتھ ساتھ وٹامن سی کی ضرورت کو پورا کرتا ہے اور سردیوں میں نزلہ زکام سے بچاتا ہے۔اسی طرح شہد بھی اللہ تعالیٰ کی بے حد مفید نعمت ہے۔ سردی میں گرم پانی یا گرم دودھ میں اس کا استعمال بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتا ہے۔اور خطرناک امراض کے حملہ سے بچاتاہے۔

اس کے علاوہ شام کے وقت دارچینی،ادرک کا قہوہ، اس میں اجوائن بھی شامل کرسکتے ہیں،وبائی نزلہ زکام سے بچاتا ہے۔دار چینی کو دودھ میں ابال کر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ ان میں سے اکثر چیزیں نہایت گرم ہیں اس لیے اعتدال سے استعمال کیا جائے۔

ورزش

سردیوں میں خود کو صحت مند اور توانا رکھنے کے لیےورزش کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔روزانہ ورزش سے ہمارے جسم میں موجود زیادہ کیلوریز کم ہوتی ہیں۔روزانہ تازہ ہوا میں سیرکھانسی زکام سے محفوظ رکھنے میںمعاون ثابت ہوتی ہے۔ہلکا پھلکا یوگا بھی اس حوالے سے مفید ہوسکتا ہے۔

نیند پوری کریں

سردیوں میں خود کو صحت مند اور توانا رکھنے کے لیےہمیں اپنی نیند پوری کرنی چاہیے۔وقت پر سونا اور صبح وقت پر اٹھنا بھی ایک فطری عمل ہےجس کو اپنا کرجلد بیمار ہونے سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

یہ تو تھے وہ قدرتی اقدامات جن پرحتی المقدور عمل کرنے سے انسان بفضل تعالیٰ موسمی امراض سے محفوظ رہ سکتا ہے۔

لیکن اگرپھر بھی بیماری کبھی تھوڑا بہت حملہ کردے تو یہ بھی ایک قدرتی عمل اور انسانی زندگی کا حصہ ہے۔ تو اللہ سے مدد مانگتے ہوئے بغیر گھبرائے مکمل آرام کرتے ہوئے چند باتوں کا خیال رکھتے ہوئے ہم بیماری سے جلد نجات حاصل کرسکتے ہیں۔مثلاً بیمار ہونے کی صورت میں ہمیں زیادہ سے زیادہ پانی پینا چاہیے جس میں سبز چائے، گرم قہوہ ،چوزے کی یخنی وغیرہ بھی پانی کی کمی پوری کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔بچوں کو بھی چمچ کے ذریعے دیے جاسکتے ہیں۔

بیماری کے دوران ہلکی غذا مثلاً کھچڑی اور د لیے کااستعمال کرنا مناسب ہو گا۔اس کے علاوہ پھلوں کا جوس بھی مفید ہوتاہے۔

اپنا بہت سا خیال رکھیں اور اللہ کے پیدا کردہ ہر خوبصورت موسم سے لطف اندوز ہوں ۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحت وتندرستی سے رکھے ۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button