یورپ (رپورٹس)

نیند کے موضوع پر صحت سیمینار۔ زیر اہتمام مجلس انصاراللہ ناروے

(رانا مبشر محمود)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ ناروےنےحسب روایت امسال بھی ۵؍فروری ۲۰۲۳ء کوصحت سیمینار منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ اس دفعہ سیمینار کا موضوع نیند اور اس کے مسائل تھا۔ پروگرام کا آغاز رانامبشر محمود صاحب نے سورۃ الرّوم کی آیت ۵۵ کی تلاوت سے کیا جس میں اللہ تعالیٰ نے انسان کو کمزوری کی حالت میں پیدا کرنے اور پھر صحت اور طاقت عطا کرنے کے بعد بڑھاپے اور کمزوری کی طرف لوٹ جانے کا بیان فرمایا ہے۔ اس کے بعدمکرم افتخار حسین اظہر صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا فارسی منظوم کلام پیش کیا۔

محترم صدر مجلس انصاراللہ ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب نے سیمینار کےموضوع کے حوالے سے انصار کو جسمانی اور نفسیاتی صحت کے لیے نیند کی اہمیت واضح کی۔ اللہ تعالیٰ نے نیند کو عارضی موت سے تشبیہ دی ہے۔ اس موضوع پر روشنی ڈالنےکے لیے دو لیکچرز پریزنٹیشن کی شکل میں پیش کیے گئے۔

پہلا لیکچر ڈاکٹر صفدرمسعود ملک صاحب (GP)نے پیش کیا۔ جس میں انہوں نے قرآن کریم میں نیند سے متعلق آیات اور حضرت مصلح موعودؓ کی تفسیر پیش کی اوراپنی پریزنٹیشن میں نیند کے موضوع کو مختلف پہلوؤں سے بیان کیا۔انہوں نے بتایا کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ نیند کی گولیاں استعمال کرتے ہیں جبکہ ان سے نجات ممکن ہے۔ اچھی نیند کے لیے کمرے میں اندھیرا اور ٹمپریچر تقریباً ۱۸ ڈگری ہونا چاہیے۔ ہر قسم کی سکرین سے کم از کم ۲ گھنٹہ قبل فارغ ہوجائیں۔ صبح کو سورج کی روشنی میں نکلنا اور پھر کم از کم آدھ گھنٹہ ورزش، وقت پر سونا اور وقت پر جاگنا، دن کو دو بجے کے قریب بیس منٹ کا قیلولہ کرنا، شام کو کافی، چائے اور کولا جیسے مشروبات سے پر ہیز اور پھر رات کو سونے سے پہلے نیم گرم پانی سے نہانے اور سوتے وقت ہر قسم کی سوچ سے اجتناب سے آپ اچھی نیند پاسکتے ہیں۔

دوسری پریزنٹیشن صدر مجلس انصاراللہ ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب (pulmonologist) کی تھی جس میں انہوں نے نیند کے دوران سانس کے مسائل، خاص طور پر سانس رکنے کی بیماری (sleepapnea) کے بارہ میں بڑی تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔ آپ نے بتایا کہ یہ بیماری بہت عام ہے اور عموماً لوگوں کو اس کا علم نہیں ہوتا۔رات کو بےسکون نیند، نیند نہ پوری ہونے کا احساس، خراٹے، صبح کے وقت سر درد، اور دن کے وقت تھکاوٹ رہے تو ڈاکٹر سے اپنا چیک اپ ضرور کروائیں کیونکہ اس کا اچھا علاج ممکن ہے جس میں ناک یا منہ پر ایک ماسک لگا کر سویا جاتا ہے اور بہت سے مسائل جن میں دل کی بیماریاں، بلڈ پریشر، شوگر، اوردماغ اور یادداشت کے مسائل وغیرہ شامل ہیں، نیز ٹریفک حادثات جو گاڑی چلاتے وقت توجہ کی کمی کی وجہ سے ہوتے ہیں، سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ عموماً یہ مسائل مردوں میں عورتوں کی نسبت زیادہ ہوتے ہیں۔

دونوں پریزنٹیشنز کے بعد احباب کو سوالات کا موقع دیاگیا اور انصار نے اس موضوع سے متعلق اور اس کے علاوہ بھی صحت سے متعلق سوالات کیے۔ جن کے سیرحاصل جوابات دیے گئے۔ انصار نے یہ پروگرام بہت پسند کیا۔

تین بجے محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ ناروے نے اختتامی دعا کرائی اور پھر احباب کی خدمت میں ضیافت پیش کی گئی۔

(رپورٹ: رانا مبشر محمود۔ قائد عمومی مجلس انصاراللہ ناروے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button