یورپ (رپورٹس)

جلسہ یوم مصلح موعود جماعت احمدیہ لٹویا

(بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لٹویا)

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ لٹویا کو ۲۰؍فروری ۲۰۲۳ء کو لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ رات ساڑھے آٹھ بجے خاکسار (مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت لٹویا) کی زیر صدارت شروع ہوا۔ جلسہ سے قبل نماز مغرب وعشاء جمع کرکےادا کی گئیں۔

جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مکرم توقیر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم جماعت لٹویا نے سورۃ الصف کی آیات ۷ تا ۱۰ کی تلاوت اور اُن کا ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد ایک خادم مکرم انس محمود صاحب نے مکرم مبارک احمد عابد صاحب کی ایک نظم ’’اے فضل عمر تیرے اوصافِ کریمانہ‘‘ میں سے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھ کرسنائے۔ نظم کے بعدمکرم مزمل احمد خان صاحب جنرل سیکرٹری جماعت لٹویا نے پیشگوئی مصلح موعود کے مبارک الفاظ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد تقاریر کا آغاز ہوا اور آج کے جلسہ میں تین تقاریر پیش کی گئیں۔

پہلی تقریر مکرم عطاء الصبور خان صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا لٹویاکی تھی۔ آپ کی تقریر کا عنوان تھا ’’حضرت مصلح موعودؓ کی عظمت‘‘۔

اس کے بعد ہمارے ایک معزّز مہمان ڈچ نومسلم مکرم Drs.Gersom Qiprisçi صاحب نےاپنی ایک دلچسپ تحقیق پیش کی جس میں موصوف نے حروف ابجد اور حساب جمل کے لحاظ سے عہدنامہ قدیم وعہدنامہ جدید اور بعض یہودی کتب کے حوالہ سے بتایا کہ ان کتب میں حضرت مصلح موعودؓ اور جماعت احمدیہ کا پیشگوئی کے رنگ میں ذکر پایا جاتا ہے۔ موصوف ایک پبلشر، ایک لکھاری اور ترجمان ہیں۔ چار سال قبل ان کو اسلام قبول کرنے کی توفیق ملی تھی۔ گذشتہ آٹھ ماہ سے یہ نماز جمعہ اور دیگر پروگراموں میں شامل ہورہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مسلمہ کی صداقت کے بھی قائل ہوچکے ہیں۔ تاہم ابھی بیعت نہیں کی۔

آج کے پروگرام کی دوسری تقریر کی سعادت مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال جماعت لٹویا کے حصّہ میں آئی۔ آپ نے اپنی تقریر میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا وہ تاریخی خطاب پڑھ کرسنایا جو حضورؓ نے ۱۴؍مارچ ۱۹۱۴ء کو احباب جماعت سے فرمایا تھا۔

آج کے اجلاس کی آخری تقریر خاکسار کی تھی۔ خاکسار کی تقریر کا عنوان تھا ’’وہ علوم ظاہری وباطنی سے پُرکیا جائے گا‘‘۔ خاکسار نے حضرت مصلح موعودؓ کے اپنے الفاظ میں اس موضوع کی اہمیت کو واضح کیا اور بتایا کہ پیشگوئی مصلح موعود کا یہ حصّہ بھی آپؓ کی ذات بابرکات میں بڑی شان سے پورا ہوا اور حضرت مصلح موعودؓ اللہ تعالیٰ کی طرف سے علوم ظاہری وباطنی سے پُرکیے گئے۔ اس کے ساتھ ہی خاکسار نے جلسہ میں شامل ہونے والے اور جلسہ کا انتظام کرنےوالےتمام خواتین وحضرات کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ ہمارے جلسہ میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والےایک غیراحمدی مسلمان بھائی بھی شامل تھے۔ ایک ازبک احمدی بھائی بھی آج کے جلسہ میں رونق افروز تھے۔ اس لیے جلسہ کی ساری کارروائی انگریزی زبان میں ہی پیش کی گئی۔

دعا کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے اس مبارک جلسہ کا اختتام ہوا۔جلسہ کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ کھانا صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ لٹویا اور اُن کی ٹیم نے مشن ہاؤس میں ہی تیار کرنے کی توفیق پائی۔ فجزاھم اللّٰہ جمیعًا

آج کے جلسہ میں لٹویا جماعت سے ایک ناصر کے علاوہ نوخدّام، تین لجنہ ممبرات، ایک بچہ اور ایک سری لنکن مہمان اور ایک ڈچ نومسلم شامل ہوئے۔ اس طرح کل حاضری ۱۶ رہی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ لٹویا کو بے شمار ترقیات سے نوازے اور لٹویا جماعت کی رونقیں بڑھاتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button