حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرے کی تعداد متعین نہیں، زائرین اپنی مرضی اور سہولت سے جتنی بار چاہیں عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔ عمرہ پرمٹ میں درج تاریخ اور وقت کی پابندی ضروری ہے۔وزٹ، سیاحتی یا ملازمت ویزا ہولڈرز کسی پابندی کے بغیر عمرہ کر سکتے ہیں۔اسی طرح فضائی راستے سے آنے والے بحری یا بری راستے سے بھی واپس جا سکتے ہیں۔

٭…یوکرینی صدر ولودومیر زیلینسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ایک دن ان کے حلقہ احباب میں سے ہی کوئی قتل کردے گا۔ان کا یہ تبصرہ یوکرینی ڈاکومینٹری ’ایئر‘ (سال) کا ہے اور وہ خود بھی اس دستاویزی فلم کا حصہ ہیں۔ مذکورہ ڈاکومینٹری روس کے یوکرین کے خلاف اعلان جنگ کے ایک سال مکمل ہونے پر ریلیز کی گئی۔ اس دستاویزی فلم کے ایک موقع پر زیلینسکی یہ کہتے ہوئے سنائی دیتے ہیں کہ روسی صدر پیوٹن کی لیڈرشپ میں کمزوری ان کے قریبی ساتھی کو اس بات پر اکسائے گی کہ وہ ان کے خلاف کوئی اقدام اٹھائیں۔ایک موقع آئے گا جب روس میں پیوٹن راج کی کمزوری کو محسوس کیا جائے گا اور پھر شکاری ہی شکاری کو کھا جائیں گے، وہ ایک قاتل کو قتل کرنے کی وجہ ڈھونڈ لیں گے۔جب اس دستاویزی فلم کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ کیا یہ ہو گا؟ تو زیلینسکی نے جواب دیا کہ یہ ہوگا، لیکن کب؟ یہ میں نہیں جانتا۔

٭… امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی یوکرین کو توانائی و دیگر اہم امداد کے انتظامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ یوکرین کے لیے نازک وقت میں اہم قدم ہے۔ یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ کے دورۂ یوکرین کے دوران سعودی عرب اور یوکرین کے درمیان چالیس کروڑ ڈالرز مالی امداد کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔ اس امدادی پیکج کا اعلان سعودی ولی عہد نے گذشتہ سال یوکرینی صدر سے بات چیت میں کیا تھا۔

٭… عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایران میں ۸۳؍فیصد سے زائد یورینیم کے افزودہ ذرات ملے ہیں تاہم ان کے ماخذ کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے۔ ایران کے پاس لگ بھگ بم گریڈ تک افزودہ یورینیم کے ذرات موجود ہیں۔ ایران کے پاس موجود یہ یورینیم افزودگی ۲۰۱۵ء کی ڈیل میں طے شدہ ہدف سے ۱۸؍فیصد زیادہ ہے۔ تاہم ایران کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے یورینیم افزودگی کے دوران ایسا غیر ارادی طور پر ہوگیا ہو جبکہ اس حوالے سے ایجنسی اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

٭… بیلاروس حکومت مخالف کارکنوں نے دو ڈرونز کے ذریعہ روس کے ایک جاسوس طیارے کو بیلاروس میں قائم روسی ایئربیس پر تباہ کر دیا۔ یہ ایک اواکس بیریف اے 50 یو طیارہ تھا۔روسی جاسوس طیارے کی مالیت ۲۷؍کروڑ ۴۰؍لاکھ پاؤنڈ ہے۔ حملے میں ایک دوسرا فوجی طیارہ اور برف صاف کرنے والی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔روس اور بیلاروس دونوں نے ہی واقعے پر کوئی بیان نہیں دیا لیکن مقامی پولیس اور سیکیورٹی سروسز نے آپریشن شروع کردیا ہے۔

٭… افغان حکومتی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق طالبان فورسز نے مقامی داعش انٹیلیجنس اور آپریشنز چیف قاری فتح کو اتوار کی رات آپریشن کرتے ہوئے ہلاک کیا۔قاری فتح کابل میں ہونے والے حالیہ حملوں میں براہ راست ملوث تھا۔ اس نے سفارت خانوں، مساجد اور دیگر کو نشانہ بنایا۔اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی جولائی ۲۰۲۲ءمیں جاری ہونے والی رپورٹ میں قاری فتح کو داعش کا اہم کمانڈر قرار دیا گیا تھا۔

