افریقہ (رپورٹس)جلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ گنی بساؤ 2022ء

(محمد احسن میمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گنی بساؤ)

٭…نماز تہجد،باجماعت نمازیں اور تربیتی موضوعات پر دروس

٭…علمائے سلسلہ کی تعلیمی و تربیتی موضوعات پر تقاریر

٭…پریس اور میڈیا کے ذریعے تشہیر

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمديہ گنی بساؤ کا جلسہ سالانہ حضور انور ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز کی ازراہ شفقت اجازت کے ساتھ مورخہ 23؍دسمبر بروز جمعة المبارک تا 25؍دسمبر بروز اتوار2022ء منعقد ہوا۔ ملک کےدور دراز علاقوں سے جلسہ سالانہ کے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ مورخہ 19؍دسمبر سے شروع ہو چکا تھا۔ جبکہ جلسہ سالانہ کی تیاری اور وقار عمل کا سلسلہ ایک ماہ پہلے شروع ہو گیا تھا۔ جس میں تمام ذیلی تنظیموں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ الحمدللہ

جلسہ سالانہ کے تينوں روز اجتماعی نمازِ تہجد کا انعقاد کيا گيا۔ نيز نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم کا بھی اہتمام کيا گيا۔

جلسہ سالانہ کا پہلا روز

جلسہ سالانہ کے پہلے روز کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس سے کیا گیا، درس میں نماز باجماعت کے فوائد سمجھائے گئے۔

جلسے کی کارروائی کا آغاز حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کے خطبہ جمعہ سے ہوا جس کا شرکاء کے فائدے کے ليے کريول زبان ميں ترجمہ بھی کيا گيا۔

دوپہر دو بجے نماز جمعہ خاکسار (مشنری انچارج جماعت گنی بساؤ) نے پڑھائی۔ جمعہ کی نماز کے بعد دوپہر کے کھانے کا وقفہ ہوا۔

جلسہ سالانہ کا باقاعدہ افتتاح پرچم کشائی کی تقريب سے تقريباً ساڑھے چار بجے ہوا جس میں لوائے احمديت اور قومی پرچم لہرايا گیا اور دعا کی گئی۔

بعد ازاں جماعتی اور ہیومینٹی فرسٹ کی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔

جلسہ سالانہ میں ملک بھر سے مختلف اہم شخصیات شامل ہوئیں: نمائندہ منسٹری آف جسٹس، انچارج آف سنٹر گارڈ، ڈائریکٹر آف پریزن، ڈائریکٹر آف بافاتا پریزن، سیکنڈ ان کمانڈ فرین سیکٹر، نمائندہ منسٹری آف فائیننس، مختلف علاقوں کےامام، کرسچین مذہب کے پادری، مختلف علاقوں کے چیف۔

پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کريم اور قصيدہ سے ہوا۔ جس کے بعد مختلف معزز مہمانوں کو اپنے تاثرات بیان کرنے کا موقع دیا گیا۔ بعد ازاں خاکسار (مشنری انچارج)نے جلسہ کی افتتاحی تقرير کی جس میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کی روشنی میں جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات کے متعلق گزارشات کیں۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کی کارروائی کا اختتام ہوا۔

اجلاس کے بعد نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ پھر مجلس سوال و جواب کا انعقاد ہوا جو رات دس بجے تک جاري رہا۔ جس کے بعد تمام مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا روز

جلسہ سالانہ کے دوسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم سے کیا گیا۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس صبح دس بجے شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کريم اور اردو نظم کے بعد درج ذيل عناوين پر تقارير ہوئيں: مسيح و مہدی کی آمد، خلیفہ خدا بناتا ہے، مالی قربانی کی برکات۔

پھر نمازِ ظہر و عصر ادا کی گئیں جس کے بعد وقفہ برائے طعام ہوا۔

جلسہ کا تیسرا اجلاس سہ پہر ساڑھے چار بجے معمول کے مطابق تلاوت قرآن کریم اور اردو نظم کے ساتھ شروع کیا گیا۔

اس اجلاس ميں حضرت محمد مصطفیٰﷺ رحمۃ للعالمین اور اسلام کے مطابق اعلیٰ اخلاقیات کے موضوعات پر تقارير کی گئيں۔

نماز مغرب و عشاء کی ادائيگی کے بعد درس کا بھی اہتمام کیا گیا، درس میں دس شرائط بیعت اور احمدی کی ذمہ داریاں کو بیان کیا گیا۔

درس کے بعد مجلس سوال و جواب کا سلسلہ جاری رکھا گيا۔ اس مجلس میں غیر از جماعت مہمانوں نے بھی شرکت کی اور انہوں نے سوالات بھی کيے جن کےانہیں مناسب جوابات دیے گئے۔ بعد ازاں رات کا کھانا پيش کيا گیا۔

جلسہ سالانہ کے موقع پر لجنہ اماءاللہ نے بھی جلسہ کے دوسرے روز مستورات جلسہ گاہ میں اپنے علیحدہ اجلاس منعقد کیے۔

لجنہ اماء اللہ نے اپنے پہلے اجلاس کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کريم اور اردو نظم کے ساتھ کیا صدر صاحبہ نے افتتاحی کلمات کہے اور جلسہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس کے بعد درج ذیل موضوعات پر تقاریر کی گئیں: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نبوت سے پہلے اور بعد کی پاکیزہ زندگی، وجود باری تعالیٰ، اطاعت خلافت اور سیرت النبیﷺ۔

لجنہ اماء اللہ نے دوسرے اجلاس کا آغاز ساڑھے چار بجے تلاوت قرآن کريم اور اردو نظم سے کیا۔ پھر ان موضوعات پر تقارير کی گئیں: حضرت محمدﷺ کے لیے حضرت مسیح موعود ؑکی بے پناہ محبت اور اسمعوا صوت السماء جاء المسیح جاء المسیح۔

جلسہ سالانہ کا تيسرا روز

جلسہ سالانہ کے تیسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم سے کیا گیا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شفقت اور اجازت سے گنی بساؤ کو جلسہ سالانہ قادیان کے ساتھ پیارے حضور کے اختتامی خطاب کے دوران لائیو شمولیت کی سعادت نصیب ہوئی۔ الحمد للہ

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اختتامی دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ گنی بساؤ کے جلسہ کا بھی اختتام ہوا۔

ایم ٹی اے کے ذریعہ سے پیارے آقا کے چہرہ مبارک کو دیکھنے اور بابرکت خطابات اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے قائم کردہ جلسہ سالانہ کی تمام کارروائی سننےاور دیکھنے کے بعد اللہ تعالیٰ کےفضل سے 1822؍احباب نے احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔ الحمدللہ

جلسہ سالانہ کے افتتاحی اور اختتامی اجلاس کو کل چودہ ریڈیو، اخبارات اور ٹیلی ویژن کے نمائندگان نے کوریج دی اورجلسہ کے بارے ميں خبريں نشر کیں۔ جس کی مدد سے ملک بھر کے دور دراز علاقوں تک جلسہ سالانہ کی کارروائی کو دیکھا اور سنا گیا۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی بہترين نعماء سے نوازے اور تمام کاموں ميں ہماری مدد کرے اور ہماری کاوشوں کو بڑی کاميابيوں سے ہمکنار فرمائے۔ آمين

(رپورٹ: محمد احسن میمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button