حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…پاکستان میں صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں ایک ۷۵؍سالہ بزرگ احمدی ہومیو پیتھک ڈاکٹر رشید احمد کو دو افراد نے ان کے کلینک میں گولیاں مار کر شہید کر دیا۔کلینک سے کچھ ہی فاصلے پر ایک مبینہ حملہ آور کی لاش پائی گئی جس کے سر میں گولی لگی تھی۔ اس بارے میںعلاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آور نے ڈاکٹر کو قتل کرنے کے بعد بھاگتے ہوئے اپنے سر میں گولی مارکر خودکشی کر لی ہے۔ دوسرے مبینہ حملہ آور کو پولیس نے گھر سے حراست میں لے لیا ہے جس کے بارے میںگاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس نے گھر جاکر رونا دھونا شروع کردیا تھا کہ اس سے ڈاکٹر کا قتل ہوگیا ہے ، جس پر اہل خانہ کی طرف سے پولیس کو کال کی گئی اور پولیس نے ملزم بابر کو اس کے گھر سے ہی حراست میں لے لیا۔گجرات کے تھانہ گلیانہ میں پولیس نے دونوں افراد کی ہلاکت پر قتل کی الگ الگ ایف آئی آرز درج کر لی ہیں۔

گاؤں کے ایک شخص نے بتایا کہ ڈاکٹر رشید اپنے خاندان کے ہمراہ چالیس سال سے زیادہ عرصہ سے ناروے میں مقیم تھے۔اب کچھ ماہ سے ڈاکٹر رشید سب کچھ چھوڑ کر اپنے گاؤں آگئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا وہاں دل نہیں لگتا اور میں یہاں اپنے گاؤں والوں کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ ایک محلے دار نے بتایا کہ اکثر لوگ تو ان سے مفت دوائی لے لیا کرتے تھے کیونکہ گاؤں میں لوگوں کی اکثریت محنت مزدوری کرتی ہے۔ دونوں مبینہ حملہ آور لڑکے ایک دو بار ان کے کلینک میں آتے جاتے دیکھے گئے تھے۔

ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان نے ایک بیان میں کہا کہ سال ۲۰۲۳ء میں احمدیوں کے خلاف جاری مسلسل منافرانہ مہم کے نتیجے میں ایک احمدی کو قتل کر دیا گیا ہے۔ گجرات اور قصور کے واقعات احمدیوں کی مساجد پر حملوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کی قبروں کی بےحرمتی کے درمیان پیش آئے ہیں۔ اس سال کے آغاز سے اب تک پانچ مساجد پر حملے ہو چکے ہیں۔انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق ایسے دو واقعات میں مقامی انتظامیہ مسجد کے میناروں کو تباہ کرنے میں براہ راست ملوث تھی۔ احمدیوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ احمدیوں کے خلاف جاری نفرت انگیز مہم کو فوری طور پر روکا جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

٭…پنجاب کے ضلع قصور میں ایک مذہبی جماعت کے کارکنوں کی طرف سے احمدی بزرگ اور ان کے ساتھی کو گھیر کر انہیں ہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس پر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مذہبی جماعت کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جماعت احمدیہ کے دو افراد کو ان کی مسجدکے باہر لگ بھگ پچاس ساٹھ افراد کے ہجوم کی طرف سے مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ یہ افراد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے نعرے لبیک یارسول اللہ لگا رہے ہیں۔

ہراساں کیے جانے والوںمیں سے ایک کا بیان ہے کہ ہم اور ہمارے آباءواجداد اس مسجدکو گذشتہ ساٹھ سال سے استعمال کر رہےہیں، تاہم جمعہ کے روز جب ہم وہاں پہنچے تو ہجوم پہلے سے ہی اکٹھا ہو چکا تھا اور ہمیں دھمکی دی کہ اگر ہم اندر گئے تو وہ اس مسجدپر زبردستی قبضہ کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہجوم پرتشدد تھا لیکن چند مقامی لوگوں کی مداخلت سے ہمیں وہاں سے جانے کی اجازت ملی۔

