یورپ (رپورٹس)

مالٹا میں جلسہ یوم مصلح موعود

(لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل مالٹا)

جماعت احمدیہ میں ۲۰؍فروری کا دن پیشگوئی مصلح موعود کے حوالے سے خاص طور پر یاد رکھا جاتا ہے اور جماعتوں میں یوم مصلح موعود کے حوالے سے جلسے بھی ہوتے ہیں۔ یوم مصلح موعود حضرت خلیفۃ المسیح الثانی المصلح الموعودؓ کی پیدائش کی یاد میں نہیں منایا جاتا بلکہ ایک پیشگوئی کے پورا ہونے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا کے ممبران کو بھی امسال بھرپور رنگ میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز حافظ وقاص احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم مع اردو اور انگریزی ترجمہ سے کیا۔ بعد ازاں اپنی مترنم آواز میں مکرم ناصر محمود صاحب نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی دعائیہ نظم ’’بڑھتی رہے خدا کی محبت خدا کرے‘‘ پیش کی۔ پیشگوئی مصلح موعود کے بابرکت الفاظ دہرانے کی سعادت مکرم مصور احمد صاحب کو ملی۔ مکرم رؤف احمد بابر صاحب نے انگریزی اور اردو زبان کے باہمی امتزاج سے بھرپورمفصل تقریر بعنوان پیشگوئی مصلح موعود کی اہمیت اور عظمت پیش کی۔ مکرم نعمان احمد عاطف صاحب نےنظم ’’ہے دستِ قبلہ نما لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ ‘‘پیش کر کے پروگرام کو چار چاند لگائے۔ پیشگوئی مصلح موعود ایک عظیم الشان خدائی نشان کے عنوان پر خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا) نے اپنی گزارشات اردو اور انگریزی زبان میں پیش کیں۔ پروگرام میں ایک زیرتبلیغ مالٹی غیر از جماعت دوست نے بھی شرکت کی اور پیشگوئی مصلح موعود سے بہت متاثر ہوئے انہوں نے اس موقع پر متعدد سوالات بھی کیے۔ بعد ازاں عمومی طور پر پیش کردہ سوالات کے جوابات دیے گئے۔پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

پیارےمحبوب آقا حضرت سیدنا خلیفہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۸؍ فروری ۲۰۱۱ء میں ہمیں اپنے اپنے دائرے میں مصلح بننے کی طرف توجہ دلائی تھی۔ پیارے محبوب آقا کی خواہش اور دعا کے مطابق اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے اپنے دائرے میں مصلح بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہم اپنے علم سے، اپنے قول سے، اپنے عمل سے اسلام کے خوبصورت پیغام کو ہر طرف پھیلا دیں۔ اصلاحِ نفس کی طرف بھی توجہ دینے والے بنیں۔ اصلاح اولاد کی طرف بھی توجہ دینے والے ہوں اور اصلاحِ معاشرہ کی طر ف بھی توجہ دیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button