یورپ (رپورٹس)

ایک احمدی مسلمان کا اعزاز

یہ امر باعث مسرت ہے کہ ایک واقف زندگی احمدی مکرم منصور احمد صاحب کو(جو اس وقت الشرکۃالاسلامیہ کے شعبہ اکاؤنٹس میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں) برطانوی آنجہانی ملکہ معظمہ الزبتھ ثانی کی آخری سالگرہ کے موقع پر ایک اعلیٰ برطانوی سول اعزاز ’’برٹش ایمپائر میڈل‘‘ (BEM) سے نوازا گیا تھا۔ انہیں یہ اعزاز برطانوی معاشرے میں انسانی بہبود کے لیے رضاکارانہ طور پر کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔ چنانچہ 18؍نومبر 2022ء کو ’ٹاور آف لندن‘ میں منعقد ہونے والی ایک پُروقار تقریب میں شاہ برطانیہ عزت مآب چارلس کے خصوصی نمائندے لارڈ لیفٹیننٹ آف گریٹر لندن (Sir Kenneth Olisa OBE ) نے مکرم منصور احمد صاحب کو اس اعزاز سے نوازا۔ پروگرام کے مطابق آپ کو آئندہ موسم گرما میں بکنگھم پیلس کے شاہی باغ میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں شاہ چارلس سے ملاقات کا موقع بھی ملے گا۔

مکرم منصور احمد صاحب اس وقت مرٹن کے ایک سکول کی نو ارکان پر مشتمل انتظامی ٹیم کے لیڈر کے طور پر رضاکارانہ خدمات بجالارہے ہیں اور کووِڈ19 کے لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے معاشرے میں بوڑھوں، مریضوں اور دیگر ضرورتمندوں کے لیے غیرمعمولی خدمات بجالاتے ہوئے یہ اعلیٰ اعزاز حاصل کیا ہے۔ انہوں نے مستحقین کو اُن کے گھروں میں کھانا، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچانے میں نمایاں خدمت کی۔ نیز صحت سے متعلقہ امور کے حوالے سے اہم ہدایات لوگوں تک پہنچائیں۔

اس سے قبل مکرم منصور احمد صاحب کو اُن کی معاشرتی خدمات کی وجہ سے اکتوبر 2019ء میں برطانوی پارلیمنٹ کے ہاؤس آف لارڈز میں منعقدہ ایک تقریب میں BCHA ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ نیز وہ پہلے برٹش بنگلہ دیشی ہیں جنہوں نے 2021ء میں برٹش میڈل آف آنر (برٹش سٹیزن ایوارڈ) حاصل کیا تھا جو معاشرے میں عوام کے لیے نمایاں رضاکارانہ خدمات بجالانے پر دیا جاتا ہے۔ عالمی وبائی بیماری کے دوران خدمات کے اعتراف میں دسمبر 2020ء میں اُنہیں میئرآف لندن بارو آف مرٹن کووڈ19 کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ عزت مآب ملکہ معظمہ الزبتھ ثانی کے ذاتی نمائندے لارڈ لیفٹیننٹ آف گریٹر لندن نے بھی مکرم منصور احمد صاحب کی خدمات کا اعتراف کیا تھا۔ اسی طرح متعدد دیگر مقامی کمیونٹی اعزازات موصوف کو دیے جاچکے ہیں۔

منصور احمد صاحب نے BEM ایوارڈ ملنے کے بعد اخباری نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز میرے لیے بہت گرانقدر ہے جس پر مَیں خدا تعالیٰ کا بےحد شکرگزار ہوں اور اپنے روحانی امام حضرت مرزا مسرور احمد صاحب (خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز) جو جماعت احمدیہ عالمگیر کے روحانی راہنما ہیں، اُن کی دعاؤں، راہنمائی اور حوصلہ افزائی پر اُن کا بےحد ممنون ہوں۔

قارئین سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز موصوف کے لیے اور جماعت احمدیہ کے لیے ہر پہلو سے مبارک فرمائے اور انہیں انسانیت کی بہبود کے لیے مقبول خدمات کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button