٭…20؍فروری کو ترکی کے جنوبی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت ۶.۳ ریکارڈ کی گئی۔زلزلے سے انتاکیہ میں عمارتیں تباہ ہوگئیں، یہ جھٹکے لبنان، مصر، شام اور اسرائیل میں بھی محسوس کیے گئے۔ سینکڑوں افراد سینٹرل پارک کے قریب سڑکوں پر نکل آئے اور ہنگامی فون کالز کرنے لگے۔ ترک ریسکیو اہلکار نئے زلزلے سے متاثرہ علاقے میں جائزہ لینے کےلیے بھاگتے رہے، یہاں زیادہ تر رہائشی افراد وہی ہیں جن کے گھر دو ہفتے قبل زلزلے میں تباہ ہوگئے تھے، یہ افراد خیموں میں مقیم ہیں۔

٭…ترکی کی غیر سرکاری کاروباری تنظیم ٹرکش انٹرپرائز اینڈ بزنس کنفیڈریشن (ٹرکونفیڈ) کی گذشتہ ہفتے کے اختتام پر جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں حالیہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ان کے مطابق بدترین زلزلے کے نتیجے میں ملک کو ۸۴.۱؍ارب ڈالر کا نقصان پہنچا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے ہزاروں مکانات کی تعمیر و مرمت پر ۷۰.۸؍ارب ڈالر خرچ ہوں گے، اور قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات کے باعث ترکی کی قومی آمدن میں ۱۰.۴؍ارب ڈالر کی کمی واقع ہو گی، جبکہ ملک میں (نجی و سرکاری) کاروبار کے لیے ورکنگ ڈیز میں کمی کی وجہ سے۲.۹؍ارب ڈالر کے اضافی خسارے کا حساب لگایا ہے۔بنیادی اخراجات ہاؤسنگ، بجلی کی ترسیل کے نظام، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور بےگھر لاکھوں افراد کی مختصر، درمیانی اور طویل مدتی پناہ کی ضروریات کو پورا کرنے پر آئیں گے۔ترکی کے صدر طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ریاست ایک سال کے اندر گھروں کی تعمیر نو مکمل کر لے گی اور ان کی حکومت ملک کو دوبارہ پیروں پر کھڑا کرنےکے لیے منصوبہ تیار کر رہی ہے۔زلزلے سے متاثر ہونے والے ترکی کے دس صوبوں کی مجموعی آبادی تقریباً ایک کروڑ ۳۴ لاکھ ہے جو ملکی آبادی کا پندرہ فیصد ہے اور یہ علاقے مجموعی قومی پیداوار کا دس فیصد پیدا کرتے ہیں۔ بہرحال ماہرین اقتصادیات اور حکام کا اندازہ ہے کہ زلزلے سے اس سال اقتصادی ترقی کی شرح میں دو فیصد تک کمی آئے گی۔

٭…اسرائیلی حکومت رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران یہودیوں کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی عائد کر دے گی۔ حکومتی عہدیداران کے اجلاس میں تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پچھلے برسوں کی طرح امسال بھی رمضان کے آخری عشرے میں غیر مسلموں کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی ہو گی۔ اسرائیل کے وزیر داخلہ بین گویر نے حکومتی اجلاس میں فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ یہودیوں کےلیے سال کے کسی بھی وقت میں بند نہیں ہونی چاہیے۔ یاد رہے کہ دہائیوں طویل معاہدے کے مطابق غیر مسلموں کو مسجد اقصیٰ میں صرف چند مخصوص گھنٹوں کے دوران جانے کی اجازت ہے لیکن وہ وہاں عبادت نہیں کرسکتے۔ واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ یہودیوں کےلیے بھی مقدس ترین مقام ہے۔

٭…روس نے یوکرین تنازعہ کے حوالے سے امریکہ کے جارحانہ انداز پر امریکی سفیر لین ٹریسی کو طلب کرلیا۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ تمام شعبوں میں محاذ آرائی بڑھانے کے لیے امریکہ کا موجودہ جارحانہ انداز نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

