حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… سویڈن کی حکومت نے ملک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مرتکب افراد کے اس فعل کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ سویڈش سفارت خانے کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتہا پسندوں کا یہ عمل کسی بھی طرح سویڈن کی حکومت کی رائے کی عکاسی نہیں کرتا۔ واضح رہے کہ سویڈن میں کچھ روز قبل اسلامو فوبیا کے شکار انتہاپسندوں کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی کا مذموم واقعہ پیش آیا تھا۔

٭…افغانستان میں وزارت ہائر ایجوکیشن نے نجی یونیورسٹیز کو حکم نامہ جاری کیا ہے کہ طالبات کو داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کی اجازت نہ دی جائے۔ وزارت کی طرف سے جاری کردہ خط میں ملک کے شمالی صوبوں بشمول کابل کےلیے حکم جاری کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ جو تعلیمی ادارے قواعد کی پابندی نہیں کریں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ وزارت ہائر ایجوکیشن نے دسمبر میں یونیورسٹیز کوحکم دیا تھا کہ طالبات کو کلاس روم میں نہ بیٹھنے دیا جائے۔ چند دن بعد افغان انتظامیہ نے این جی اوز میں کام کرنے والی خواتین کو کام سے روک دیا جبکہ لڑکیوں کے زیادہ تر اسکول حکام نے بند کر دیے ہیں۔

٭…یورپین یونین کی اسائلم کے لیے قائم ایجنسی (EUAA) نے افغانستان کی صورت حال کا مشترکہ جائزہ شائع کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ طالبان کی حکومت میں خواتین اور لڑکیوں کو ظلم و ستم کا خطرہ لاحق ہے۔اس جائزے کی روشنی میں جو کنٹری گائیڈنس جاری کی گئی ہے اس کے تحت افغان خواتین کو یورپ میں پناہ گزین کی حیثیت کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ اسی جائزے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ طالبان کے بعد صرف نومبر ۲۰۲۲ء میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے ۱۴۹۰۰؍ افراد نے اسائلم کے لیے اپیل جمع کروائی۔

٭…برطانیہ نے سائمن والٹرز کو اسرائیل میں نئے سفیر کےلیے منتخب کرلیا، موجودہ سفیر نیل ویگان کو دوسرے ملک تعینات کیا جائے گا۔ نیل ویگان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے (اور تھوڑا سا دکھ ہے) کہ سائمن والٹرز رواں موسم گرما کے دوران اسرائیل میں میری جگہ برطانوی سفیر کا عہدہ سنبھالیں گے۔انہوں نے ازراہ تفنن کہا کہ مجھے سائمن کی بہتر عبرانی سے جلن ہے۔ویگان پچھلے چار برس سے اسرائیل میں برطانوی سفیر تھے۔ سائمن والٹرز یہ کردار ادا کرنے کےلیے پہلے سے ہی عبرانی زبان سیکھ رہے تھے۔سائمن والٹرز رواں برس اگست میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

٭…امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن کی طرف سے منظور کردہ فوجی کارروائی کے دوران صومالیہ میں داعش کا اہم راہنما بلال السوڈانی مارا گیا۔ امریکہ کے فوجی دستے شمالی صومالیہ کے پہاڑ میں واقع غار پر داعش راہنما کو گرفتار کرنے کےلیے گئے تھے جہاں بلال السوڈانی اپنے دس ساتھیوں سمیت فائرنگ کے نتیجے میں مارا گیا۔ سیکرٹری دفاع لائڈ آسٹن نے بیان میں کہا کہ صدر سے حکم ملنے کے بعد ۲۵؍جنوری کو امریکی فوج نے شمالی صومالیہ میں ایک کارروائی کی۔ کارروائی کے نتیجے میں متعدد داعش جنگجو بشمول بلال السوڈانی مارے گئے۔بلال افریقہ میں داعش کی بڑھتی موجودگی اور دنیا بھر بشمول افغانستان میں تنظیم کے آپریشنز کےلیے مالی معاونت کا ذمہ دار تھا۔

٭…نیویارک میں اپیلنٹ عدالت کے باہر پاکستانی نژاد مجسمہ ساز شازیہ سکندر کا تیار کردہ ایک خاتون جج کا مجسمہ لگا دیا گیا ہے۔پاکستانی نژاد مجسمہ ساز شازیہ سکندر کا کہنا ہے کہ یہ ۸؍فٹ لمبا مجسمہ مزاحمت کی فوری ضرورت کی علامت ہے۔ گلابی رنگ کے کنول کے پھول سے اُبھرتے ہوئے اس سنہرے رنگ کے مجسمے نے جسٹس روتھ گنزبرگ کا مشہور لیس کالر پہن رکھا ہے۔اس مجسمے کا نام ’’ناؤ‘‘(Now)ہے، یہ ایک ایسے وقت پر بنایا گیا ہے جب امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے خواتین کے تولیدی حقوق خطرے میں ڈال دیے گئے ہیں۔۲۰۲۰ء میں جسٹس روتھ گنز برگ کے انتقال کے بعد سے خواتین کے حق میں قانون سازی کو بہت بڑا جھٹکا لگا۔ واضح رہے کہ جس جگہ یہ مجسمہ نصب کیا گیا ہے وہاں پر کبھی زرتشت اور کنفیوشس جیسے بڑے بڑے قانون سازوں کے مجسمے لگائے گئے تھے۔

