یورپ (رپورٹس)

رمضان المبارک کے مقدّس مہینےو دیگر ایام میں شعبہ تربیت جماعت احمدیہ برطانیہ کی خدمات

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

جماعت احمدیہ برطانیہ کا شعبہ تربیت ایک ایسا شعبہ ہے جو سیکرٹری تربیت مکرم نثار آرچرڈ صاحب کی سربراہی میں سارا سال تمام جماعتوں کی مختلف تربیتی اُمور میں راہنمائی کے فرائض سرانجام دیتا ہے۔ سیکرٹری صاحب کی معاونت کے لیےچار مربیان سلسلہ مکرم لئیق احمد طاہر صاحب، مکرم ثمر شیخ صاحب، مکرم حفیظ احمد صاحب اور مکرم سعد احمد صاحب کو تعینات کیا گیا ہے جو انتہائی خوش اسلوبی سے شعبہ تربیت سے منسلکہ اہم اُمور میں خدمات کی توفیق پارہے ہیں۔الحمد للہ

اس شعبہ کی وٹس ایپ براڈ کاسٹ لسٹ میں تمام جماعتوں کے سیکرٹریان تربیت شامل ہیں جن کی وساطت سے اس شعبہ کے پیغامات تمام احباب جماعت تک پہنچائے جاتے ہیں۔ عربی اور انگریزی زبان پر مشتمل سب سے اہم پیغام جو روزانہ کی بنیاد پرعلی الصبح اس گروپ کے ذریعہ برطانیہ کی تمام جماعتوں میں انتہائی باقاعدگی کے ساتھ بھجوایا جاتا ہے وہ احباب جماعت کو رات کی نیند چھوڑ کر نماز فجر کی ادائیگی کی طرف توجہ کروانا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس پیغام کے بھیجنے میں نہ تو کبھی تاخیر ہوئی اور نہ ہی کبھی ایک دن کا بھی ناغہ ہوا۔

ماہ رمضان کے مبارک مہینہ میں بھی اس شعبہ کی کارگزاری بہترین رہی۔ مختلف جماعتوں میں قرآن کریم اور احادیث کے دروس کا انتظام کیا گیا جبکہ بعض مساجد میں اعتکاف کے خواہشمند احباب جماعت کے لیے بھی اہتمام کیا گیا۔ مسجد مبارک، مسجد فضل، مسجد بیت الفتوح اور مسجد بیت الاحسان میں ۸۹؍مرد و خواتین کے اعتکاف بیٹھنے اور اُن کی سحری و افطاری کے انتظامات میں معاونت کی گئی۔

شعبہ تربیت کے زیر انتظام دورانِ رمضان محترم عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن نے ۳۱؍جماعتوں میں جاکر درس دیے جبکہ ممبران شعبہ تربیت اور دیگر مربیان سلسلہ نے ۴۹؍جماعتوں میں جا کر درس دینے کا فریضہ ادا کیا۔ محترم امام صاحب کا درسِ حدیث ریکارڈ کرکے واٹس ایپ کے ذریعہ نہ صرف برطانیہ کی تمام جماعتوں میں روزانہ بھجوایا گیا بلکہ شعبہ تربیت کے یوٹیوب چینل پر بھی مکرمہ فوزیہ شاہ صاحبہ کی آواز میں انگریزی ترجمہ کے ساتھ مہیا کیا گیا۔ اوسطاً روزانہ درس حدیث سے سات ہزار جبکہ انگریزی ترجمہ سے ساڑھے چار سو افراد مستفید ہوتے رہے۔ مربیان سلسلہ کے ذریعے مسجد فضل اور مسجد بیت الفتوح میں روزانہ ایک سپارے کا ترجمہ و درس دینے کا انتظام بھی کیاگیا۔ دوران رمضان بلا ناغہ مکرم حافظ طیب احمد صاحب مربی سلسلہ کی قرآن کریم کے ایک سپارے کی تلاوت و ترجمہ کی ویڈیو شعبہ تربیت کے یوٹیوب چینل پر مہیا کی جاتی رہی جس سے احباب جماعت کی ایک کثیر تعداد نے استفادہ کیا۔

شعبہ تربیت کے یوٹیوب چینل پر درس القرآن، درس حدیث اور تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے علاوہ بےشمار جماعتی مواد دستیاب ہے جس سے احباب جماعت بھرپوراستفادہ کرسکتے ہیں۔ اس چینل کومندرجہ ذیل لنک کے ذریعہ سبسکرائب کیا جاسکتا ہے:

www.youtube.com/channel/UCAKybPxwyfUWL0cSKauH4MQ

اسی طرح شعبہ تربیت کی ویب سائٹ www.ahmadiyya.uk/tarbiyyat پربھی حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے فرمودہ خطبات جمعہ کے علاوہ صلوٰۃ کیلنڈرز، رمضان کیلنڈرز دیکھے جاسکتے ہیں اور اعتکاف کے بارے میںہدایات، شادی بیاہ کی رسومات کے بارے میں راہنمائی، غسل میت کا طریقہ کار اور تربیت اولاد کے علاوہ کئی دیگر اُمور کے متعلق جماعتی ہدایات کا مجموعہ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

یہاں یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ شعبہ تربیت کی جانب سے نہ صرف احمدی افراد کی شادی سے قبل دلہا، دلہن اور اُن کے والدین کو کاؤنسلنگ کی خدمات فراہم کی جاتی ہیںبلکہ جماعت احمدیہ برطانیہ کی کسی بھی جماعت میں کسی بھی فردِ جماعت کی فوتگی کی صورت میں تجہیزو تکفین و تدفین کے مراحل میں مکمل معاونت فراہم کرنے کے علاوہ متاثرہ خاندان کی بھی اخلاقی و مذہبی اقدار کے حوالے سے راہنمائی و مدد کی جاتی ہے۔اس موقع پر مرحوم یا مرحومہ کے لواحقین سے تعزیت کرنے کے لیے رابطہ نمبر اور قبرستان میں جانے اور قبر کے تقدس سے متعلقہ جماعتی روایات سے بھی آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔

شعبہ تربیت جماعت احمدیہ یوکےنے دوران رمضان جس طرح اپنے فرائض بخوبی ادا کیےاور رمضان المبارک کے علاوہ بھی تربیتی اُمور میں جس طرح تمام جماعتوں اور احباب جماعت کی راہنمائی کرتے ہیں وہ یقیناً قابل تحسین ہے۔ اللہ تعالیٰ ممبران شعبہ تربیت کی کاوشوں کو قبول فرمائے اور جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button