حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… یوکرین پر روسی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر یورپین یونین کی جانب سے برسلز میں علامتی یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس حوالے سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب یورپین دارالحکومت برسلز میں موجود یورپین یونین کی اہم عمارتوں کو یوکرین کے پرچم والے رنگوں سے روشن کیا گیا۔ یورپین پارلیمنٹ، یورپین کمیشن، یورپین کونسل اور یورپین خارجہ امور( یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس) کی عمارتوں کو روشن کیا گیا۔ اس موقع پر یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے اپنے خطاب میں کہا کہ وحشیانہ روسی جارحیت کا ایک سال، یوکرین کی بہادرانہ مزاحمت کا ایک سال، یورپی یکجہتی کا ایک سال، ہمارے سامنے اتحاد کا مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ آزادی، جمہوریت اور یورپی یونین میں اپنی جگہ کے لیے لڑ رہے ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، چاہے جتنی دیر لگے۔

٭… ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر امیر علی حاجی زادہ نے ایرانی سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے طویل فاصلے تک مار کرنے والا کروز میزائل تیار کیا ہے جس کی رینج ۱۶۵۰؍کلومیٹر ہے۔کروز میزائل کو ایران کے میزائل ہتھیاروں میں شامل کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے۔

٭… اردن کی فوج نے شام سے بذریعہ ڈرون اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے مسلح ڈرون کو اردن کی حدود میں مار گرایا۔ سلطنت کے بارڈر گارڈز نے ہتھیاروں اور ہینڈ گرنیڈز سے لدے ہوئے ڈرون کی نشاندہی کی جو ملک کے مشرقی علاقے میں داخل ہو رہا تھا۔ ڈرون سے ایک ایم 4 کاربائن رائفل اور چار ہینڈ گرنیڈز برآمد کیے۔یاد رہے کہ اردن کے حکام نے پچھلے ایک سال کے دوران شام سے ملک میں اسلحہ سمگلنگ کے واقعات میں اضافے کی اطلاع دی ہے۔

٭… پینٹاگون نے امریکی صدر جوبائیڈن اور یوکرینی صدر زیلنسکی کی ملاقات کے بعد یوکرین کے لیے طویل المدتی سیکیورٹی امداد کے دو ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان کردیا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی امداد میں جدید ترین ڈرون اور الیکٹرانک جنگی آلات کا پتا لگانے کے آلات بھی شامل ہیں۔ امریکہ نے یوکرین کے لیے روس کے حملے کے بعد سے اب تک ۳۲؍ارب ڈالر امداد کے اعلانات کیے ہیں۔ یاد رہے کہ امریکی صدر نے ۲۰؍فروری کو یوکرین کا غیرعلانیہ دورہ کیا جہاں انہوں نے یوکرینی صدر سے ملاقات بھی کی ۔

٭… فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے روسی فیڈریشن کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیٹف کے اعلامیہ کے مطابق پیرس میں ہونے والے عالمی ادارے کے اجلاس نے روس کی ممبر شپ معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مغربی افریقہ کے ملک نائیجیریا اور جنوبی افریقہ کو گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا۔ نیز مراکش اور کمبوڈیا کو گرے لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔

٭… روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن کی قریبی سمجھی جانے والی ساتھی مرینا ینکینا (Marina Yankina) عمارت کی ۱۶ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی۔ وہ روسی وزارت دفاع کے مالی معاونت کے شعبے سے وابستہ تھیں۔ مرینا ینکینا کو یوکرین جنگ کے لیے فنڈنگ کی کوششوں کو بڑھانے والی شخصیات میں سےسمجھا جاتا تھا۔روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے دوران چند دن کے وقفے سے یہ دوسری اعلیٰ شخصیت کی موت ہے۔ اس سے قبل میجر جنرل ولادیمیر ماکاروف نے خودکشی کرلی تھی جنہیں حال ہی میں روسی صدر نے برطرف کردیا تھا۔

٭… امریکہ نے اسرائیلی بستیوں کی تعمیر روکنے سے متعلق سلامتی کونسل کی مجوزہ قرارداد کو غیر مؤثر قرار دے دیا۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرارداد دو ریاستی حل کے مذاکرات آگے بڑھانے کےلیے مددگار نہیں۔ قرارداد کے مسودہ میں اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نئی بستیوں کی تعمیر فوری اور مکمل طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے پر نئی بستیوں کی تعمیر کےخلاف عرب امارات کی قرارداد آج سلامتی کونسل میں پیش کی جائے گی۔

