افریقہ (رپورٹس)

گیمبیا کے ایک ریجن میں یوم تبلیغ

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)

جماعت احمدیہ گیمبیا نےمورخہ۱۹؍ فروری ۲۰۲۳ء بروز اتوار ملک بھر میں نیشنل یوم تبلیغ منایا گیا۔ الحمدللہ

ملک کے باقی ریجنز کی طرح لوئر ریور ریجن میں بھی جماعتی سطح پر یوم تبلیغ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں قبل از وقت داعیان الی اللہ کی فہرستیں تیار کی گئیں۔ داعیان سے رابطے کیے گئے اور ان کی کلاسز کا انعقاد کیا گیاجن میں جماعتی عقائد کی بنیادی معلومات کے ساتھ ساتھ متعلقہ لٹریچر بھی مہیا کیا گیا۔ اس کے علاوہ داعیان کی مختلف ٹیمیں بنائی گئیں اور ان کو وفود کی شکل میں تبلیغ کے لیے زرخیز جگہوں کا انتخاب کرکے انہیں وہاںروانہ کیا گیا۔

ایسے احباب جو وفود کی شکل میں نہ نکل سکتے ہوں ان کو انفرادی طور پر اپنے دوست احباب میں تبلیغ کرنے کی تحریک کی گئی۔ ممبرات لجنہ اماءاللہ کو بھی غیر احمدی ہمسائیوں اور غیراحمدی رشتہ داروں کو تبلیغ کرنے کا کہا گیا۔

یوم تبلیغ سے قبل آنے والے جمعۃ المبارک کو تبلیغ کی اہمیت پر خطبات دیے گئے۔ ایسے احباب جو بیمار ہونے کی وجہ سے تبلیغ کے لیے نہیں جاسکتے تھے ان کو حضرت خلیفۃ المسیح کا ارشاد سنایا گیا کہ اگر آپ تبلیغ کے لیے باہر نکلنے سے قاصر ہیں تو گھر بیٹھے، چارپائی پر لیٹے ہوئے مبلغین کی کامیابی کے لیے دعائیں کرکے اس کارخیر میں شامل ہوسکتے ہیں۔ یوں ہر لحاظ سے ہر احمدی کو تبلیغ میں حصہ لینا چاہیے۔

اس دفعہ ریجن کے ہیڈکوارٹر کے قصبہ سوما (Soma) میں ایک تبلیغی سٹال بھی لگایا گیا۔ جس میں سادہ قرآن کریم، انگلش ترجمہ، قرآن کریم کے مقامی زبانوں میں تراجم کی کاپیاں رکھی گئیں۔ اس کے علاوہ جماعت احمدیہ کے عقائد پر دیگر جماعتی لٹریچر رکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سٹال پر آنے والے افراد نے سب سے زیادہ توجہ قرآن کریم کے تراجم پر دی۔

مجموعی رپورٹ کے مطابق تمام ریجن میں اکیس ٹیمیں وفود کی شکل میں نکلیں جن میں کل ۹۵؍ داعیان شامل ہوئے اور انہوں نے ۳۰؍ مختلف مقامات پر تبلیغ کی۔ ان کے ذریعہ اللہ کے فضل سے تقریباً ۱۱۵۰؍ افراد تک احمدیت کا پیغام پہنچا۔ انفرادی طور پر تبلیغ کےلیے نکلنے والے احباب اس کے علاوہ ہیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے دوران ماہ دس سعید روحوں نے بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی۔الحمدللہ

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button