٭… چینی اخبار کی رپورٹ کے مطابق چین سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کےلیے نئے بین الاقوامی پلیٹ فارمز تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔چین نے اگلے پانچ سال میں ترقی پذیر ممالک کے پانچ ہزار فوجیوں کو تربیت دینے کا اعلان کیا ہے۔بیجنگ چاہتا ہے کہ انسداد دہشتگردی، سائبرسیکیورٹی، بائیوسیکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجیز کے سیکیورٹی مسائل بین الاقوامی تعاون کی مدد سے حل کیے جائیں اور ان بین الاقوامی پلیٹ فارمز کو غیر روایتی سیکیورٹی میں گورننس کی بہتری کےلیے استعمال کیا جائے۔چین نے اکتوبر ۲۰۲۲ءمیں برطانوی رائل ایئر فورس کے تیس سابق پائلٹس کو بھی بھرتی کیا تھا تاکہ مغربی ممالک کے لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹرز پر سبقت لی جاسکے۔ دسمبر ۲۰۲۲ءمیں چین نے عرب ممالک کے ۱۵۰۰؍پولیس اور سائبرسیکیورٹی اہلکاروں کو تربیت دینے کی پیشکش کی تھی۔برطانیہ کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا تھا کہ ہم چین کی طرف سے برطانوی مسلح افواج کے سابق افسران کی بھرتیاں روکنے کےلیے فیصلہ کن اقدامات کر رہے ہیں۔

٭… ایران میں قمب کی سکول طالبات پر زہریلی گیس کے حملے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں کچھ طالبات کا ہسپتال میں علاج بھی ہوا۔ ایران کے نائب وزیر صحت یونس پناہی کا کہنا ہے کہ بعض لوگ قمب شہر میں سکول جانے والی بچیوں پر زہریلی گیس سے حملہ کر رہے ہیں تاکہ انہیں تعلیم سے روکا جا سکے۔جان بوجھ کر گیس حملے کیے جا رہے ہیں تاکہ لڑکیوں کے سکول بند کروائے جائیں۔

٭… ۲۷؍فروری کو مشرقی ترکی میں آنے والے ۵.۶ شدت کے زلزلے سے ایک شخص ہلاک جبکہ ۶۹؍افرادزخمی ہوگئے۔زلزلے کا مرکز مالاتیا صوبے کا علاقہ یسلیورٹ تھا جہاں ۶؍فروری کو بھی ہولناک زلزلہ آیا تھا۔ ۶؍فروری کے زلزلے سے ۲۹؍عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا، یہ تمام عمارتیں اب گر چکی ہیں۔پچھلے زلزلوں سے متاثر ہونے والی عمارتیں اس زلزلے میں مکمل تباہ ہوگئیں۔رپورٹس کے مطابق ایک لاکھ ۷۳؍ہزار عمارتوں نے جھٹکے برداشت کرلیے۔

٭… ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے زلزلہ متاثرین کے لیے اپنی ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ہم اپنی رات کو اپنے دن کے ساتھ ملا کر کام کریں گے اور اللہ کے حکم سے اپنا وعدہ ضرور نبھائیں گے۔ ہم یقینی طور پر اپنے شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور جدید عمارتیں بنا کر دیں گے جہاں وہ سکون سے رہ سکیں۔ یاد رہے کہ ۶؍فروری کو ترکی اور شام میں آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد پچاس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

٭… ترکی سے اٹلی جانے والے غیر قانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی۔واقعے میں ۴۵؍افراد ہلاک ہوئے۔ہلاک ہونے والے افراد غیر قانونی مہاجرین تھے اور ان کا تعلق پاکستان، افغانستان اور صومالیہ سے بتایا گیا ہے۔کشتی پر ۱۲۰؍ سے زائد افراد سوار تھے۔کشتی میں سوار ۱۶؍پاکستانی محفوظ رہے جبکہ چار لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔کشتی حادثے میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی قومی ویمن ہاکی اور فٹبال پلیئر شاہدہ رضا بھی جاں بحق ہوئیں۔قومی ویمن ہاکی ٹیم کے ہمراہ کئی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی تھیں۔

دوسری جانب لیبیا کے شہر بن غازی کے قریب بھی کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے۔کشتیوں میں سوار افراد غیر قانونی طور پر اٹلی جارہے تھے۔

٭… یونان میں مسافر اور مال بردار ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں ۳۲؍افراد ہلاک اور ۸۵؍زخمی ہوگئے۔ حادثے کے باعث تین بوگیوں کو آگ لگ گئی جبکہ کئی بوگیاں پٹری سے بھی اتر گئیں۔ مسافر ٹرین میں ۳۵۰؍افراد سوار تھے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آئی ہے۔ حادثے کے بعد ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

