افریقہ (رپورٹس)

افتتاح مسجد خدیجہ،لائبیریا

(فرخ شبیر لودھی۔ مبلغ سلسلہ لائبیریا)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے سالِ رواں کو لجنہ اماء اللہ دنیا بھر میں صد سالہ جوبلی کے طور پر منارہی ہے۔ لجنہ اماء اللہ لائبیریا نے بھی اظہار تشکر کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب دیے ہیں جن میں سے فی الوقت ایک خوبصورت مسجد کی تعمیر کا ذکر مقصود ہے۔

یہ مسجدبومی کاؤنٹی، لائبیریا کی ایک جماعت Leayan میں تعمیر کی گئی ہے۔ اس جگہ پر جماعت احمدیہ کا پیغام ۱۹۹۹ء میں محمد اکرم باجوہ صاحب سابق امیر و مشنری انچارج لائبیریا کے ذریعہ پہنچا۔ مسجد کی تعمیرِنو سے قبل یہاں پر مٹی اور گارے سے بنی ہوئی مسجد موجود تھی جو مرور زمانہ کے ساتھ ساتھ خستہ اور اپنی وسعت کے اعتبار سے ناکافی ہو چکی تھی۔ چنانچہ یہاں پر لجنہ اماء اللہ نے صد سالہ جوبلی کے اظہار تشکر کے لیے مسجد کی تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا۔ یکم جون ۲۰۲۱ء کو مکرم امیر صاحب نے اس کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر لجنہ اماء اللہ، ناصرات الاحمدیہ اور واقفاتِ نو کو بھی سنگ بنیاد رکھنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس مسجد کا کل احاطہ ۱۸۴۶؍مربع فٹ ہے۔ جس میں مردو خواتین کے لیے الگ الگ نماز کی جگہ بنائی گئی ہے اور بیک وقت ۱۵۰؍احباب نماز ادا کرسکتے ہیں۔ مسجد میں سولر پینل اور MTA کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس مسجد کی تعمیر پر کل بارہ ہزار امریکن ڈالرز صرف ہوئے ہیں جو لجنہ اماء اللہ لائبیریا کی طرف سے ادا کیے گئے ہیں۔ مسجد کے عقبی جانب ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے ہینڈ پمپ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

مورخہ ۱۶؍اکتوبر ۲۰۲۲ء کو ’’مسجدخدیجہ‘‘ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر ومشنری انچارج لائبیریا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر لجنہ اماء اللہ لائبیریا کا ایک خصوصی وفد بھی منروویا سے مسجد کے افتتاح کے لیے Leayan پہنچا۔

صبح ساڑھے گیارہ بجے مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا رسمی افتتاح کیا۔ بعدہٗ استاذ محمد جونسن صاحب لوکل مشنری نے تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا جس کے بعد چند غیر از جماعت ائمہ کرام اور ٹاؤن چیفس کو اظہار خیال کی دعوت دی گئی جس میں انہوں نے جماعت احمدیہ کی خدمت اسلام و انسانیت کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے آخر پر مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میںمسجد کو ’’خدیجہ‘‘ سے موسوم کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے حضرت سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ نیز مسجد میں عبادت کا حق ادا کرنے کے ساتھ ساتھ تبلیغ کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔

اس بابرکت تقریب میں کل ۲۵۰؍افراد نے شرکت کی جن کی بعد ازاں کھانے سے تواضع بھی کی گئی۔اللہ تعالیٰ ان تمام ممبرات لجنہ اماء اللہ کو دین و دنیا کی حسنات سے نوازے جنہوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور اس مسجد کی تعمیر کے لیے مالی قربانی پیش کی۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button