حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… مورخہ ۲۲ اور ۲۳؍اپریل ۲۰۲۳ء جمعة المبارک اورہفتہ کے روز دنیا بھر کے مسلمانوں نے مذہبی جوش و خروش کے جذبہ کے ساتھ عید الفطرمنائی گئی۔ اس حوالے سے امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۲؍اپریل بروزہفتہ اسلام آباد، ٹلفورڈ سے خطبہ عید ارشاد فرمایا۔تفصیلات کے لیے ملاحظہ ہو صفحہ اوّل اور دو۔

٭… حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ عید الفطر میں سوڈان کے حالات سے متعلق دعا کی تحریک کرتے ہوئے فرمایاکہ ’’وہ مسلمان جو کہ سوڈان میں فاقوں میں گرفتار مسلمانوں کے ہاتھوں عید کی خوشیوں سے محروم ہیں اور اپنے سامنے اپنے پیاروں کو سسکتا اور مرتا دیکھ رہے ہیں ان کے لیے دعا کریں۔ ہمارے پاس مادی وسائل تو نہیں کہ وہاں جا کر ان کی مدد کریں لیکن دعا کرکے ان کی مدد کر سکتے ہیں‘‘۔

٭…سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کی لڑائی دوسرے ہفتے میں داخل ہوگئی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق سوڈان میں لڑائی کے دوران اب تک چار سو سے زائد افراد ہلاک اور تین ہزار ۵۵۱؍زخمی ہو چکے ہیں۔لڑائی کے باعث خوراک کی قلت کا سامنا ہے، بجلی بھی بند ہے۔ سوڈان میں لڑائی سے لاکھوں افراد فاقہ کشی کا شکار ہو سکتے ہیں۔

٭…گذشتہ ہفتے کے آخر میں خرطوم میں کم از کم دو شہری طیارے تباہ ہوئے۔ جھڑپوں میں شدت کے بعد سوڈان کی فضائی حدود بند کر دی گئی ہے۔ انٹرنیشنل ایئر ٹریفک کے متاثر ہونے کے ساتھ بین الاقوامی مسافروں کے لیے ٹرانزٹ پروازیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

٭…سوڈان سے بارہ ممالک کے ۱۵۰؍سے زائد شہریوں کا انخلا مکمل ہوچکا ہے۔سفارتکاروں، عالمی حکام اور عام شہریوں کو فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے نکالا جارہا ہے، خرطوم ریجن کے ایئرپورٹ سے انخلا پیچیدہ آپریشن کے ذریعے کیا جارہا ہے۔ شہریوں کے انخلاکے لیے فوج کے دیگر اداروں کے ساتھ سعودی نیوی کے تین بحری جہازوں نے مدد کی اور شہریوں کو جدہ پہنچایا۔

٭…امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان کی جانب سے سوڈان کے قریبی ممالک میں فورسز کی تعیناتی کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔یورپی یونین بھی سوڈان کے پڑوسی ممالک میں فورسز تعینات کر نے پر غور کر رہی ہے۔ سوڈانی فوج کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ کئی ممالک کے راہنماؤں نے رابطہ کیا ہے اور اپنے سفارتی مشنز اور عام شہریوں کے محفوظ انخلا اور سہولت کو یقینی بنانے کا کہا ہے۔

٭…سینٹ پیٹرز سکوائر میں دعائیہ تقریب میں مسیحی برادری کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی سوڈان کی صورت حال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے متحارب فوجی دھڑوں سے مذاکرات کا مطالبہ کیا ۔

٭…یوکرین پر روسی حملے کے بعد یورپ کے فوجی اخراجات میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے۔سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے اپنی تحقیق میں بتایا ہے کہ یورپ کے فوجی اخراجات میں ۲۰۲۲ء میں ریکارڈ رفتار سے اضافہ ہوا ہے۔ سرد جنگ کے بعد یورپ کے فوجی اخراجات میں اتنا اضافہ پہلے نہیں دیکھا گیا، یورپ کے فوجی اخراجات ۲.۲۴ ٹریلین ڈالرز تک پہنچ گئے۔

٭…برطانیہ نے امریکہ اور یورپی یونین کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام پر ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے چار کمانڈروں سمیت ایرانی حکام کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔برطانوی سیکرٹری خارجہ جیمز کلیورلی نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت کے وحشیانہ جبر کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور ایرانی حکومت کے اقدامات کا محاسبہ کرنے کےلیے کئی طرح کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

٭…روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ روس برلن سے اپنے سفارتی عملے کی بڑے پیمانے پر بےدخلی پر ردعمل دے گا۔ جرمن حکام نے ایک بار پھر روسی سفارتی مشن کے ملازمین کی بےدخلی کا فیصلہ کیا ہے۔ جرمنی کے یہ اقدامات روس جرمن تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ روس بھی ماسکو سے جرمن سفارتی عملے کو بےدخل کرے گا اور ان کی تعداد محدود کرے گا۔ برلن سے بے دخل ہونے والے روسی سفارتی عملے کی تعداد نہیں بتائی گئی۔

٭…برطانیہ کے ڈپٹی وزیراعظم ڈومینک راب نے استعفیٰ دے دیا، ان پر عملے سے نامناسب سلوک اور ڈرانے دھمکانے کی آٹھ شکایات تھیں۔ انویسٹی گیٹر ایڈم ٹولی نے گذشتہ روز اس حوالے سے رپورٹ وزیراعظم رشی سونک کو دی تھی۔ ڈومینک راب ڈپٹی وزیراعظم کے علاوہ وزیر انصاف بھی تھے اور تین سرکاری محکموں کی جانب سے اپنے رویے کے بارے میں شکایات کے بعد انکوائری کی زد میں تھے۔

٭…سائنسدانوں نے برطانیہ میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ پھیلنے کا انتباہ جاری کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت میں کورونا کی نئی لہر سے دس ہزار افراد روزانہ متاثر ہو رہے ہیں۔ کورونا کا نیا ویرینٹ آرکٹورس برطانیہ میں بھی پھیل سکتا ہے۔یاد رہے کہ کورونا کا نیا ویرینٹ پہلے ہی برطانیہ سمیت ۲۲؍ممالک میں مل چکا ہے۔

٭…دنیا کے کئی ممالک میں ۲۰؍اپریل کو ’ہائبرڈ‘ سورج گرہن ہوا جو نہ جزوی اور نہ ہی مکمل گرہن ہوتا ہے،بلکہ یہ دونوں کا مجموعہ ہے۔ سورج گرہن دو گھنٹے سے زیادہ جاری رہا اور اور ایک منٹ سے بھی کم وقت تک سورج ڈھک گیا۔

٭…نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ۲-۲ سے برابر کردی۔راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔ نیوزی لینڈ کے بیٹر مارک چیپمین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور کی اور پاکستان کا ۱۹۴؍رنز کا دیا گیا ہدف باآسانی چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button