یورپ (رپورٹس)

مجالس عاملہ انصار اللہ سویڈن کا دو روزہ ریفریشر کورس

(عطاءالرحمٰن محمود ۔ سویڈن)

مجالس عاملہ انصار اللہ سویڈن کی راہنمائی، مجالس کے کام میں بہتری لانے اور مضبوط ورکنگ ریلیشن پیدا کرنے کے لیے قیادت عمومی نے سال ۲۰۲۳ء کے آغاز میں ہی سویڈن کی تمام مجالس کے عہدیداران کا ایک دو روزہ ریفریشر کورس منعقد کیا۔ یہ ریفریشر کورس مسجد ناصر گاتھن برگ میں۱۴ و ۱۵؍جنوری ۲۰۲۳ء کو منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے ۳۸؍عہدیدار شامل ہوئے۔ریفریشر کورس کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے جملہ تفصیلات طے کیں اور انتظامات کو حتمی شکل دی۔

۱۴؍جنوری بروز ہفتہ صبح سویرے ہی ملک بھر سے عہدیداران انصار اللہ کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا جن کے استقبال اور ناشتہ کے لیے مسجد ناصر میں انتظام موجود تھا۔ ۱۲بجے تک مہمانوں کی اکثریت تشریف لاچکی تھی۔ مہمانوں کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ ایک بجے ریفریشر کورس کا افتتاحی اجلاس مکرم انور رشید صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور اس کا اردو اور سویڈش ترجمہ مکرم فاضل احمد شمس صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں خاکسار (قائد عمومی) نے ریفریشر کورس کے پروگرام کی تفصیل پیش کی۔ صدر مجلس نے اپنے افتتاحی تقریر میں ریفریشر کورس میں تشریف لانے والے عہدیداران کو خوش آمدید کہا اور عہدیداران انصار اللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے بانیٔ مجلس حضرت مصلح موعودؓ کی بیان فرمودہ انصار اللہ کی ذمہ داریوں کا ذکر کیا اور ان امور کو بھی اختصار کے ساتھ بیان کیا جن پر عمل پیرا ہونے کے لیے ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہمیں مسلسل توجہ دلاتے رہتے ہیں۔ دعا کے بعد نماز ظہر و عصر کے لیے وقفہ کیا گیا۔

وقفے کے بعد تمام عہدیداران کو حضور انور کی مختلف مجالس انصار اللہ کے ہمراہ ملاقاتوں اور خطابات کے ویڈیو کلپس دکھائے گئے جن میں حضور انور نے عہدیداران انصار اللہ کے لیے کام کرنے کا طریقہ بیان فرمایا ہے۔ حضور انور کے یہ ارشادات بہت مفید اور معلوماتی تھے۔ سب احباب اپنے اندر ایک خاص جوش اور جذبہ محسوس کر رہے تھے اور کام کرنے کی لگن چہروں سے عیاں ہو رہی تھی۔

حضور انور کے ان ویڈیو کلپس کے بعد قائدین نے اپنے شعبہ کی سالانہ سکیم اور لائحہ عمل پیش کیا۔ ریفریشر کورس کے شاملین/عہدیداران کی اس پروگرام میں دلچسپی کے باعث یہ سیشن ایک اوپن ڈسکشن فورم کی شکل اختیار کر گیا۔ ہر شعبے پر سیر حاصل سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں حاضرین کو سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا اور ریفریشر کورس کا مقصد بڑی حد تک پورا ہوتا نظر آیا۔ لائحہ عمل اور ہدایات کا سیشن مکمل ہونے پر مہمانوں کی خدمت میں شام کا کھانا پیش کیا گیا۔

ریفریشر کورس کے لیے آنے والے احباب کی تفریح طبع کے لیے ایک پروگرام ’’بزم ادب‘‘بھی رکھا گیا تھا۔ اس پروگرام کا مقصد باہمی تعارف اور خوش طبعی کے ساتھ ساتھ انصار بھائیوں کی پوشیدہ علمی، ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا بھی تھا۔ زعماء مجالس کو درخواست کر دی گئی تھی کہ وہ اپنے عاملہ کے ممبران کو اس پروگرام کی رونق بڑھانے کے لیے بھرپور تیاری کروائیں۔ اس پروگرام کی ذمہ داری مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن کے سپرد تھی۔

نماز عشاء سے فارغ ہو کر تمام احباب لائبریری ہال میں پہنچنے اور ایک دائرے میں لگی کرسیوں پر براجمان ہونا شروع ہوگئے۔ بزم ادب میں تقریباً سبھی دوستوں نے محفل جمانے میں اپنا اپنا حصہ ڈالا۔ سنجیدہ واقعات سے لے کر محفل کو کشتِ زعفران بنانے والے لطائف تک اور شعری و نثری شہ پاروں نے محفل میں خوب رنگ بھرا۔ سبھی خوب محظوظ ہوئے اور یہ سلسلہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا اور شاید ابھی اور طول پکڑتا لیکن اگلی صبح نماز تہجد کے پروگرام کی وجہ سے اسے ختم کیا گیا اور مہمانوں کو رات آرام کرنے کے لیے ان کی مخصوص جگہوں پر پہنچا دیا گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ریفریشر کورس کے لیے آنے والے مہمانوں کو گاتھن برگ کے مختلف انصار کے گھروں میں ٹھہرایا گیا تھا۔ اس حوالے سے گاتھن برگ کے انصار بھائیوں کا تعاون مثالی رہا۔

۱۵؍جنوری کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوا۔ خاکسار نے درس دیا جو مجلس انصار اللہ سویڈن کی طرف سے سال ۲۰۲۳ء میں مطالعہ کے لیے مقرر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتاب گورنمنٹ انگریزی اور جہاد کے تعارف اور نفس مضمون کے بارے میں تھا۔ درس کے بعد احباب نے انفرادی طور پر قرآن کریم کی تلاوت کی جس کے بعد دوستوں کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ ناشتہ سے فارغ ہو کر سب انصار احمدیہ قبرستان میں دعا کے لیے گئے۔ وہاں سے واپسی پر تھوڑی دیر کے لیے احمدیہ تبلیغی سٹال پر بھی رُکے۔

انتظامیہ ریفریشر کورس نے ایک باؤلنگ ہال میں بکنگ بھی کروائی ہوئی تھی۔ چنانچہ سبھی دوست سپورٹس ہال پہنچے اور ایک گھنٹہ تک اس سرگرمی میں حصہ لیا۔ سبھی احباب نے اسے بہت پسند کیا اور خوب لطف اندوز ہوئے۔ سپورٹس ہال سے واپسی پر سب دوست ایک تقریب استقبالیہ /الوداعیہ میں شامل ہوئے جو مجلس انصار اللہ سویڈن کی طرف سے نیشنل عاملہ سابقہ اور نئے آنے والے ممبران کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔ اسی تقریب میں سال ۲۰۲۳ء میں مجلس انصار اللہ گاتھن برگ میں شامل ہونے والے چار انصار کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کے اختتام پر احباب کی خدمت میں پرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد احباب کو الوداع کیا گیا اور وہ اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

(رپورٹ: چودھری عطاءالرحمان محمود۔ قائد عمومی مجلس انصار اللہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button