امریکہ (رپورٹس)

گیانا میں دوسرے سالانہ جلسہ سیرة النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد

(مقصود احمد منصور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیانا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیانا کو مورخہ ۷؍جنوری ۲۰۲۳ء کو اپنا دوسرا سالانہ جلسہ سیرة النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ الحمدللہ۔ یہ جلسہ گیانا کی نیشنل لائبریری میں منعقد کیا گیا۔ اس کے لیے احباب جماعت، غیر احمدی مسلمان اور غیر مسلم تبلیغی دوستوں کو دعوت نامے دیے گئے۔ سوشل میڈیا پر اشتہار بھی چلایا گیا جس کے ذریعہ ایک لاکھ سے زائد افراد تک پیغام پہنچا۔

اس سال جلسہ پر زیر تعلیم معلم مکرم جاذب سمنر صاحب نے ’’آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کا دنیامیں انقلاب‘‘، زیر تعلیم معلم مکرم مظفر کیوسی مک طئر صاحب نے ’’آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کا صبر و استقلال‘‘ پر اور مکرم فہد پیرزادہ صاحب مبلغ لِنڈن نے ’’آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم مظہر صفاتِ باری تعالیٰ‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔

اس جلسہ میں ۸۵؍کے قریب مردو زن شامل ہوئےجن میں احمدی احباب کے علاوہ، غیر احمدی مسلمان اور غیر مسلم افراد بھی شامل تھے۔ ان میں کچھ اہم شخصیات بھی تھی، جن میں جارج ٹاؤن کے میئر پنڈٹ اوبراج نارائن (Ubraj Narine)صاحب، دوپادری حضرات پاسٹر رانلڈ میگیرل (Ronald McGarrell) صاحب اور پاسٹر وینڈل جیفری (Wendell Jeffrey)صاحب، پولیس سے کانسٹیبل انڈریو سمارٹ(Andrew Smartt) اور این سی این سے ناظم حسین صاحب شامل ہوئے۔

تقاریر کے بعد معزز مہمانوں نے پیغامات پیش کیے اور جماعت کا شکریہ ادا کیا کہ اس پروگرام سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد ایسے تمام افراد جنہوں نے جماعت کی طرف سے آن لائن کورس مکمل کر کے امتحان دیا تھا ان میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ کچھ سرٹیفکیٹس خاکسار نے دیے باقی ماندہ سرٹیفکیٹس جارج ٹاؤن کے میئر پنڈٹ اوبراج نارائن صاحب نے تقسیم کیے۔

شاملین میں تقریباً ۳۰؍کتب مفت تقسیم کی گئیں۔ پروگرام کے بعد مہمانوں کے لیے ظہرانہ کا بھی انتظام تھا جو ایک بچے سجیل احمدآف کینیڈا کا عقیقہ تھا۔

اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے مثبت نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو اپنانے اوردنیا کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا خوبصورت چہرہ دکھانے کی توفیق دے۔ اپنوں اورغیروں کے دلوں میں آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی محبت پیدا ہو۔ آمین

(رپورٹ: مقصود احمد منصور۔ مبلغ انچارج گیانا، ساؤتھ امریکہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button