حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…ترکی اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد۳۳؍ہزار سے بڑھ گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی میں ۲۹؍ہزار ۶۰۵؍ اور شام میں ۳؍ہزار ۵۷۶؍افراد جان سے جا چکے ہیں۔اےایف اےڈی کے مطابق ترکی میں زلزلے کے بعد ملبے تلے دبے تقریباً۹۳؍ہزار افراد کو نکال لیاگیا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں میں دو کروڑ ۶۰؍لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے متاثرین کے لیے ۴؍کروڑ ۲۸؍لاکھ ڈالر کی فوری امداد کی اپیل کر دی۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ شام میں امدادی مراکز کھولنے کی اجازت دی جائے۔

٭…ترکی میں زلزلے کے بعد سے اب تک ایک ہزار ۸۹۱؍ آفٹرشاکس محسوس کیے جاچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ترکی اور شام میں کم از کم ۸؍لاکھ ۷۰؍ہزار افراد فوری خوراک کے منتظر ہیں۔ یو این ورلڈ فوڈ پروگرام نے ترکی اورشام میں خوراک کےلیے۷۷؍ملین ڈالر کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب شام میں زلزلے سے اموات تین ہزار ۵۵۳؍ہوچکی ہیں۔

٭…ترکی کے حالیہ زلزلوں سے اقوام متحدہ کی ایجنسی کی جانب سے ثقافتی، تاریخی، سائنسی اور دیگر اقسام کی اہمیت کے لیے شناخت کیے گئے متعدد عالمی ثقافتی مقامات کو نقصان پہنچا ہے۔ترکی کی حکومت کا کہنا ہے کہ حالیہ زلزلوں سے صرف ترکی میں ہی پانچ ہزار چھ سو سے زائد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔جن تاریخی مقامات کو نقصان پہنچا ان میں گازیانٹیپ کاسل (Gaziantep Castle)، سیروانی مسجد گازیانٹیپ، حلب کا قلعہ، دیار باقر قلعہ، یینی مسجد، ملاتیا شامل ہیں۔

٭…ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں حکومتی مشینری انتہائی مثبت انداز میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کا غلط اور ناجائز استعمال روکنے کے لیے ترکی میں ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے۔

٭…زلزلے پر حکومتی امدادی کارروائیوں پر آن لائن تنقید کرنے کے بعد ملک میں بارہ گھنٹے سے معطل ٹوئٹر سروس بحال کردی گئی۔ اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹس پر ترک پولیس نے ۱۸؍افراد کو حراست میں بھی لیا تھا۔ حراست میں لیے گئے افراد نے زلزلے کے بعد حکومتی امدادی سرگرمیوں پر تنقید کی تھی۔ ترکی میں ٹوئٹر استعمال کرنے کے لیے شہریوں کو وی پی این سروس استعمال کرنی پڑ رہی ہے۔

٭…افغان حکومت کی طرف سے زلزلہ متاثرین کی مدد کےلیے پروازیں بھیجنے کی افواہ سننے کے بعد ہزاروں افغان شہری کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ افغانستان میں افواہ تھی کہ حکومت زلزلےکےمتاثرین کےلیے امدادی سامان اور رضاکاروں کو ترکی بھیج رہی ہے۔ بدھ کی رات آٹھ بجے ایئرپورٹ جانے والی مرکزی شاہراہ پر گاڑیوں اور راہ گیروں کا ہجوم تھا جس سے ٹریفک جام ہوگیا۔ رات گیارہ بجے کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ آنے والے شہریوں کو واپس جانا پڑے گا۔

٭…تائیوان کے وزیراعظم اور ان کے نائب نے بھی ایک ایک ماہ کی تنخواہیں ترکی میں زلزلہ زدگان کے لیےعطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تائیوان کی صدر سائی انگ وین کا کہنا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ امداد سے ترک عوام کی داد رسی ہوگی۔ تائیوان کی حکومت زلزلے سے متاثرہ علاقوں کےلیے ۲۰؍ لاکھ ڈالرز امداد کا اعلان بھی کرچکی ہے۔ تائیوان کی ۴۴؍رکنی امدادی ٹیم بھی ترکی میں امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہے۔ تائیوان کی حکومت نے ترکی کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے خصوصی فنڈ بھی قائم کیا ہےجس میں تائیوان کے عوام اب تک ۳؍لاکھ ۴۳؍ہزار ڈالر عطیہ کرچکے ہیں۔

٭…ننکانہ صاحب میں واقع واربرٹن میں مشتعل افراد نے تھانے سے توہین مذہب کے ملزم کو نکال کر ہلاک کردیا جبکہ ایس ایچ او سمیت پولیس ملازمین جان بچانے کےلیے تھانے سے بھاگ گئے۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ملزم دو سال جیل کاٹنے کے بعد واپس آیا تھا۔ڈی ایس پی ننکانہ سرکل، نواز ورک، ایس ایچ اوواربرٹن، فیروز بھٹی کو معطل کردیا گیا اور ساتھ ہی ڈی آئی جی آئی اےبی امین بخاری کو انکوائری رپورٹ دینےکاحکم دے دیا۔ ڈی آئی جی سپیشل برانچ راجافیصل کو بھی انکوائری رپورٹ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