٭… یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے نیویارک میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ دنیا میں انسانی اور ترقیاتی امداد دینے والے ممالک میں سر فہرست ہے لیکن ہم ہر امدادی پیکٹ پر اپنا جھنڈا نہیں چپکاتے۔اس وقت افریقہ اور ایشیا کے بہت سے ممالک کے لیڈرز یہ سمجھتے ہیں کہ یورپین یونین کی ساری توجہ اب یوکرین پر ہے اس لیے وہ دنیا کے دیگر ممالک کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دے پارہا۔ہمیں ڈیٹا اور دلائل کے ساتھ ریکارڈ کو سیدھا کرنا پڑے گا، کبھی کبھی ہمیں یہ تاثر ملتا ہے کہ یورپ جو کچھ بھی کرتا ہے اسے قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا، یورپ انسانی اور ترقیاتی امداد دینے والا دنیا کا سب سے بڑا عطیہ دہندہ ہے۔ہم وہ ہیں جو ایک وقف فنڈ کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی پر سب سے زیادہ مدد کرتے ہیں۔ اس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ زلزلے کے بعد شام کی امداد پر پابندیوں کے دعوے کے باوجود شام کو ۹۰ فیصد انسانی امداد یورپ، امریکہ اور کینیڈا نے فراہم کی۔

٭… امریکی ایئرفورس نے الاسکا کے قریب ۴؍روسی لڑاکا طیاروں کو فضائی حدود سے باہر نکال دیا۔شمالی امریکی ایرواسپیس ڈیفنس کمانڈ نے ٹوئٹر پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ۱۳؍فروری کو روسی طیاروں کو ٹریک کیا گیا اور ان کی شناخت کی گئی۔ان میں ٹی یو 95 بیئر بمبار طیارے اور ایس یو 35 لڑاکا طیارے شامل تھے۔گو کہ روسی طیارے الاسکا ایئر ڈیفنس زون میں تھے، یہ بین الاقوامی فضائی حدود ہے۔ روسی طیارے بین الاقوامی فضائی حدود میں ہی رہے اور امریکہ یا کینیڈا میں داخل نہیں ہوئے۔ فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ۲۰۰۷ء سے اب تک امریکہ نے شمالی امریکی بین الاقوامی فضائی حدود میں ہر سال ۶ سے ۷؍مرتبہ روسی طیاروں کو روکا ہے۔

٭… ویانا (آسٹریا)کے آرچ بشپ اور کارڈینل کرسٹوف شون برن نے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کا دورہ کیا اورسیکرٹری جنرل رابطہ عالمِ اسلامی سے ملاقات بھی کی ۔

٭… سعودی عرب میں پہلی بار فوجی پریڈ ’فدا ‘میں خواتین نے شرکت کی ہے۔ پریڈمیں سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کے ۱۶؍ سیکیورٹی کے شعبوں کے ارکان شریک ہوئے ہیں۔ فوجی پریڈ میں پہلی بار آرکسٹرا بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

٭… لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ کی مالی اعانت کرنے والے مرکزی ملزم کو رومانیہ سے حراست میں لے لیا گیا۔ ۵۸؍سالہ محمد ابراہیم بازی لبنان اور بیلجیم کا شہری ہے جسے بخارسٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم نے حزب اللہ کےلیے امریکہ سے لاکھوں ڈالر لبنان منتقل کیے۔ واضح رہے کہ ابراہیم بازی کو امریکہ نے ۲۰۱۸ء میں عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا، ملزم کے ٹھکانے کی معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

٭… پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کے ڈیفالٹ کرنے سے متعلق افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی مشکلات ضرور ہیں لیکن ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں۔ مؤثر حکومتی پالیسیوں کی بدولت مشکلات پر قابو پالیں گے۔ہماری معاشی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، مشکل سے نکل آئیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی تب ہی مشکل حالات سے نکل سکیں گے۔

٭… بھارت کی ریاست مدھیا پردیش میں ۲۴؍سالہ طالب علم نے مبینہ طور پر مارک شیٹ کے معاملے پر پرائیویٹ فارمیسی کالج کی پرنسپل پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔۵۴؍سالہ خاتون پرنسپل ڈاکٹر وموکتا شرما پانچ دن ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئیں۔ ملزم نے خاتون پرنسپل کو کالج کے احاطے میں ہی جلایا جس سے ان کا ۸۰؍فیصد جسم متاثر ہوا تھا۔ملزم کو پیر کو گرفتارکرلیا گیا تھا جو اب بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔

٭… ترکی میں اس ماہ آنے والے تباہ کن زلزلوں کے بعد گھروں کی تعمیر نو کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے۔ زلزلے کے باعث پندرہ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ اور اموات کی تعداد پچاس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ترکی میں اموات کی تعداد ۴۴؍ہزار ۲۱۸؍تک پہنچ گئی ہے۔ ترکی میں زلزلے سےایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد عمارتیں جن میں پانچ لاکھ بیس ہزار اپارٹمنٹس شامل ہیںمنہدم ہوئے ہیں یا انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔ یاد رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ایک سال کے دوران گھروں کی تعمیر کا عزم ظاہر کیا ہے۔

