متفرق

ربوہ کا موسم(۲۸؍اپریل تا ۴؍مئی۲۰۲۳ء)

اس ہفتہ مجموعی طور پر موسم خوشگوار اور ٹھنڈا رہا۔ ۲۸؍ اپریل جمعۃ المبارک کے دن طلوع فجر کےوقت چلنے والی ٹھنڈی ہوا نے فجر کے نمازیوں کا استقبال کیا۔ہمارا یہ مشاہدہ ہے کہ گزرتا ہوا ماہِ اپریل ہر سال موسم گرما کی خبر دیتا ہےاوراس ماہ کے ختم ہونے سے پہلے ہی گرمی ڈیرے جمانا شروع کردیتی ہے۔ لیکن اس سال اللہ تعالیٰ کی رحمت کے نظارے خوشگوار موسم میں دیکھنے کو مل رہے ہیں۔آج کل کا موسم بارش کے ساتھ ہوا کے جھونکے بھی لایا ہے، جو دوپہر کے وقت قدرے گرم اور صبح اور شام کو ٹھنڈ ک پہنچاتے ہیں۔

۳۰؍ اپریل اور یکم مئی کی رات کو بارش اور ٹھنڈی ہوا سے موسم سرد ہوگیا۔ بعض لوگوں نے تو گھروں کے پنکھے بھی بند کردیے ۔ اس بارش سے کیچڑ کی بجائے ایسا لگا جیسے سارے شہر میں پانی کے چھڑکاؤ کی وجہ سے مٹی بیٹھ گئی ہو۔اگلے دن بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔ ۳؍مئی کی صبح کو ہلکی ہوا اور کہیں کہیں بادل دیکھنے کو ملے ،تاہم سورج کے نکلنے سے گرمی نے اپنا رنگ دکھایا۔ اس کے باوجود موسم خوشگوار ہے اور کمروں میں پنکھوں کی ہوا ٹھنڈی محسوس ہوتی ہے، اس ہفتہ کے آخر تک ایسا ہی موسم جاری رہا۔۴؍مئی جمعرات کی شام تیز آندھی اور طوفان کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے شہر میں کئی جگہوں پر درخت گر گئے نیز بجلی کا تعطل رہا۔ ربوہ کے قریبی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ اس ہفتہ کا اوسط ٹمپریچر کم سے کم ۲۰، اور زیادہ سے زیادہ ۳۵؍درجہ سنٹی گریڈ تھا۔یاد رہے کہ امسال اپریل کے آغاز سے ہی ربوہ کی فضاؤں میں کوئل کی مدھر آوازیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button