یورپ (رپورٹس)

نئے سال کے موقع پر مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن کا وقار عمل

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

جماعت احمدیہ کی لمبے عرصے سے یہ روایت چلی آرہی ہے کہ نئے سال کے آغاز کے موقع پر دنیا بھر میں ممبران جماعت صبح سویرے اپنے اپنے شہروں میں صفائی کے لیے نکل پڑتے ہیں۔ یہی روایت سویڈن میں بھی سالوں سے جاری ہے۔ مجلس خدام الاحمدیہ کی جانب سے سویڈن کے پانچ شہروں میں امسال صفائی کی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اطفال اور انصار کو بھی وقار عمل میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ تمام متعلقہ شہروں میں مجلس خدام الاحمدیہ نے مقامی کونسل کے صفائی کے شعبہ سے رابطہ کر کے وقار عمل کے لیے جگہ کا انتخاب کیا۔ حسب روایت امسال بھی نئے سال کے آغاز کے موقع پر سویڈن کی تمام جماعتوں میں نماز تہجد کا انتظام کیا گیا۔ تمام خدا م و اطفال اور انصار نے اپنی مقامی مساجد و مشن ہاؤسز میں نماز تہجد ادا کی۔ نماز فجر کے بعد تمام حاضر ین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔

ناشتے کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت خدام، اطفال اور انصار بڑی تعداد میں اپنے اپنے شہر میں کونسل کی طرف سے دیے گئے علاقوں میں صفائی کی غرض سے روانہ ہوگئے۔ شہر کے لوگ ساری رات نئے سال کا جشن منانے کے بعد تھک کر سو رہے تھے اور باوجود سخت سرد موسم کے، نوجوان اور چھوٹے چھوٹے بچے صفائی کی اس مہم میں شامل ہونے کے لیے سڑکوں پر موجود تھے۔ امسال پانچ مجالس کے ۱۴۹؍ممبران نے وقارعمل میں حصہ لیا۔

مکرم کاشف محمود ورک صاحب (مربی سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ)نے تمام مجالس کی طرف سے متعلقہ شہروں میں میڈیا ہاؤسز کے ساتھ رابطہ کیا۔ اس طرح اللہ کے فضل سے میڈیا میں وقار عمل کی اچھی کوریج رہی۔ امسال سویڈش ٹی وی کے لوکل چینل کے علاوہ مختلف شہروں کے تین بڑے اخبارات نے وقار عمل کی تفصیلی خبر دی اور نوجوانوں کے انٹرویوز بھی چلائے۔

وقار عمل کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی ڈالی گئیں جنہیں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے سراہا نے سراہا اور نوجوانوں کا اس طرح صفائی میں مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اجرعظیم سے نوازے اور ہمیں ہمیشہ پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی اور آپ کی دعاؤں کے زیر سایہ اسلام احمدیت کے پیغام کو پھیلانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button