٭… جنوبی افریقہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا۔ ملک میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور بلیک آؤٹ جاری ہیں جن سے خانہ جنگی کا خطرہ ہے۔امریکہ اور آسٹریلیا سمیت مغربی ممالک کے سفارت خانوں نے اپنے شہریوں کو کئی دنوں کا کھانا اور پانی ذخیرہ کرنے کا ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے صدر سرل رامافوسا نے بجلی کی بدترین قلت کے ردعمل میں ۹؍فروری کو قومی سطح پر تباہ حالی کا اعلان کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاور گرڈ کو بند کرکے دوبارہ چلانے میں ۶؍سے ۱۴؍دن لگیں گے۔

٭… برطانوی پارلیمنٹ کی پہلی خاتون سپیکر Betty Boothroyd(بیٹی بوتھرائیڈ)۹۳؍برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال پر پارلیمنٹ کے موجودہ سپیکر لنزے ہوئل نے کہا کہ بیٹی بوتھرائیڈمتاثر کن خاتون ہی نہیں متاثر کن سیاستدان بھی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیٹی بوتھرائیڈ کو دوست کہنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔

٭… شمالی چین میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کوئلے کی کان بیٹھ گئی۔ واقعے میں ۶؍افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثے میں ۶؍ افراد کو بچالیا گیا ہے جبکہ ۴۷؍افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بھاری چٹان کان پر گرنے کے مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئے جس سے دیکھنے والوں کے دل دہل گئے۔

٭… ایک تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ سال دنیا بھر میں ۱۸۷؍مرتبہ انٹرنیٹ کی بندش ہوئی۔بھارت مسلسل پانچویں مرتبہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ مرتبہ انٹرنیٹ بند کرنے والا ملک بن گیا۔ رپورٹ کے مطابق ۸۴؍مرتبہ بھارت میں انٹرنیٹ کی بندش ہوئی جس میں سے ۴۹؍مرتبہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ بند کیا گیا۔انٹرنیٹ بندش والے ملکوں کی فہرست میں یوکرین دوسرے نمبر پر ہے جس کی بڑی وجہ روسی فورسز کی جانب سے کم از کم ۲۲؍ بار انٹرنیٹ تک رسائی بند کر دینا ہے۔

٭… پاکستان بھر میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا ہے۔ فیلڈ شمار کنندگان الیکٹرانک ڈیوائسز سے ڈیجیٹل طور پر ڈیٹا جمع کریں گے۔ اس مردم شماری نے پاکستان کے شہریوں کو خودشماری کی سہولت بھی دی ہے، خود شماری پورٹل ۳؍مارچ ۲۰۲۳ء تک دستیاب رہے گا، یہ مردم شماری اقتصادی مردم شماری کے لیے فریم ورک فراہم کرے گی، پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کے لیے خانہ و مردم شماری اہم ہے۔مردم شماری کا پہلا مرحلہ یکم سے ۱۵؍مارچ تک ہو گا، یکم سے۳؍مارچ تک گھروں کی لسٹنگ، ۴؍سے ۱۵؍مارچ تک اندراج کیا جائے گا۔ مردم شماری کا دوسرا مرحلہ ۱۶؍مارچ سے یکم اپریل تک ہو گا۔

٭… ہانگ کانگ ماسک پہننے کی پابندی ختم کرنے والا آخری ملک بن گیا۔کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے ماسک پہننے کی پابندی ۹۴۵؍دن بعد ختم کردی گئی۔ ملک کے راہنما جان لی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ شہریوں کو عوامی مقامات پر یا پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہوگی۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا جب حکومت سیاحوں اور غیر ملکی ملازمین کو دوبارہ اپنی جانب راغب کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ ہانگ کانگ میں ۲۹؍جولائی ۲۰۲۰ءسے شہریوں کو تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی تھی۔

٭… کینیڈا نے چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی لگا دی۔ حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک ایپلی کیشن کے استعمال سے پرائیویسی اور سیکیورٹی کے لیے ناقابل قبول خطرات ہیں۔ یہ فیصلہ چیف انفارمیشن آفیسر کے جائزے کے بعد کیا گیا۔دوسری جانب ٹک ٹاک ترجمان نے کینیڈا کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ میں وائٹ ہاؤس نے ٹک ٹاک پر پابندی کے نفاذ کے لیے وفاقی ایجنسیوں کو تیس دن کا وقت دے دیا ہے۔اس سے قبل یورپی کمیشن بھی چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر چکا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button