ایشیا (رپورٹس)

پہلا نیشنل اجتماع واقفینِ نو ملائیشیا ۲۰۲۲ء

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اور پیارے حضورِ انور ایدہ اللہ بنصرہِ العزیز کی دُعائوں سے جماعت احمدیہ ملائیشیا کو اپنا پہلا سالانہ نیشنل اجتماع واقفینِ نو 12 و 13؍نومبر 2022ء بروز ہفتہ و اتوار احمدیہ مشن ہائوس بیت السلام میں نہایت کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

اجتما ع کی تیاریوں سے قبل حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کی خدمت اقدس میں دُعائیہ خط بھجوایا گیا اور مکرم امیر صا حب ملائیشیا سے اجتما ع کی منظوری لی گئی۔ ایک ماہ قبل ہی نگران اعلیٰ اور تمام ناظمین کی ٹیم مقرر کرنے کے بعد اجتماع کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا اور تمام ناظمین کی وقتاً فوقتاًکل تین میٹنگز میں اجتماع کی تیاریوں سے متعلقہ لائحہ عمل کے ذریعہ تمام پروگرامز کو حتمی شکل دی گئی ۔

اجتماع میں شامل ہونے والے واقفین نو بچوں کی رجسٹریشن کے لیے سیکرٹریان حلقہ جات سے آن لائن ڈیٹامنگوایا گیا جس میں شاملین واقفین نو کی عُمر کی حد 7 تا 25 سال رکھی گئی۔ تمام سیکرٹریان کے ذریعے واقفین نو بچوں تک پروگرام اور نصاب پہنچایا گیا اور گا ہے بگا ہے یا د ہانی بھی کروائی گئی۔ الحمد للہ تمام سیکرٹریان نے اپنے بھر پور تعاون سے تمام واقفین نو بچوں کو اس اجتماع میں شامل کروایا۔

اس اجتماع میں شامل ہونے والے واقفین نو کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا جن میں محمود، ناصر، طاہر اور مسرور گروپس شامل ہیں۔ ان گروپس کے مابین مقابلہ جات کروائے گئے۔ ہر گروپ میں 7 تا 25 سال کی عُمر کے واقفین نو شامل تھے۔

مورخہ 11؍نومبر 2022ء اجتماع کے لیے مہمانوں کی آمدکا سلسلہ شروع ہو گیا۔ شام سات بجے نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔ پھر نو بجے تمام واقفین نو بچوں اور دیگر مہمانوں نے حضور انورِ ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کا لائیو خطبہ جمعہ اجتماعی صُورت میں سنا۔ خطبہ جمعہ کے بعد تمام واقفین نو سے مقابلہ سوال و جواب کی صورت میں جائزہ بھی لیا گیا۔

اجتماع کا پہلا روز

اجتماع کے پہلے روز 12؍نومبر بروز ہفتہ دن کا آغاز صبح پانچ بجے نماز تہجد سے کیا گیا جس کے بعد مکرم عین الیقین صاحب مشنری انچارج ملائیشیا نے نماز فجر پڑھائی اور درس دیا جس میں آپ نے تمام واقفین نو بچوں کو اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط کرنے، نمازوں کی ادائیگی کرنے اور وقف نو کی دیگر ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلا ئی۔ بعد ازاں ناشتہ پیش کیا گیا۔

افتتاحی اجلاس

اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا آغاز صبح نو بجے ہوا جس کی صدارت مکرم مشنری انچارج صا حب ملا ئیشیا نے کی۔ تقریب میں تلاوت، نظم اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کا بیا ن فرمودہ پیغام برائے واقفینِ نو پڑھ کر سُنایا گیا جس کے بعد مکرم مشنری انچارج صاحب نے دُعائیہ کلمات کے بعد دُعا کروائی۔

علمی مقابلہ جات

اجتماع کے پہلے روز تمام علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں مقابلہ تلاوت، نظم، تقریر، کوئز، پیغام رسانی اور امتحان نصاب وقف نو شامل تھے۔

