یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گلاسگو کا سالِ نو پر عشائیہ

(ارشد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گلاسگو)

جماعت احمدیہ سکاٹ لینڈ ریجن کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ یہاں کے مقامی لوگوں کو اسلام احمدیت کا پیغام دینے کا کوئی نہ کوئی موقع ملتا رہے۔ چنانچہ مختلف قسم کے پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا رہتا ہے۔ جماعت احمدیہ گلاسگو پچھلے کئی سالوں سے نئے سال کے عشائیہ کا اہتمام کرتی ہے جس میں مقامی سیاستدان، طلبہ، فلاحی تنظیموں اور پولیس کے نمائندے، دوسرے مذاہب کے راہنما اور ہمسائے بخوشی شامل ہوتے ہیں۔

مورخہ ۱۵؍جنوری ۲۰۲۳ء بروز اتوار تین بجے اس عشائیہ کا اہتمام مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو میں کیا گیا جس میں ۶۵ سے زائد غیر مسلم احباب شامل ہوئے۔ سوشل میڈیا کے استعمال سے ۹۰۰سے زائد سکاٹش لوگوں تک اس پروگرام کی تشہیر ہوئی، الحمدللہ۔اس عشائیہ کا موضوع ’’ذہنی صحت اور مذہب کا کردار‘‘ تھا۔

پروگرام کے انعقاد سے دو ماہ قبل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مختلف احباب جماعت کو ذمہ داریاں دی گئیں جیسے سیاستدانوں، پولیس اورمذہبی راہنماؤں کو دعوت، آڈیو ویڈیو، پریس، سوشل میڈیا، ہال کی تیاری اور کھانے کے انتظامات وغیرہ۔ اس کے لیے پچاس کے قریب احباب جماعت شامل ہوئے۔ پروگرام کے دعوت نامے سوشل میڈیا، ای میل کے علاوہ مسجد کے ہمسایوں میں بھی تقسیم کیے گئے اور اسی طرح دوسرے شاملین کے ساتھ رابطہ کیا گیا اور نئے سال کی مبارک باد کے جماعتی کارڈز بھی دیے گئے۔

مہمانوں کی آمد اور رجسٹریشن کے بعد اُن کی خدمت میں چائے، بسکٹ اور مشروبات پیش کیے گئے اور احباب جماعت مہمانوں کے ساتھ گھل مل گئے جہاں جماعت احمدیہ کا تعارف اور مسجد بیت الرحمٰن کی تاریخ وغیرہ کے متعلق بات چیت ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور انگریزی ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں جماعت احمدیہ عالمگیرکی ایک تعارفی ویڈیو دکھائی گئی جس میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن قائم کرنے کی مساعی کا مختصر تعارف تھاعلاوہ ازیں سکاٹ لینڈ ریجن کی انسانیت کے لیے خدمات کا بھی ذکر ہوا۔

درج ذیل مقررین نے مختصر خطاب کیا اور پروگرام کے موضوع پر مزید روشنی ڈالی:

Kirsten Oswald صاحبہ (MP East Renfrewshire) نے جماعت احمدیہ کی مقامی لوگوں کی خدمت پر تعریف کا اظہار کیا، جس نے مستحق لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے میں اہم کردارادا کیا ہے۔

Paul Sweeney صاحب (MP گلاسگو ریجن)

نے ہر سیاسی پلیٹ فارم پر ان لوگوں کے حق میں آواز اٹھانے کا عہد کیا جو ذہنی صحت کے کسی بھی مسئلے سے متاثر ہیں، خاص طور پر COVID کے وقت کے دوران۔

Colette McDiarmid صاحبہ (Provost Office, East Dunbartonshire) نے کہا کہ سکاٹش معاشرے کو متحرک اور پرامن بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا بہت ضروری ہے جیسا کہ آپ کی جماعت کر رہی ہے۔ میں ایسٹ ڈنبارٹن شائر کے پرووسٹ کی طرف سے نئے سال کا پرتپاک پیغام دینا چاہوں گی جو آج کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔

Elain Weir صاحبہ (Founder of the charity Time & Space) نے ان منصوبوں کے بارے میں بتایا جو ان کی چیریٹی نے جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ احمدیہ مسلم کمیونٹی گلاسگو کے ساتھ کس طرح تعاون کرنے کی منتظر ہیں۔

مکرم ہمایوں جہانگیر خان صاحب (مربی سلسلہ گلاسگو )نے اپنی تقریر میں عالمی ادارہ صحت کی طرف سے شائع کردہ ذہنی صحت کے مفصل مفہوم کوبیان کیا اور بتایا کہ کس طرح اسلام کسی بھی ذہنی مسئلے کا حل قرآن پاک میں پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں تشریف لے جاتے، صحابہ کرام سے ملاقات کرتے اور رات کے وقت بھی عبادت کرتے جس سے آپ ﷺکسی بھی ذہنی صحت کے مسئلہ سے دوچار نہیں ہوئے حتیٰ کہ آپؐ پر عظیم الشان ذمہ داریاں بھی تھیں۔

ڈاکٹرعبدالحئی صاحب (ریجنل امیر) جو ایڈنبرا سے اس پروگرام میں شامل ہونے کے لیے آئے تھے انہوں نے ایک طبی پیشہ ور کے طور پرذہنی صحت اور اس کے مسائل پرمزید روشنی ڈالی، انہوں نے NHS کی شائع کردہ معلومات کی بنیاد پر ذہنی صحت کے مسائل کی حقیقی تصویر اور نتائج کو دکھایا۔ آپ نے کہا کہ کیسے آج کل کی مہنگائی اور کووڈ کی وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ذہنی خلفشارسے بچا جاسکتا ہے۔

ایک دلچسپ سوال وجواب کی نشست ہوئی جس میں مہمانوں نے سوالات کیے اور اس پروگرام اور اس کے موضوع پر اظہار پسندیدگی کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ بہت سے مہمان اور سیاستدان پہلی دفعہ ہماری مسجد میں تشریف لائے تھے اور جماعت کے نظم وضبط اور تعارفی ویڈیو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے۔ جماعت کی ایک دیرینہ دوست اور سابق ممبر آف سکاٹش پارلیمنٹ Linda Fabiani نے اختتامی کلمات کہے اور تمام مہمانوں کا تہ دل سے شکریہ اد اکیا۔ مکرم مربی صاحب گلاسگو نے پروگرام کا اختتام دُعا سے کروایا جس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں نئے سال کی اس تقریب کی مناسبت سے کھانا پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: ارشدمحمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button