٭…بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے بنائی گئی برطانوی نشریاتی ادارے کی دستاویزی فلم دکھانے پر پابندی اور اسے روکنے کے خلاف امریکہ کا بیان سامنے آگیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی دو حصوں پر مشتمل دستاویزی فلم (India: The Modi Question) میں ۲۰۰۲ء میں ہونے والے گجرات فسادات میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ اور موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کے کردار پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ دستاویزی فلم کو بھارتی حکومت نے پراپیگنڈا قرار دیتے ہوئے اس کی سٹریمنگ کے ساتھ ساتھ اس کے شیئر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا بھارت میں کیے گئے اس اقدام پر کہنا ہے کہ ہم دنیا میں آزاد صحافت کی حمایت کرتے ہیں اور جمہوریت کو مضبوط کرنے والے اصول آزادی اظہار اور مذہب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ یہ بات ہم بھارت سمیت پوری دنیا میں کرتے ہیں۔

٭…یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فورسز نے یوکرین میں مختلف مقامات پر تیس سے زائد میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔ میزائل حملوں میں کیف کے ضلع گولو سیوسکی میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ روسی میزائل حملوں میں جنوبی ریجن اوڈیسا میں توانائی کی دو سہولیات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔یوکرینی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فورسز کے فائر کیے گئے تیس سے زائد میزائلوں میں سے۱۵؍کو یوکرین کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔اس کے علاوہ روسی فورسز کے فائر کیے گئے ۲۴؍ایرانی ساختہ ڈرونز ملک کے جنوبی حصے میں مار گرائے گئے ہیں۔یوکرین کے دارالحکومت کیف میں بھی میزائل حملہ کیا گیا، کیف کے میئر نے شہریوں کو پناہ گاہوں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، روسی بمبار طیاروں نے روس کے شمالی ریجن مرمانسک سے میزائل حملے کیے۔

٭…سری لنکن صدر رانیل وکرم سنگھے نے ۸؍فروری تک پارلیمنٹ کو معطل کر دیا، اقلیتی تامل برادری کو اقتدار میں شراکت دار بنانے کی پالیسی تیار کرلی گئی۔ صدر وکرما سنگھے متعدد معاملات پر طویل مدتی پالیسیز کا اعلان کریں گے، تب تک کےلیے پارلیمنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔پالیسیز میں مہینوں سے جاری غیر معمولی معاشی بحران کے متعلق بھی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ صدر وکرما سنگھے نے غیر معمولی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو معطل کیا۔صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وکرما سنگھے ۸؍فروری کو نئی پالیسیز اور قوانین کا اعلان کریں گے جو ۲۰۴۸ء میں سری لنکا کی صد سالہ یوم آزادی تک نافذ العمل رہیں گے۔یاد رہے کہ سری لنکا دیوالیہ ہوچکا ہے، ملک کا کُل غیر ملکی قرضہ ۵۱؍ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔

٭…عراق کے وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی دورہ فرانس میں صدر عمانوئل میکرون سے سیکیورٹی اور توانائی مسائل پر بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم سوڈانی نے کہا ہے کہ وہ تیل سے مالا مال عراق اور فرانس کے درمیان معاہدوں کو متحرک کرنا چاہتے ہیں۔خاص طور پر ٹرانسپورٹ، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دونوں ممالک کے معاہدوں پر عملی اقدامات کرنے کا خواہاں ہوں۔فرانس کی کمپنی ’ٹوٹل انرجیز‘ نے ۲۰۲۱ءمیں بغداد کے ساتھ ۱۰؍ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا لیکن متعدد منصوبوں پر کام شروع ہونا باقی ہے۔ ان معاہدوں میں تیل اور گیس کی ایسی ریفائنریز تعمیر کرنے کا معاہدہ بھی ہے جس میں بجلی پیدا کرنے کی بھی صلاحیت ہو جبکہ ایک ہزار میگاواٹ کا پاور پلانٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔

٭…پوپ فرانسس نے ہم جنس پرستوں کے خلاف قوانین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جنس پرستی جرم نہیں، اس کے خلاف قوانین غیرمنصفانہ ہیں، گرجا گھروں کو ہم جنس پرستوں کےخلاف قوانین کے خاتمے کےلیے آگے آنا ہوگا۔