٭…کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے شمالی امریکہ کی فضائی حدود میں ایک اورمشتبہ چیزکو مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ تازہ ترین مشتبہ شے نے کینیڈا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے اور اسے کینیڈا کی شمال مغربی حدود میں واقع یوکون پرمارگرایا گیا۔جسٹن ٹروڈو کے مطابق کینیڈا اورامریکہ دونوں ملکوں کے طیارے اس نا معلوم شے کا پتا لگانے کی کوشش کرتے رہے تاہم امریکی لڑاکا طیارے ایف ۲۲؍نے اسے ڈھونڈ نکالا۔یاد رہے کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران شمالی امریکہ میں مار گرائی جانے والی تیسری نامعلوم شے ہے۔امریکی فوج نے گذشتہ ہفتے اپنی سمندری حدود میں ایک چینی غبارے کو تباہ کر دیا تھا جبکہ جمعے کو الاسکا سے ایک چھوٹی کار کے سائز کی ایک نامعلوم شے کو مار گرایا گیا تھا۔کینیڈاکے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نےگذشتہ روز تصدیق کی کہ انہوں نے اس مشتبہ چیزکوگرانے کا حکم دیا تھا اور امریکی صدر جوبائیڈن سے اس حوالے سے بات بھی کی تھی۔انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کینیڈین فورسز اب اس نامعلوم چیز کے ملبے کو تلاش کر کے اس کا تجزیہ کریں گی۔

٭…برطانیہ میں ریل یونین کی مزید ہڑتالوں کا امکان بڑھ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آر ایم ٹی یونین کے ارکان نے تنخواہ میں اضافے کی نئی پیشکش مسترد کر دی ہے۔ تنخواہ میں گذشتہ سال جنوری سے پانچ فیصد اور رواں سال چار فیصد اضافے کی پیشکش کی گئی تھی۔ تنخواہ اور جاب سیکیورٹی کے تنازع پر یونین کے ارکان پہلے ہی ۱۹؍دن ہڑتال کر چکے ہیں۔

٭…مراکش کے شاہ محمد ششم نے فرانس میں تعینات اپنے سفیر محمد بن خباؤن کو سبکدوش کر دیا ہے۔ مراکش کی وزارت خارجہ نے محمد بن خباؤن کو ذمہ داریوں سے برطرف کرنے کا مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا جب یورپی پارلیمنٹ میں مراکش کی طرف سے صحافیوں اور سماجی حقوق کے کارکنوں کو ہراساں کیے جانے پر ایک قرارداد منظور کی گئی تھی۔ بدھ کو مراکشی ایوان نمائندگان کے سپیکر راشد طلبی نے کہا تھا کہ مراکش کے خلاف مہمات غیر منصفانہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے الزامات بین الاقوامی سطح پر ہماری پوزیشن کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ فرانس میں تعینات مراکش کے سفیر کی برطرفی کا مراسلہ مراکش کے سرکاری گزٹ میں بھی شائع ہوچکا ہے۔

٭…روس نے یوکرین پر پھر ڈرون اور میزائل حملہ کیا، جس کے دوران ۵۰؍سے زائد میزائل داغے گئے۔ اس حوالے سے یوکرینی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ روسی حملے میں ۶؍یوکرینی علاقوں میں بجلی کی سہولتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب یوکرینی دارالحکومت کیف کے میئر نے دس روسی میزائل مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی حملے میں پاور گرڈ اسٹیشنز کو نقصان پہنچا۔

٭…دنیا میں پھلوں، سبزیوں اور اس کی فراہمی کے نظام کی سب سے بڑی نمائش فروٹ لاجسٹکا، تین روز جاری رہنے کے بعد جرمنی کے دارالحکومت برلن میں اختتام پذیر ہوگئی۔ اس سال اس نمائش میں امریکہ، یورپ، لاطینی امریکہ، افریقہ اور ایشیا سے ۹۰؍کے قریب ممالک کے نمائش کنندگان نے شرکت کی اور اپنی مصنوعات دنیا کے سامنے پیش کیں۔ ان اشیاء میں تازہ پھل و سبزیاں اور ان سے بنی ہوئی مصنوعات، لاجسٹکس، ریفریجریشن، فصلوں کو پیدا کرنے اور انہیں موسم سے تحفظ دینے کے علاوہ خریداروں کے سامنے ان اشیاء کو صاف ستھرے طریقے سے پیش کرنا شامل تھا۔