٭…جرمنی نے برلن میں قائم ایرانی سفارت خانے کے دو ملازمین کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ ایران نے ایک دوہری شہریت رکھنے والے جرمن شہری کو پھانسی کی سزا سنائی جس پر جرمنی نے یہ اقدام کیا ہے۔ایک روز قبل تہران کی ایک عدالت نے ایرانی نژاد جرمن شہری جمشید سرمد کو دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور ہدایات دینے کے الزام میں ملوث قرار دے کر پھانسی کی سزا سنائی تھی۔جرمنی نے ایرانی سفارت خانے کے ملازمین کو ناپسندیدہ شخصیت (پرسونا نان گراٹا) قرار دیا جبکہ وزیر خارجہ اینالینا بربوک نے ایران کے ناظم الامور کو بھی اس معاملے پر طلب کیا تھا۔

٭…جاپان نے یوکرین کےلیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ساڑھے پانچ ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم فومیو کشیدا نے کہا کہ جاپان ایسی پوزیشن میں ہے کہ وہ روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی حمایت کےلیے دنیا کی کوششوں کی راہنمائی کرسکے اور قانون کی حکمرانی پر مبنی ایک آزاد بین الاقوامی نظام قائم کرے۔ ٹوکیو نے کیف کےلیے ۶۰؍کروڑ ڈالر کی مالی معاونت اور ۷۰؍کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا جس میں ادویات اور غذا بھی شامل تھیں۔ جاپان نے بھی مغربی اتحادیوں کی طرح روس پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی کے ساتھ جی ۷؍راہنماؤں کی ایک آن لائن سمٹ کی میزبانی کریں گے۔

٭…شاہ چارلس سوم نے برطانیہ میں تربیت حاصل کرنے والے یوکرینی فوجیوں سے ملاقات کی۔ پچھلے ہفتے برطانوی فوج نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ۶؍ماہ میں دس ہزار یوکرینی فوجی اہلکاروں کی تربیت کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔ شاہ چارلس نے مرکزی انگلینڈ کے علاقے ولٹ شائر میں ٹریننگ سائٹ کا دورہ کیا جہاں دو سواہلکاروں نے نیوزی لینڈ کے آرمی میجر ٹونی ہیرس کی زیر نگرانی پانچ ہفتوں کی بنیادی کامبیٹ ٹریننگ مکمل کی ہے۔ اس دوران فوجی اہلکاروں نے خندق پر حملے کا فرضی مظاہرہ بھی کیا۔ ۲۰؍ہزار یوکرینی فوجی رواں برس برطانیہ میں تربیت حاصل کریں گے۔ یاد رہے کہ شاہ چارلس نے رواں ماہ کے آغاز میں یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی سے لندن کے بکنگھم محل میں ملاقات کی تھی۔

٭…اتوار کو دمشق پر ہونے والے راکٹ حملے میں ایرانی عہدیدار مارے گئے تھے، یہ افسران شام میں موجود تہران کے اتحادیوں کو ڈرون یا میزائل تیار کرنے کے پروگرام میں مزید پیشرفت کی بات چیت کےلیے رہائشی عمارت کے زیر زمین سیکیورٹی کمپاؤنڈ میں اکٹھے ہوئے تھے۔راکٹ حملہ عین مرکز پر ہوا جہاں ملاقات جاری تھی جبکہ ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ پر بھی راکٹ گرا، جس میں ایک شامی انجینئر اور ایک ایرانی عہدیدار مارے گئے۔ شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اتوار کی نصف شب اسرائیل نے دمشق کے کئی علاقوں میں فضائی حملے کیے جن میں پانچ افراد ہلاک جبکہ ۱۵؍ شہری زخمی ہوئے۔

