امریکہ (رپورٹس)

پریری ریجن کینیڈا میں واقفات نَو کا سالانہ تربیتی پروگرام

(بشریٰ نذیر آفتاب بنت نذیر احمد خادم، سسکا ٹون، کینیڈا)

ہر سال کینیڈا میں واقفین نو کا دن ۱۱ و۱۲؍فروری کو بڑے اہتمام سے منایا جاتا ہے جس کا مقصد واقفین نو کے علم میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات و ارشادات ان بچوں اور ان کے والدین تک پہنچانا ہوتا ہے۔ نیشنل شعبہ وقف نو کے تیارکردہ پروگرام کے مطابق ۱۱؍فروری بروزہفتہ مسجد بیت الرحمت سسکاٹون میں لجنہ اماءللہ پریری ریجن کو ریجنل سطح پر اس دینی مجلس کے انعقاد کی توفیق ملی۔ والدین کی سہولت کے لیے واقفین نو لڑکوں اور لڑکیوں کا پروگرام ایک ہی دن ایک ساتھ منعقد ہوا۔ سسکاٹون کی تینوں جماعتوں سے واقفات اور ان کی ماؤں نے اس پروگرام میں بنفس نفیس شامل ہوکر پروگرام سے بھر پور استفادہ کیا جبکہ ریجائنا(Regina) اور ونی پیگ(Winnipeg) سےواقفات اور ان کی مائیں دُور دراز کی مسافت اور شدید سردی کی وجہ سے آن لائن اس پروگرام میں شامل ہوئیں۔

یومِ وقف نو کی ابتدا تلاوت قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ سے ہوئی۔ پھر ’’علم حاصل کرنے کی اہمیت اور افادیت‘‘ کے عنوان پراحادیث مبارکہ مع انگریزی ترجمہ پیش کی گئیں۔ ازاں بعد خاکسار نے واقفین نو کینیڈا کے نیشنل اجتماع کے موقع پر بھجوایا گیا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کاواقفین نو کے نام پیغام تمام حاضرات کو پڑھ کر سنایا۔ معاً بعد واقفات نو نے طِب اور ٹیچنگ پر پریزنٹیشن پیش کی۔اسی طرح عزیزہ سلمانہ عامر اور جاذبہ الہام نے ’’بحیثیت ممبر لجنہ اماء اللہ، لجنہ کے کاموں میں حصہ لینا اور جماعتی خدمت کے لیے اپنے آپ کو پیش کرنا‘‘ پر معلوماتی گفتگو کی۔

پروگرام کے آخر پر لوکل صدرات لجنہ اماء اللہ اور فعال واقفات نو نے تمام شاملات کے ساتھ جماعتی خدمات کی برکات پر نہایت ایمان افروزواقعات پیش کیے۔

سوال و جواب کی محفل کے لیے واقفات نو سے سوالات قبل از وقت ہی اکٹھے کر لیے گئے تھے۔ بچیوں کی طرف سے پوچھے گئے تمام سوالات کے جوابات حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ہونے والی آن لائن ملاقاتوں سے ویڈیو کلپس نکال کر حضور انور کی آواز میں سنائے گئے۔

اختتام پر خاکسار نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی واقفین نو اور ان کے والدین کے لیے کی گئی نصائح میں سے چند ایک بیان کیں۔ دعا کے بعد تمام شاملات کی تواضع کی گئی۔الحمدللہ ریجن بھر سے۸۸؍ واقفات نو اور ۶۵؍ مائیں شامل ہوئیں۔ الحمد للہ

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button