علمی مقابلہ جات دو حصوں میں کروائے گئے۔ مقابلہ تلاوت، نظم اور تقریر دوپہر کے کھانے کے وقفہ سے پہلے منعقد ہوئے۔ دوپہر بارہ بجے کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد نماز ظہر و عصر کی ادائیگی ہوئی۔

بعد ازاں پیغام رسانی، امتحان اور کوئز کے مقابلہ جا ت کروائے گئے۔ تمام علمی مقابلہ جات عُمر کے مطابق کروائے گئے۔شام سات بجے نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی ہوئی جس کے بعد شام کا کھانا پیش کیا گیا۔

رات نو بجے تمام واقفین نو بچوں کا مستقبل میں تعلیم کے حوالہ سےایک دلچسپ پروگرام رکھا گیا جس کو بذریعہ سلائیڈ شو دکھایا گیا۔ اس کے بعد تمام واقفین نو بچوں نے پیارے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دُعائیہ خطوط لکھے۔ اسی طرح 15سال سے اُوپر عمر کے واقفین نو بچوں سے تجدید فارم پُر کروائے گئے۔ اس دن کے پروگرامز کا اختتام رات دس بجے ہوا۔

اجتماع کا دوسرا روز

اجتماع کے دوسرے روز 13؍نومبر بروز اتوار کا آغاز صبح پانچ بجے نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد نماز فجر ادا کی گئی اور درس مکرم نیشنل سیکر ٹری وقفِ نو نے دیا جس میں آپ نے تمام واقفین نو بچوں کی تربیت کے حوالہ سے نصائح کیں۔ پھر ناشتہ کرایا گیا۔

ورزشی مقابلہ جات

ساڑھے آٹھ بجے تمام واقفین نو کو مشن ہائوس کے قریب ایک گرائونڈ میں بذریعہ ٹرانسپورٹ لے جایا گیا جہاںنو (۹)بجے کھیلوں کا آغاز کیا گیا جن میں مقابلہ چیلنج، نشانہ بازی، زورآزمائی، میوزیکل چیئر اور سیک جمپنگ شامل تھے۔ تمام مقابلہ جا ت عُمر کے مطابق کروائے گئے۔

دوپہر بارہ بجے تمام بچوں کو گرائونڈ سے واپس بیت السلام مشن ہائوس پہنچایا گیا۔ ڈیڑھ بجے نماز ظہر و عصر کی ادائیگی ہوئی اور دوپہر کا کھانا کھلایا گیا۔

اختتامی اجلاس

دوپہر دو بجے اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم نائب امیر صاحب ملائیشیا نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد نیشنل سیکرٹری صاحب وقف نو نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی جس میں اجتماع کی تیاریوں سے لےکر تمام پروگرامز کی کارکردگی بیان کی گئی۔ بعد ازاں مکرم مشنری انچارج صا حب ملائیشیا نے اپنی تقریر میں تمام واقفین نو کو عبادات کی ادائیگی اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد مقابلہ جات میں اعزاز حاصل کرنے والے واقفین نومیں انعامات تقسیم ہوئے۔

تقریب کے آخر پر مکرم نائب امیر صاحب نے دُعائیہ کلمات کے بعد دُعا کروائی۔ یوں نیشنل اجتماع وقف نو 2022ء اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے 16 حلقہ جا ت سے 160 واقفین نو شامل ہوئےجبکہ اجتماع پر مجموعی حاضری 213 تھی جن میں سیکرٹریان اور دیگر مہمان بھی شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سےاب تک ملائیشیا میں آن لائن رجسٹرڈ واقفین نو لڑکوں اور لڑکیوں کی تعداد 542 ہے۔

اللہ تعالیٰ کر ے کہ یہ سلسلہ ہمیشہ قائم رہے اور تمام واقفین نو اس اجتماع کی بدولت اپنے اندر روحانی تبدیلیاں پیدا کرتے ہوئے جما عت احمدیہ کے انمول خادم بن کر مستقبل میں اسلا م احمدیت کے بہترین مدد گا ر ثابت ہوں۔ آمین

(رپورٹ : شعبہ وقف نو ملائیشیا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button