افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کی طرف سے طبی امداد کی ٹریننگ

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)

مہتمم صاحب خدمت خلق مکرم حافظ محمد آصف بیان کرتے ہیں کہ مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کی طرف سے مورخہ ۱۲؍ مارچ ۲۰۲۳ء بروز اتوار جماعت کی جامع مسجد بیت السلام میں خدام و اطفال کو طبی امدا د کی ٹریننگ دینے کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔

یہ پروگرام صبح گیارہ بجے شروع ہوا۔ پروگرام کے آغاز میں مکرم مشہود احمد صاحب مربی سلسلہ نے دعا کروائی۔ اس کے بعد مہتمم خدمت خلق نے تمام شاملین کو خوش آمدید کہا۔ بعدازاں ایک خادم مکرم یحییٰ سیسے (Yahya Ceesay) نے پروجیکٹر کے ذریعہ ایک لیکچر دیا جس کا موضوع ’’ہماری روزمرہ زندگی میں طبی امداد کا علم ہونا ہمارے لیے کتنا ضروری ہے‘‘تھا ۔ اس کے بعد مکرم مہتمم صاحب نے عطیہ خون (Blood Donation)کی اہمیت کے عنوان پر لیکچر دیا۔اسی دوران انہوں نے پروجیکٹر پر تصاویر اور ویڈیوز کی مدد سے طبی امداد کی بنیادی معلومات کے بارے میں بتایا۔ لیکچر کے بعد مہتمم صاحب نے ڈمیز (dummies)کے ذریعہ لیکچر کی عملی مشق بھی کرکے دکھائی۔ بعض خدام نے بھی اس مشق کو دہرایا اور پریکٹیکل کرکے اپنے علم میں اضافہ کیا۔

شاملین نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس سے ہمارے علم میں بہت سی نئی باتیں آئی ہیں اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرام جاری رہنے چاہئیں اور زیادہ سے زیادہ احبا ب کو ان میں شمولیت اختیار کرنی چاہیے کیونکہ یہ ہمارے اپنے ہی فائدے کے لیے ہیں۔

پروگرام دو گھنٹے تک جاری رہا جس کے اختتام پر تمام شاملین میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر ریجن کے ایریا مشنری اور جماعتی پریس کے مینیجر بھی موجود تھے جنہوں نے خدام الاحمدیہ کو اس قسم کے پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد دی اور حوصلہ افزائی کی۔ اس پروگرام میں اکیس خدام ، گیارہ اطفال اور دو انصار نے شرکت کی۔یوں کُل حاضری ۳۴؍ رہی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button