یورپ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع واقفینِ نو فن لینڈ ۲۰۲۲ء

(فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فن لینڈ)

الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو ۱۷ و ۱۸؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو وقف نو اجتماع منعقدکرنے کی توفیق ملی۔ واقفین نو کا یہ ساتواں سالانہ اجتماع اور واقفات نو فن لینڈ کا یہ چھٹا سالانہ اجتماع تھا۔

یہ اجتماعات فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں جماعت کے نماز سنٹر میں منعقد ہوئے۔

اجتماع کے پہلے روز نماز تہجد ادا کی گئی۔ اجتماع کی افتتاحی تقریب کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد خاکسار (نیشنل سیکرٹری وقف نو) نے واقفین نو کو خوش آمدید کہا اور اجتماع کے دو دن کے پروگرام کے بارے میں بتایا۔ اس کے بعد مکرم حافظ عطاءالغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے افتتاحی تقریر میں واقفین نو کو حضور انورایدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح کی روشنی میں ان کی ذمہ داریوں اور تربیتی امور سے متعلق آگاہ کیا۔ اس کے بعدصبح دس بجے نماز سنٹر میں دونوں اجتماع ہالز میں واقفین اور واقفات نو کے علمی مقابلہ جات ہوئے۔ واقفین نو کے علمی مقابلہ جات کے لیے عمروں کے حساب سے چار نصاب تیار کیے گئے تھے۔ نیز واقفین نو اور واقفات نو کے چار گروپس بنائے گئے۔ علمی مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت قرآن مجید، نظم، تقریر فی البدیہ اور دینی معلومات کے مقابلے شامل تھے۔ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ فن لینڈ کی زیر نگرانی واقفات نو کے علمی مقابلہ جات ہوئے۔ اس میں چھوٹی عمر کے واقفین نو بچوں نے بھی بہت جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ایک بجے نماز ظہر اور عصر ادا کی گئیں پھرکھانا پیش کیا گیا۔

اس کے بعد ڈھائی بجے لجنہ ہال میں پندرہ سال سے زائد عمر کی واقفات نو کے علمی مقابلہ جات اور چھوٹی عمر کی واقفات نو کے ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ اس دوران واقفین نو بچوں اور بڑوں کے ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔

پانچ بجے واقفین نو کے والدین کا سیشن ہوا جس میں مبلغ سلسلہ جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم مصور احمد شاہکار صاحب نے والدین کی ذمہ داریوں پر تقریر کی، انہوں نے حضور انور ایدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح کی روشنی میں والدین کو بتایا کہ والدین کو وقف نو کی تربیت شروع سے ہی ایسی کرنی چاہیے کہ بچے کے ذہن میں بیٹھ جائے کہ میں وقف نو ہوں اور جو کچھ میرا ہے وہ جماعت کا ہے تو پھر صحیح وقف کی روح کے ساتھ یہ بچے کام کر سکیں گے اور والدین کا اپنا نمونہ بچوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس کے بعد پہلے روز مقابلوں میں پوزیشن لینے والے واقفین نو اور واقفات نو کو انعامات دیے گئے۔ چھ بجے رات کا کھانا ہوا۔ اس کے بعد نماز مغرب اور عشاء ادا کی گئیں۔ سات بجے بڑی عمر کے واقفین نو لڑکے سپورٹس ہال گئے جہاں پر بیڈمنٹن اور والی بال کے مقابلہ جات ہوئے۔

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ واقفین نو لڑکوں کے علمی مقابلہ جات ہوئے اور واقفات نو لجنہ اماء اللہ کے سپورٹس ہال میں ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ ایک بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ اس کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے بعد ڈھائی بجے اجتماع کی اختتامی تقریب کا آغاز ہوا، جس میں نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ فن لینڈ نے وقف نو کی ذمہ داریاں پر تقریر کی اور اجتماع کمیٹی میں کام کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد مقابلوں میں پوزیشن لینے والے پندرہ سال سے زائد عمر کے واقفین کو انعامات دیے گئے۔ صدر صاحب نے اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ ہی ساتواں سالانہ وقف نو اجتماع فن لینڈ خدا تعالیٰ کے فضل سےاپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدلله

واقفین نو اور ان کے والدین سمیت کُل 115 افرادنے وقف نو اجتماع فن لینڈ میں شرکت کی۔

(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button