یورپ (رپورٹس)

نیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ مجلس انصاراللہ جرمنی

مجلس انصاراللہ جرمنی کا سالانہ سپورٹس ٹورنامنٹ مورخہ ۵؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز اتوار Marburg میں منعقد ہوا۔ مبارک احمد شاہدصاحب صدرمجلس انصاراللہ جرمنی نے شیخ محمد عمران صاحب نائب صدرصفِ دوم کو اس ٹورنامنٹ کے لیے منتظم اعلیٰ مقرر کیا جنہوں نے ۲۷؍ممبران پر مشتمل ایک سپورٹس کمیٹی تشکیل دی۔ علاوہ ازیں اس موقع پر صدرصاحب مجلس نے ایک تربیتی کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔

ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے شہر کی انتظامیہ نے بھرپور تعاون کرتےہوئے دو بڑے سپورٹس ہال بلامعاوضہ پیش کیے تھے۔ افتتاحی تقریب صبح دس بجے مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ کی صدارت میں مرکزی ہال میں منعقد ہوئی۔ قرآن کریم کی تلاوت اور جرمن ترجمہ کے بعد تمام حاضرین انصار نے صدرصاحب مجلس کےساتھ مل کر انصاراللہ کا عہد دہرایا۔ افتتاحی تقریر میں صدرصاحب نے انسانی صحت وتندرستی میں کھیلوں کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں شاہد جاوید صاحب قائد ذہانت وصحت جسمانی نے کھیلوں کی تفصیل سے آگاہ کیا اور قواعد وضوابط پیش کیے۔

اس سپورٹس ٹورنامنٹ میں کُل چار کھیلوں کے مقابلہ جات کا انعقاد کیاگیا۔ فٹ بال اور والی بال کے مقابلوں میں علاقہ جات کی ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس کے مقابلہ جات میں انصار انفرادی طورپر شریک ہوئے۔ سنگلز اور ڈبلز کی بنیاد پر ہونے والے یہ مقابلہ جات صف اول اورصف دوم کے انصار کے لیے علیحدہ علیحدہ منعقد کیے گئے تھے۔

مقابلہ جات کےاختتام کے بعد شام ساڑھے چھ بجے اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا۔ پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں صدرصاحب نے انعامات تقسیم کیے۔ اپنے اختتامی کلمات میں آپ نے کھلاڑیوں کے جوش وجذبہ کو سراہتے ہوئے دور و نزدیک سے آئے ہوئے کھلاڑیوں اور دیگر شاملین کا شکریہ ادا کیانیز انہیں آئندہ بھی ورزش وغیرہ جاری رکھنے کی تلقین کی۔

وقفہ کے دوران نماز ظہرو عصرادا کی گئیں۔ تمام شرکا ٹورنامنٹ کے لیے ناشتہ اور اسی طرح دوپہر اور شام کے کھانوں کے علاوہ چائے، پھل اور دیگر ریفریشمنٹ کااہتمام کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کی کل حاضری تقریباً ۴۰۰ رہی۔الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: ڈاکٹر وسیم احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button