یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لٹویا کے تحت وقار عمل

(بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لٹویا)

جماعت احمدیہ ہمیشہ خدمت خلق اور خدمت انسانیّت کے میدان میں پیش پیش رہتی ہے۔ امام الزّمان حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنے ماننے والوں کویہی خوبصورت پیغام دیا تھا۔ ’’مرا مقصود و مطلوب و تمنا خدمتِ خلق است‘‘۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا کے ممبران کو اجتماعی وقارعمل کی توفیق ملی۔ ایک روز ہم لٹویا کے دارالحکومت Riga سے تقریباً ۵۰کلومیٹر کے فاصلے پر واقعSigulda کے علاقے میں واقع “Gauja socialas aprupes maja” نامی ایک کیئر سنٹرکو امدادی سامان دینے گئے تو اس ادارے کی سربراہ Andra Balanenkova صاحبہ نےاس بات کا ذکر کیا کہ یہاں بہت ضعیف اوربوڑھے لوگ رہتے ہیں۔ اُن کے رہائشی کمروں کو رنگ وروغن کیے ہوئے کئی برس ہوچکے ہیں اور کمرے بہت ہی پُرانے لگ رہے ہیں۔ یہاں یورپ میں مرمت کاکام اور مزدوری بہت مہنگی پڑتی ہے اور ہمارا ادارہ یہ اخراجات برداشت نہیں کرسکتا۔

خاکسار نے اُن کو تسلی دی کہ جماعت احمدیہ کے افراد وقارعمل کے ذریعہ یہ خدمت سرانجام دیں گے۔ چنانچہ ہم نے پہلے جماعت کی طرف سے پینٹ کا سامان خرید کر دیا اور پھر۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۲ء کو ہم چھ افراد وقارعمل کے لیے گئے اور چھ سے سات گھنٹے تک دوکمروں کو پینٹ کیا۔ ان کمروں کی رہائشی بزرگ عورتیں بہت خوش تھیں۔ اس ادارے کے کارکنان بار بار آکر ہمارے کام کو دیکھ رہے تھے اور بڑی ممنونیت کا اظہار کررہے تھے۔ جماعت احمدیہ کے اس خوبصورت وقارعمل کو دیکھ کر ہربندہ ہی خوشی ومسرت کا اظہار کررہا تھا۔ سب لوگوں نے ہی جماعت احمدیہ کی خدمت انسانیت کو بہت سراہا۔

اس کیئر سینٹر کی ڈائریکٹر محترمہ Andra Balanenkova صاحبہ نے بھی احمدیہ مسلم جماعت لٹویا اور اس وقارعمل میں حصہ لینے والے تمام ممبران جماعت کا شکریہ ادا کیا۔

ہمارےوقارعمل پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایک سوشل ورکر محترمہ Ligita Steina صاحبہ نے کچھ تصاویر اپنے فیس بُک کے صفحہ پر شیئر کرتے ہوئے Latvian زبان میں لکھا:’’ہم جماعت احمدیہ مسلمہ لٹویا کا دل کی گہرائیوں سےشکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پینٹ کاسامان بھی مہیا کیا اور بورڈنگ ہاؤس کی دیواروں کو پینٹ کرکےبھی دیا۔ اب وہاں کمرےکافی روشن ہوگئے ہیں‘‘۔

اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے لٹویا میں بھی اسلام احمدیت کا پیغام پہنچ رہا ہے۔ الحمد للہ

اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزانہ دعا ہے کہ وہ اس وقارعمل میں حصہ لینے والے تمام احباب جماعت کو جزائے خیر دے اوراللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ مسلمہ لٹویا کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے اورجماعت کو زیادہ سے زیادہ توفیق دے کہ وہ دُکھی انسانیّت کے دُکھ درد بانٹ سکے۔ آمین

(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button