یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ برطانیہ کے مختلف ریجنز میں دعوتِ افطارکے پروگرامز

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے حسب روایت امسال بھی رمضان المبارک کے مہینے میں جماعت احمدیہ برطانیہ کے مختلف ریجنز میں بِگ افطار کے نام سےدعوتِ افطار کے پروگرام منعقد کیے گئے جن میں زیرِ تبلیغ افراد کے علاوہ پارلیمنٹ کے ممبران، میئرز، نمائندگان لوکل کونسلز، پولیس، آرمی، دیگر مذاہب کے نمائندگان، سیاسی و سماجی کارکنان، ممبران مقامی کمیونیٹیز اور لیکچرارز کے علاوہ عام شعبہ جات سےتعلق رکھنے والے غیر مسلم اور غیرازجماعت مہمانان شامل ہوئے۔

ان تمام پروگرامز میں جماعتی مقررین نے اپنی تقاریر میں ماہ رمضان و مساجد کی اہمیت، روزہ کی وجوہات و طریقہ کار اور اسلام و احمدیت کی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کیا جبکہ مہمان مقررین نے جماعت احمدیہ کی جانب سے کی جانے والی امن کاوشوں کو سراہتے ہوئے مقامی کمیونٹیز میں انسانیت کی خدمات اور ضرورت مند لوگوں تک بر وقت مدد کے لیے پہنچنےکی بھی تعریف کی۔ نیز مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز جاری رکھنے پر اتفاق کیا جس میں ایک ہی چھت تلے مختلف رنگ و نسل اور مذاہب کے افراد مل بیٹھ کر اپنے خیالات کا اظہار کرسکیں۔

ان پروگرامز کے سلسلہ میں سب سے بڑا پروگرام مسجد بیت الفتوح میں منعقد ہوا جس کی تفصیلی رپورٹ پہلے ہی اخبار الفضل انٹرنیشنل میں شائع ہوچکی ہے۔ اس میں بیت الاحسان ریجن، بیت النور ریجن، مسجد فضل ریجن، ایسٹ ریجن، ہرٹفورڈشائر ریجن اور مڈل سیکس ریجن کے احباب جماعت اور اُن کے مدعو کردہ مہمانوں نےبھی شرکت کی تھی۔اس دعوت افطار میں مہمانوں کی کل تعداد ۸۵۰ تھی۔

اسلام آباد ریجن میں دو پروگرام ہوئے جن میں ۱۴۱؍مہمان شامل ہوئے۔ مڈلینڈز ریجن نے پانچ پروگرام منعقد کیے جن میں ۳۵۱؍مہمان شامل ہوئے۔ نارتھ ایسٹ ریجن میں چار پروگرامز کا انعقاد کیا گیا جن میں مہمانوں کی تعداد ۱۴۰؍تھی۔ اسکاٹ لینڈ ریجن نے ایک پروگرام منعقد کیا جس میں ۵۰؍مہمان شامل ہوئےجبکہ ساؤتھ ویسٹ ریجن کے منعقد کردہ ایک پروگرام میں بھی ۵۰؍مہمان شمولیت کے لیے تشریف لائے۔ اس طرح کُل ۱۱؍پروگرامز میں۱۵۸۲؍غیر مسلم اور غیر از جماعت مہمانوں نے شرکت کی۔

ہر مقام پر منعقد ہونے والے پروگرام میں اذان، دعائے افطار اور ادائیگی نماز کا عملی طریقہ کار پیش کیا گیا اور افطاری میں لذیذ کھانے اور مشروبات سے شرکاء کی تواضع کی گئی جبکہ بعد ازاں مہمانوں کو قرآن کریم وجماعتی لٹریچرو کتب کے تحائف دے کر رخصت کیا گیا۔ مہمانوں نے بھی جاتے ہوئے اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔

اللہ تعالیٰ منعقد ہونے والے ان تمام دعوت افطار کے پروگراموں کےنیک اثرات ظاہر فرمائے اور جماعت احمدیہ کی تمام مساجد کو اسلام کا حقیقی پیغام پھیلانے کا ہمیشہ ذریعہ بنائے رکھے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button