٭…کینیڈا میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے خطرے سے نمٹنے کے لیے کینیڈین حکام نے پہلی بار خصوصی نمائندہ برائے اینٹی اسلامو فوبیا کو مقرر کردیا۔کینیڈین حکومت حالیہ برسوں میں ملک میں پے در پے مسلم کمیونٹیز کے ارکان کو نشانہ بنانے کے سلسلہ وار حملوں کے بعد نفرت اور امتیازی سلوک کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اسلاموفوبیا اور امتیازی سلوک کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس لیے اسلاموفوبیا سے مقابلہ کرنے اور بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے پہلی بار خصوصی نمائندے کے طور پر امیرہ الغوابی (Amira Elghawaby) کو مقرر کیا جارہا ہے۔خیال رہے کہ جمعرات کو امیرہ الغوابی نے ٹویٹس کرتے ہوئے ان حالیہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے نام درج کیے اور کہا کہ ’ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہیے‘۔ یاد رہے کہ حملوں کے جواب میں جون ۲۰۲۱ء میں وفاقی حکومت کے زیر اہتمام اسلامو فوبیا پر قومی سربراہی اجلاس کے ذریعے نئی پوزیشن کے قیام کی سفارش کی گئی تھی۔

٭…مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ۷؍افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں ۳؍افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ کرنے والے حملہ آور کو مار دیا گیا ہے۔مقبوضہ بیت المقدس میں جمعے کی عبادات کے دوران یہودی عبادت گاہ پر فائرنگ کی گئی تھی۔

٭…آذربائیجان نے تہران میں سفارت خانے سے جلد سفارتی عملہ واپس بلانے کا اعلان کردیا۔ایران میں آذربائیجان کے سفارت خانے میں فائرنگ کے واقعے کے بعد یہ اعلان سامنے آیا ہے۔دوسری جانب آذربائیجان کے صدر نے ایران میں سفارت خانے پر حملے کو دہشتگردی قرار دے دیا۔ یاد رہے کہ تہران میں آذربائیجان کے سفارت خانے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ۲؍افراد زخمی ہوگئے تھے۔سفارت خانے پر فائرنگ میں ملوث مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

٭…بھارت کی ریاست مدھیا پردیش میں ۲؍لڑاکا طیارے گر کر تباہ ہوگئے جس میں موجود پائلٹس محفوظ رہے۔ دونوں طیاروں کے فضا میں تصادم کی تصدیق کے لیے انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ دونوں طیاروں نے مدھیا پردیش کی گوالیار بیس سے اڑان بھری تھی۔ میراج طیارے میں ایک اور سوکوئی طیارے میں دو پائلٹ موجود تھے۔

٭…پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقوں خاران اور خضدار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ضلع خاران میں جمعہ کی شب ۹ بج کر ۳۷ منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت ۳.۷ اور گہرائی دس کلومیٹر زیر زمین تھی، جبکہ زلزلے کا مرکز خاران سے پچاس کلومیٹر جنوب میں تھا۔ اس سےقبل جمعہ کی دوپہر دس بجکر ۴۲ منٹ پر ضلع خضدار میں ۴.۴ شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا۔ زلزلے کا مرکز خضدار کے جنوب مغرب میں ۸۰؍کلو میٹر دور اور گہرائی ۳۳؍کلومیٹر زیر زمین تھی۔

٭…برطانیہ کے وزیر داخلہ سائمن مرے نے پناہ کے متلاشی دو صد بچوں کے لاپتا ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ سائمن مرے کا کہنا ہے کہ تمام بچے ہوم آفس کے زیرانتظام ہوٹلوں میں رکھے گئے تھے، لاپتا بچوں میں ایک لڑکی اور ۱۶؍سال سے کم عمر ۱۳؍بچے شامل ہیں۔ہوم آفس کے وزیر سائمن مرے نے پیر کو ہاؤس آف لارڈز کو بچوں کے لاپتا ہونے کا بتایا۔ سٹی بلور نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ بچوں کو ہوٹل کے باہر اغوا کرکے کاروں میں لے جایا گیا۔

٭…جاپان کے جنوب مغربی سمندر میں مال بردار جہاز ڈوب گیا جس کے عملے کے ۱۳؍افراد کو بچالیا گیا جبکہ ۹؍کی تلاش تاحال جاری ہے۔ جاپانی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ حادثہ سمندر میں طوفانی ہواؤں کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں مال بردار جہاز ڈوب گیا۔ عملے کے تمام افراد چین اور میانمار کے شہری ہیں۔

٭…روس کی سرحد کے ساتھ منسلک چین کے شمالی شہر موہے میں شدید سرد موسم کا پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ موہے میں درجۂ حرارت منفی۵۳؍سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہاں کڑاکے کی سردی ہے جہاں اتوار کی صبح شدید ترین سرد موسم ریکارڈ کیا گیا۔اس سے قبل اس شہر میں ۱۹۶۹ء میں منفی ۵۲؍ڈگری سینٹی گریڈ تک درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button