٭…انڈیا میںٹیپو سلطان کے خاندان نے سیاسی محاذ آرائی میں ٹیپو سلطان کا نام استعمال کرنے پر سیاسی جماعتوں کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کرناٹک کے انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی ایک دوسرے پر برتری لے جانے کےلیے مرحوم مسلمان حکمران ٹیپو سلطان کا نام استعمال کر رہی ہیں۔ صاحبزادہ منصور علی خان ٹیپو سلطان کی ساتویں نسل سے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے ایک مقدمہ درج کروائیں گے اور حکم امتناعی بھی لیں گے کہ ٹیپو سلطان کا نام سیاسی مفاد کےلیے نہ لیا جائے۔ اس طرح ٹیپو سلطان کے خاندان کے جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔ ہم نے ٹیپو سلطان کے خاندان کا رکن ہونے کی وجہ سے اپنی قانونی ٹیم سے بات کی ہے۔ قبل ازیں کرناٹک کے بی جے پی چیف نلین کمار قتیل نے کہا تھا کہ اس بار ریاستی اسمبلی کے انتخابات کانگریس اور بی جے پی کے بیچ نہیں بلکہ ساورکر اور ٹیپو سلطان کے نظریات کے بیچ لڑے جا رہے ہیں۔ اسی طرح انہوں نےایک تقریر کے دوران متنازع بات کی تھی کہ رام اور ہنومان کو ووٹ دے کر ٹیپو سلطان کی نسلوں کو بھگا دیں۔

٭…دسمبر ۲۰۲۲ء میں انگلینڈ ہائی کورٹ نے ایک فیصلہ دیا تھا کہ برطانیہ میں مقیم یورپی یونین کے ۲۵؍لاکھ سے زیادہ شہریوں کو متاثر کرنے والے ضوابط غیر قانونی ہیں، کسی پری سیٹلمنٹ والے کو برطانیہ سے ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔ اس فیصلے کو حکومت کی طرف سے چیلنج نہیں کیا جائے گا۔ ہوم آفس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کرے گا، باوجود اس کے کہ پہلے یہ اشارہ دے دیا گیا تھا کہ وہ ہائی کورٹ کے جج مسٹر لین کی جانب سے دیے گئے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائے گا اور اپیل دائر کرے گا۔ ہوم آفس برطانیہ کے اس فیصلے کا بڑی گرم جوشی سے خیر مقدم کیا گیا ہے اور یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے لاکھوں پری سیٹلمنٹ والوں نے سکھ کا سانس لیا ہے اور ہر دن اپنے اوپر لٹکتی ملک بدری کی تلوار کے ہٹ جانے پر اظہار مسرت کیا ہے۔

٭…میڈیا کے مطابق برطانیہ میں کھانے پینے کی بنیادی اشیاء کی قلت پیدا ہوگئی، کچھ پھلوں اور سبزیوں کی فروخت محدود کردی گئی ہے۔ سپر مارکیٹوں نے ٹماٹر، کالی مرچ، کھیرے، سلاد کے تھیلے، بروکولی، پھول گوبھی کی خریداری پر حد لگادی ہے جس کے باعث شہری پریشان ہیں۔ جنوبی یورپ اور شمالی افریقی ممالک میں شدید سردی، بارش اور سیلاب کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی ہے۔

٭…پاکستان بھر میں آکسیجن نیٹرز کی کمی کے باعث عارضۂ قلب میں مبتلا مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔آکسیجن نیٹرز کی عدم دستیابی کے باعث گذشتہ دو ہفتوں کے دوران ملک بھر میں ۹۰؍فیصد دل کی بائی پاس سرجریز کو ملتوی کردیا گیا۔ روپے کی قدر میں کمی اور ایل سی کے اجرا کے باعث طبی آلات درآمد نہیں کیے جا رہے ہیں۔ وزارت صحت پنجاب نے تسلیم کیا ہے کہ آکسیجن نیٹرز کی کمی کے باعث دل کی بائی پاس سرجریز میں نمایاں کمی ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ آکسیجن نیٹر دل کی بائی پاس سرجری کا ایک لازمی جزو ہے، جس کا استعمال سرجری کے دوران کسی شخص کو زندہ رکھنے کے لیے کیا جاتا ہے۔

٭…انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ بولرز کی نئی رینکنگ جاری کردی۔نئی رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔بھارت کے روی چندر ایشون دوسرے جبکہ پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کا پہلا اور اسٹیو اسمتھ کا دوسرا نمبر ہے جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button