٭… ترکی اور شام میں ہولناک زلزلے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ترک قوم نے یکجا ہوکر مثال قائم کردی۔ ٹیلی میراتھن میں ۶.۱ بلین ڈالر جمع کرلیے۔ آٹھ مختلف ترک ٹی وی چینلز نے زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے لائیو براڈ کاسٹ امدادی مہم کا آغاز کیا اور چند گھنٹوں میں چھ بلین ڈالر سے زائد امدادی رقم اکٹھی کر لی۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی امدادی مہم میں حصہ لیا اور اعلان کیا کہ یہ امدادی رقم ترکی کے گیارہ صوبوں سمیت شام کے متاثرہ علاقوں کے متاثرین کی بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے استعمال کی جائے گی۔

٭… مصری حکام نے موٹاپے سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کی حج درخواستیں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق گردے کے فیل ہونے والے مریض، پھیپھڑوں کے فائبروسس کے مریض اور موٹاپے کے مریض پابندی کی زد میں آئیں گے۔ اس کے علاوہ امراض قلب، جگر اور ٹیومر کے مریضوں سمیت پہلے اور آخری مہینوں کی حاملہ خواتین اور ذہنی مریض بھی پابندی کی زد میں آرہے ہیں۔

٭… ۲۶؍فروری کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں ۴.۶ شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کا مرکز آواران سے ساٹھ کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔

٭… امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پاپوانیوگنی کے دور دراز علاقے میں ساحل کے قریب ۶.۲ شدت کا زلزلہ آیا۔ زلزلہ ۳۸؍کلو میٹر زیرِ زمین گہرائی میں آیا ہے۔ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

٭… میکسیکو کی قومی ملکیتی آئل کمپنی پیمیکس کی تین ریفائنریز میں علیحدہ علیحدہ آتشزدگی کے واقعات ہوئے جن میں پانچ ملازمین لاپتا جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے۔ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ راست ویراکروز کے تیل ذخیرہ کرنے والی ریفائنری میں آتشزدگی ہوئی۔ آگ کو بجھا دیا گیا ہے لیکن اس کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ آتشزدگی سے ریفائنری کے آپریشنز متاثر نہیں ہوئے۔

٭… نیوزی لینڈ میں تباہی مچانے والے سمندری طوفان گبرئیل کے باعث مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ بارشوں اور سیلاب کے باعث نو ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ کچھ شہروں میں رابطے اور رسائی کے ذرائع بدستور منقطع ہیں، جہاں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے پانی، خوراک اور فیول لوگوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ طوفان گزرنے کے بعد نیوزی لینڈ میں بحالی کی کوششیں جاری ہیں۔

٭… چین کے مشہور بینکر باؤ فین (Bao Fan) لاپتا ہوگئے جس کے بعد فنانس انڈسٹری کے افراد میں بے چینی کی کیفیت ہے۔ باؤ فین کی کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا بینکر سے رابطہ نہیں ہو پارہا۔ ہائی پروفائل بینکر باؤ فین کی گمشدگی چین کی مالیاتی صنعت پر ایک نئے سرے سے پابندی کی قیاس آرائیوں کو ہوا دے رہی ہے۔

٭… امریکہ میں ایک طرف موسم سرما کے طوفان ہیں تو دوسری جانب ہیٹ ویو کا سامنا ہے۔ موسم سرما کے طوفان کے باعث بڑے پیمانے پر نظام زندگی مفلوج ہے۔ ملک بھر میں ۷۵؍ملین افراد موسم سرما کی وارننگ کے زیر اثر ہیں، ریاست نارتھ اور ساؤتھ ڈکوٹا، منیسوٹا اور وسکونسن میں کئی سکول اور کاروبار بند ہیں۔طوفان ریاست نیبراسکا سے نیو ہیمپشائر تک ۱۳۰۰؍میل تک پھیل سکتا ہے۔ طوفان کے نتیجے میں امریکہ میں ۱۷۰۰؍سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔دوسری جانب امریکہ کے جنوب مشرقی حصوں کو شدید گرم موسم کا سامنا ہے۔ واشنگٹن ڈی سی میں گرمی کی شدت بڑھنے سے ۱۵۰؍سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب ہے۔ ریاست ٹیکساس، کینٹکی، جارجیا اور ٹینیسی کے شہروں میں ریکارڈ گرمی پڑ رہی ہے۔فلوریڈا اور لوزیانا کے شہروں میں بھی گرمی کے ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔

اسی طرح شمال میں پڑوسی ملک کینیڈا میں ٹورنٹو سمیت ملک کا بڑاحصہ سرد موسم کی وارننگ کے زیر اثر ہے، جس کے باعث ایئر کینیڈا نے اپنی طے شدہ پروازوں کا ایک چوتھائی حصہ منسوخ کر دیا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button