٭…یوکرین کے صدر ولادیمیر زولینسکی برطانیہ کا دورہ کیا۔ یوکرین کے صدر برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کے علاوہ شاہ چارلس سوم سے بکنگھم پیلس میں ملاقات کی۔وزیراعظم رشی سونک نے کہا کہ یوکرینی صدر کا دورہ برطانیہ دونوں ممالک میں دیرینہ دوستی کا ثبوت ہے۔اس سے قبل وزیراعظم رشی سونک یوکرین کے پائلٹس کو تربیت دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔یوکرینی پائلٹس تربیت حاصل کر کے نیٹو کے جدید ترین جنگی طیارے اڑانے کے قابل ہو جائیں گے۔برطانیہ اس سال مزید ۲۰؍ہزار یوکرینی فوجیوں کو تربیت بھی فراہم کرے گا۔

٭…آسٹریلیا کے نیشنل وار میموریل نے اپنی حدود میں نصب چینی ساختہ کیمرے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ کیمرے جاسوسی کےلیے استعمال ہوسکتے ہیں۔ چین کے سرکاری سرمایہ کاروں کی جزوی ملکیت کمپنی hikvisionکے تیار کردہ نگرانی کرنے والے گیارہ کیمرے دارالحکومت کینبرا کی قومی جنگی یادگار میں نصب ہیں جنہیں رواں سال کے وسط تک ہٹا دیا جائے گا۔ میموریل میں ۱۸۹؍کیمرے اور بھی ہیں جنہیں دیگر کمپنیز نے تیار کیا ہے۔ اپوزیشن سینیٹرجیمز پیٹرسن نے کہا ہے کہ وہ تمام حکومتی محکموں اور اداروں کا آڈٹ کر رہے ہیں تاکہ نگرانی کےلیے چین کی تیار کردہ ڈیوائسز کا مکمل جائزہ لیا جاسکے۔یاد رہے کہ برطانوی حکومت نے بھی حساس عمارتوں میں نصب چین کے تیار کردہ کیمروں اور دیگر الیکٹرانک آلات پر جاسوسی کے خطرے کے پیش نظر پابندی لگا دی ہے۔

٭…امریکہ کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کے طیارے کے اُڑان بھرتے ہی اس میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آگیا جس کے باعث چار افراد زخمی ہوگئے۔ریاست کیلیفورنیا کے سانڈیاگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کرتے ہی طیارے میں موجود مسافر کے لیپ ٹاپ کے بیٹری پیک میں آگ لگ گئی۔مسافر نے خود کو بچاتے ہوئے بیٹری چارجر پیک خود سے دور پھینکا جو اچانک پھٹ گیا اور اس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ واقعہ رونما ہوتے ہی طیارہ واپس اسی ایئرپورٹ پر دوبارہ لینڈ کرگیا۔ طیارے میں موجود عملے کا ایک رکن، لیپ ٹاپ رکھنے والا مسافر اور ساتھ موجود دیگر دو مسافر زخمی ہوئے جنہیں طیارہ واپس آنے کے بعد فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

٭…میٹا ترجمان اینڈی اسٹون نے امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دو سال بعد فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹس بحال کرنے کی تصدیق کی ہے۔ سابق امریکی صدر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جنوری ۲۰۲۱ء میں کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد معطل کردیے گئے تھے۔ گذشتہ ماہ میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس پر عائد پابندی جلد ختم کردی جائے گی۔اگر سابق صدر نے ان کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی تو ان کے اکاؤنٹس دوبارہ معطل کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے جنوری ۲۰۲۱ء تک انسٹاگرام پر ۲۳؍ملین اور فیس بک پر ۳۴؍ملین فالوورز تھے۔

٭… فرانس کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، جلاؤ گھیراؤ کی وجہ سے پچاس فیصد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔خبررساں اداروں نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔مظاہرین نے حکومت سے پنشن کی عمر۶۲؍سے بڑھا کر۶۴؍برس نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور نچلے طبقے کی جگہ امیروں پر ٹیکس لگا کر بجٹ اصلاحات کرنے پر زور دیا ہے۔مظاہرین نے صدر میکرون کو خبردار کیا کہ پنشن منصوبہ واپس نہ لیا گیا تو پہلی ہڑتال ۱۶؍فروری کو ہوگی اور ۷؍مارچ سے ملک بھر میں پہیہ جام کردیا جائے گا۔

٭…نیو یارک ٹائمز سکوائر کے قریب فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ۲۲؍سالہ شہری کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ۹؍فروری کی شام ساڑھے ۵بجے ایمرجنسی کال پر ویسٹ ۴۴؍سٹریٹ پہنچے تو نوجوان فائرنگ سے زخمی تھا۔فائرنگ کا واقعہ ٹائمز سکوائر پر ریسٹورنٹ کے باہر پیش آیا جہاں روشنیوں سے آراستہ بل بورڈز آویزاں ہیں۔فائرنگ کے بعد وہاں بھگدڑ مچ گئی تھی۔دو نوجوان مسلح حملہ آوروں نےفائرنگ کی تھی۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button