عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…۱۷ویں روزے بروز ہفتہ نمازِ مغرب سے آدھا گھنٹہ قبل مکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے باعث مکہ مکرمہ کے کئی علاقے اور شاہراہیں زیر آب آگئیں۔

٭…دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ۹؍ اپریل بروزاتوار ایسٹر کا تہوار منایا۔ ویٹی کن سٹی میں پوپ فرانسس نے دعا کرائی اور شمعیں روشن کی گئیں۔ گرجا گھروں میں مڈنائٹ سروسز کا انعقاد کیا گیا۔

٭…عمان کا وفد حوثیوں سے جنگ بندی اور امن پر بات چیت کے لیے یمن پہنچ گیا۔ سعودی عرب اور ایران میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد یمن میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ یمن میں جنگ بندی اور امن کے لیے عمان کی ثالثی میں مذاکرات ہوں گے۔حوثیوں کے مذاکرات کار محمد عبدالسلام نے یمن سے غیر ملکی فورسز کے انخلا، معاوضوں اور تعمیرِنو کا مطالبہ کیا ہے۔

٭…اسرائیلی طیاروں کی جانب سے شام میں فوجی اہداف پر بمباری کی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شامی فوج کے کمپاؤنڈ، ریڈار سسٹم اور آرٹلری پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ شام کی جانب سے فائر کیے گئے راکٹوں کے جواب میں اسرائیل نے بمباری کی ہے۔

٭… تائیوان کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی تائیوان کے ارد گرد مشقیں دوسرے روز بھی جاری ہیں۔ تائیوان کے ارد گرد نو جنگی جہاز اور ۵۸؍طیارے دیکھے گئے ہیں اور چین کی راکٹ فورس کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تائیوان میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ بیجنگ کی سرگرمیوں کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں، چین کے ساتھ رابطے کے چینلز کھلے ہوئے ہیں، تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔خطے میں امن یقینی بنانے کے لیے کافی وسائل اور صلاحیتیں موجود ہیں۔

٭…صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس کے اختیارات محدود کرنے پر مبنی ’سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل‘ پارلیمان کو واپس بھجوا دیا ہے۔ صدر علوی نے کہا کہ بل قانونی طور پر مصنوعی اور ناکافی ہونے کے باعث عدالت میں چیلنج ہو سکتا ہے۔ لہٰذا اس بل کی درستگی کے بارے میں جانچ پڑتال پوری کرنے کے لیے دوبارہ غور کرنے کے لیے واپس بھجوانا ضروری ہے۔تسلیم شدہ قانون تو یہ ہے کہ آئینی دفعات میں ایک عام قانون سازی کے ذریعے ترمیم نہیں کی جاسکتی۔صدر کا کہنا ہے کہ بادی النظر میں یہ بل پارلیمنٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔خیال رہے کہ مذکورہ بل اس ہفتے پارلیمان سے منظوری کے بعد صدرِ مملکت کو بھجوایا گیا تھا۔

٭…امریکی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی بدحالی کی شکار معیشتوں پر واجب الادا تقریباً ۵۲۰؍ ارب ڈالر کے قرض کو معاف کیا جانا چاہیے۔ پاکستان، ملاوی اور ایتھوپیا جیسے ممالک پر حال ہی میں موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے سبب معاشی بدحالی اور مالیاتی دباؤ ہے۔قرضے معاف کرنے سے ان کی مالیاتی صورت حال بہتر ہوگی اور موسمیاتی اور ترقیاتی اہداف پورے ہوسکیں گے۔

٭…پاکستان کی قومی سلامتی کی کمیٹی نے ایک اعلان میں ملک میں موجود انتہا پسند عسکری گروہوں کے خاتمے کے لیے ایک نیا ملک گیر آپریشن شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ کمیٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ ان معاشی مسائل کے دوران یہ فیصلہ کرنا ایک مشکل امر تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں، جب پاکستان کو شدید سیاسی و معاشی مشکلات کا سامنا ہے، قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف نئے آپریشن کا اعلان ملکی معیشت پر کیا اثرات مرتب کرے گا؟بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا بیل آؤٹ پروگرام نومبر سے تعطل کا شکار ہےاور ملک میں سیاسی گرما گرمی بھی عروج پر ہے۔ یاد رہے کہ ۲۰۱۴ء میں بھی انتہا پسند عسکری گروہوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کے باعث ملکی خزانے پر اربوں ڈالر کا بوجھ پڑا تھا اور دس لاکھ سے زائد لوگ بے گھر اور سینکڑوں مارے گئے تھے۔پاکستان میں گذشتہ چند مہینوں کے دوران انتہا پسند گروہوں کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ خاص طور پر جب سے حکومت اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مابین مذاکرات کا سلسلہ منقطع ہوا ہے۔

٭…سیرگئی لاوروف نے ترک دارالحکومت انقرہ میں قیام کے دوران اپنے ترک ہم منصب مولود چاؤش اولو سے ملاقات کی اور اس کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ روس یوکرین جنگ کے حوالے سے اس خونریز تنازعے کے خاتمے کی وجہ بن سکنے والے ممکنہ امن مذاکرات پر روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کھل کر بات کرتے ہوئےکہا کہ ایسی کوئی بھی امن بات چیت صرف ایک ’نیو گلوبل آرڈر‘کے تحت ہی ممکن ہو سکے گی۔سیرگئی لاوروف نے کہا کہ ایک ’نیا عالمی نظام‘ ایسا ہونا چاہیے، جس میں عالمی سطح پر امریکہ کو کوئی غلبہ حاصل نہ ہو۔ یوکرینی جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی بھی امن مذاکرات صرف روسی مفادات کو مدنظر رکھنے کی بنیاد پر ہی ہو سکتے ہیں۔ بات ان اصولوں کی ہے جو ایک نئے عالمی نظام کی بنیاد بنیں گے۔

٭…چین کے دورے پر گئے ہوئے فرانسیسی صدر میکرون کی کوشش ہے کہ بیجنگ ماسکو پر دباؤ ڈالتے ہوئے اسے یوکرین میں قیام امن پر مجبور کرے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button