یورپ (رپورٹس)

عائشہ دینیات اکیڈمی جرمنی کا دوسرا جلسہ سیرت النبیﷺ

(صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

مکرمہ سعدیہ تسنیم سحر صاحبہ نگران جلسہ جات عائشہ دینیات اکیڈمی جرمنی تحریر کرتی ہیں کہ خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ نومبر ۲۰۲۲ء میں عائشہ اکیڈمی جرمنی کواپنا دوسرا جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

عائشہ اکیڈمی جرمنی کے تحت منعقد ہونے والے اس جلسہ سیرت النبیﷺ کی صدارت نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ جرمنی محترمہ حامدہ سوسن صاحبہ نے کی۔ مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی کی اہلیہ محترمہ منور ناصرہ صاحبہ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئیں۔ نیشنل سیکرٹری تربیت محترمہ عالیہ ورک صاحبہ بھی اس جلسہ میں تشریف لائیں۔ پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے ہوا۔ نظامت کے فرائض عزیزہ تنزیلہ طیب طالبہ سال اوّل نے سرانجام دیے۔

اس تقریب کی تیاری اور کلاس روم کی تزئین وآرائش میں چار طالبات نے حصہ لیا اور پروگرام سے ایک روز پہلے کمرے کو حضورﷺ کے اسمائے مبارکہ، نعتیہ اشعار اور مختلف آرائشی اشیا سے سجایا گیا ۔طالبات نے نگران جلسہ جات مس سعدیہ تسنیم سحر صاحبہ کی راہنمائی میں جملہ انتظامات بڑے احسن انداز میں بروقت مکمل کرنے کی توفیق پائی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت عزیزہ انیلہ افضل کے حصہ آئی۔ حدیث مبارکہ عزیزہ ضوفشاں سرور طالبہ سال دوم نے پیش کی۔ نعت رسول مقبولﷺ عزیزہ مدیحہ احمد طالبہ سال اوّل نے مترنم آواز میں پیش کی۔

اس تقریب کی پہلی اردو تقریرعزیزہ روحی رحمان نے بعنوان ’’آنحضرتﷺکا توکل علیٰ اللہ‘‘ حاضرین کے سامنے پیش کی۔

دوسری تقریر بزبان جرمن عزیزہ لبیبہ احمد نے ’’آنحضرت ﷺ کا ازواج مطہرات کے ساتھ حسن سلوک‘‘ کے موضوع پر کی۔ عزیزہ نے حضور ﷺ کی سیرت کے اس پہلو پر سیر حاصل اور بھرپور انداز میں روشنی ڈالی۔

اس کے بعد بیک وقت جرمن اور اردو زبان میں ہجرت مدینہ کے موضوع پر دو طالبات، عزیزہ ماریہ صدف اور نتاشا کرن نے ایک پریزنٹیشن پیش کی جو کہ بڑی محنت سے تیار کی گئی تھی۔

معلمہ عائشہ اکیڈمی مس رافعہ محی الدین صاحبہ نے آنحضرت ﷺ کی نصرت الٰہی کے موضوع پر جرمن زبان میں مفصل تقریر کی جس میں انہوں نے قرآن اور حدیث اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات کی روشنی میں اس موضوع کا احاطہ کیا۔

آخری تقریر خاکسار سعدیہ تسنیم سحر نے ’’آنحضرتؐ کا تعلق باللہ‘‘ کے عنوان سے پیش کی اور اس موضوع پر معلومات طالبات کو بہم پہنچائیں۔

پروگرام کے آخر پر طالبات کے درمیان سیرت النبیﷺ کے عنوان سے ایک کوئز پروگرام کروایا گیا۔

آخر پر صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے طالبات کو’’احمدی مسلم عورت کی ذمہ داریاں‘‘ کے بارے میں بتایا کہ ایک احمدی بچی کی کیا شان ہے اور اس کا رہن سہن، چال چلن کیسا ہونا چاہیے۔ مہمان خصوصی نے آنحضرت ﷺ کی سیرت کے مختلف پہلووٴں پر طالبات کو معلومات بہم پہنچائیں اور تبلیغ کے طریقوں کے متعلق اپنے ذاتی مشاہدات کی روشنی میں تحریک کی اور بعض ایمان افروز واقعات بھی طالبات کو سنائے۔

محفل میں شریک مہمانوں نے بھی اپنے اپنے انداز میں سیرت النبیﷺ کے مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا اور سب شرکاء دست بدعا تھے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی آنحضرتﷺ کے اسوہ کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کرنے کی توفیق عطافرمائے۔اللہ تعالیٰ ہمیں آنحضرتﷺ پر کثرت سے درود بھیجنے والا بنائے جس طرح اللہ اور اُس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button