حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…دنیا کے بعض حصوں میں رمضان المبارک۱۴۴۴ھ کا چاند ۲۲؍مارچ جبکہ دیگر ممالک میں ۲۳؍ مارچ کی شام کو دیکھا گیا۔

٭…۱۹۱۳ء سے شائع ہونے والا برصغیرکا قدیم اردو اخبار ایک ‘الفضل ’ جس کا انٹرنیشنل ایڈیشن ۱۹۹۴ء سےبرطانیہ سے ہفتہ وار اور بعد ازاں ۲۰۱۹ء سے سہ روزہ اخبار کی شکل میں شائع ہوتا رہا اب ۲۳؍مارچ۲۰۲۳ءبمطابق یکم رمضان المبارک سے اس کی اشاعت بطور روزنامہ شروع ہو گئی ہے۔

٭…سعودی وزارت حج وعمرہ نے کورونا وائرس کے غیر ویکسین شدہ افرادکو مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نماز کی ادائیگی کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نُسک ایپ سے عمرہ پرمٹ بھی لے سکتے ہیں۔ مسجدالحرام میں اعتکاف کے ۲۵۰۰؍مقامات تیار ہیں۔انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ رمضان میں نمازیوں کےلیے مسجدالحرام کی چھت پر بھی انتظام کرلیا گیا ہے۔

٭…متحدہ عرب امارات میں وزیراعظم شیخ محمد بن زید النہیان نے رمضان المبارک سے قبل ایک ہزار سے زائد قیدیوں کی سزائیں معاف کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہر سال رمضان المبارک کے ساتھ ساتھ دیگر مقدس اور مذہبی تہواروں سے پہلے قیدیوں کی سزائیں معاف کی جاتی ہیں۔

٭… اسرائیلی اور فلسطینی حکام کے درمیان مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی تشدد روکنے کا طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ مصر میں ہونے والی ملاقات میں امریکی، مصری اور اردنی حکام بھی شامل تھے۔ حکام نے اسرائیل فلسطین کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں مقبوضہ بیت المقدس کا تقدس پامال نہ کیا جائے۔ معاہدے پر اسرائیل یا فلسطینیوں کی طرف سے کوئی اضافی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

٭… چین کی پیش کردہ روس یوکرین امن تجاویز پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ کوئی بھی منصوبہ جو غیرمنصفانہ نتائج دے، تعمیری سفارت کاری نہیں۔ یہ بات شکوک پیدا کرتی ہے کہ چین یوکرین کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کا تحفظ کررہا ہے۔ یوکرین سے روسی افواج کے انخلا کے بغیر جنگ بندی روسی فتح کی توثیق کی حمایت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی امن تجاویز میں روس یوکرین امن بات چیت، علاقائی سالمیت کا احترام اور جنگ بندی شامل ہیں۔

٭… فرانس میں ایک نئے قانون کے تحت بچوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ فرانس کے قانون سازوں نے یہ فیصلہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا ہے، اس نئے قانون کے تحت والدین کو اپنے بچوں کی اجازت کے بغیر ان کی تصاویر کو انٹرنیٹ پر شیئر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

٭…ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سعودی ہم منصب سے ملاقات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات پر رضا مند ہیں۔ ایران اور سعودی عرب نے ۱۰؍مارچ کو دو طرفہ تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایران اور سعودی عرب کا دو ماہ کے اندر اپنے اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق ہوا ہے۔

٭…۲۱؍مارچ کی رات ۹:۴۷ پرپاکستان میں ۶.۸ شدت کا زلزلہ آیاجس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا۔زلزلے کے بعد رات ۱۰:۴۳ پر ۳.۷ شدت کا ایک آفٹرشاک بھی آیا۔دیواریں اور چھت گرنے کے مختلف واقعات میں ۱۲؍افراد جاں بحق اور ۲۰۰؍سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ شمالی علاقہ جات میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔قادیان اورربوہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

٭… اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے حل کے نیٹ ورک کی جانب سے خوشی کے عالمی دن کے موقع پر جاری ہونے والی رپورٹ میں لوگوں میں خوشی کا پیمانہ جاننے کے لیے انفرادی انکم، سماجی مدد، صحت مند زندگی کی توقع، آزادی، سخاوت اور کم کرپشن پر نظر ڈالی گئی۔ رپورٹ کے مطابق خوشحال ممالک کی فہرست میں فن لینڈ کا پہلا، ڈنمارک کادوسرا اور آئس لینڈ کا تیسرا نمبر ہے۔ اس رپورٹ میں افغانستان اور لبنان کو غمگین ممالک قرار دیا گیا ہے۔

٭… اپریل کے اوائل میں روس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک غیر رسمی اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لیے اس کا کہنا ہے کہ وہ یوکرینی بچوں کو روس لے جائے جانےکی حقیقی صورت حال کے بارے میں ہوگا۔یاد رہے کہ ولادی میر پیوٹن کے وارنٹ گرفتاری کے بعد بین الاقوامی فوجداری عدالت نے روسی صدر پر جنگی جرائم میں لوگوں، خاص طور پر بچوں کی غیر قانونی ملک بدری اور یوکرین کے مقبوضہ علاقوں سے روسی فیڈریشن میں ان کی غیر قانونی منتقلی کا الزام عائد کیا تھا۔

٭… جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی سے ملاقات کے لیے منگل کے روز کیف پہنچے ۔ ان کی آمد کا مقصد اپنی حمایت کا اظہار کرنا تھا ۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا جب روسی صدر ولادی میر پیوٹن چینی راہنما شی جن پنگ کی میزبانی کر رہے تھے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button