حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے منگل سے غزہ کی پٹی پر کیے جانے والے فضائی حملوں اور بمباری میں تیس فلسطینیوں کو شہید اور نوّے سے زیادہ افراد کو زخمی کر دیا ہے۔شہید ہونے والوں میں چھ بچے اور تین خواتین کے ساتھ ساتھ فلسطینی اسلامک جہاد (پی آئی جے ) راکٹ فورس کے سربراہ اور ان کے نائب بھی شامل ہیں۔غزہ میں فلسطینی دھڑوں کی جانب سے محصور ساحلی علاقے سے اسرائیل پر جوابی کارروائی میں راکٹ فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی شہری ہلاک ہوا۔ دوسری جانب مصر کی طرف سے ثالثی کی کوششوں کے باوجود کوئی بھی فریق لڑائی روکنے کے لیے تیار نظر نہیں آیا۔ مصر نے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کی کوشش کر رہا ہے لیکن اب تک اس کی کوششیں بے سود ثابت ہوئی ہیں۔

٭… پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے کشیدگی اور موجوہ سیاسی صورت حال کے باعث لاہور کے سرکاری خزانے کو چار روز میں سات ارب کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔افسران کی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے۔ انٹرنیٹ سروس بند ہونے کے باعث ہزاروں سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ڈینگی اور پولیو مہم بھی سست روی کا شکار ہے جس کے باعث افسران میں تشویش پائی جارہی ہے۔

٭…بین الاقوامی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ ڈیفالٹ ہوا تو عالمی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔آئی ایم ایف کی ترجمان جولی کوزیک نے کہا ہے کہ ملکی قرضوں کے تیزی سے اضافے کے باعث امریکہ کے ڈیفالٹ ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں جو عالمی معیشت کے لیے بہت زیادہ سنگین ثابت ہوسکتے ہیں۔ امریکی حکام کو علاقائی بینکوں سمیت امریکی بینکنگ سیکٹر میں نئی کمزوریوں پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے، جو کہ زیادہ شرح سود کے ماحول میں ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں سامنے آسکتی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل امریکہ میں سلیکون ویلی بینک اور سگنیچر بینک ڈیفالٹ ہوچکے ہیں۔

٭…برطانیہ یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والا کروز میزائل فراہم کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔ان میزائلوں کے ذریعے کیف کی فوج روس کے دستوں اور اسلحہ ڈپو کو اگلے محاذوں سے آگے بڑھ کر نشانہ بنا سکے گی۔برطانیہ کے وزیر دفاع بین والس نے پارلیمنٹ میں کہا کہ روس کو تسلیم کرنا ہوگا کہ اس کے اقدامات کی وجہ سے ہی ہم ایسے بڑے سسٹمز یوکرین کو فراہم کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ یوکرین پچھلے کئی مہینوں سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا مطالبہ کر رہا تھا لیکن برطانیہ اور امریکہ سمیت دیگر اتحادی ممالک صرف کم فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار دے رہے تھے۔

٭… سفارتی تعلقات بحال ہونے پر سعودی عرب نے ایران میں اپنا نیا سفیر مقرر کردیا۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ ایران بھی جلد سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر تعینات کرے گا۔دوسری جانب ایران کے وزیر خزانہ احسان خاندوزی کی قیادت میں وفد جدہ پہنچ گیا ہے۔چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد ایرانی عہدیدار کا سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔ وفد سعودی حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کرے گا اور اسلامی ترقیاتی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کرے گا۔

٭… اٹلی کے شہر میلان میں دھماکے سے متعدد گاڑیوں نے آگ پکڑ لی جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ اطالوی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وین میں ہوا جس سے آکسیجن سلنڈرز کی ترسیل کی جا رہی تھی۔ ابھی تک ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے، جائے وقوعہ پر سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل چھائے رہے جبکہ فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف رہے۔دھماکے کی جگہ کے قریب واقع ایک سکول اور رہائشی عمارت کو خالی کروا لیا گیا تھا۔

٭… جرمنی کے شہر راٹنگن کی ایک رہائشی عمارت میں دھماکے سے متعدد پولیس افسران اور فائر فائٹرز زخمی ہوگئے۔پولیس اہلکار اور فائر فائٹرز کو وہاں ایک بےگھر شخص کی مدد کے لیے بلایا گیا تھا۔ جیسے ہی پولیس اہلکار عمارت پہنچے، اس کے دروازے پر دھماکا ہوا اور دس فائر فائٹرز اور 2 پولیس افسران زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق اس دھماکے کے منظم حملہ ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

٭… ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات سے چند روز قبل سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ۴۵؍فیصد تک اضافے کا اعلان کردیا۔ ترکی میں سرکاری محکموں میں تقریباً پچاس لاکھ ملازمین کام کرتے ہیں۔صدر رجب طیب اردوان اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے شرح سود میں کمی کے وعدے پر انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے مہنگائی کی شرح کو سنگل ہندسے تک کم کرنے اور معاشی ترقی کو بڑھانے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

٭… جنوبی امریکی ملک پیرو کے شہر ہوانان سایو کے تین چور عجیب و غریب قسم کی چوری کی واردات میں ۲۲۰؍مختلف برانڈز کے سپورٹس جوتوں کے صرف سیدھے پاؤں لےکر فرار ہوگئے۔ یاد رہے کہ سٹور کے مالک نے ایک مقامی سپورٹس اشیاء کی نمائش میں ڈسپلے کےلیے صرف سیدھے پاؤں کے تین کریٹس تیار کیے تھے۔ اس وجہ سے چوروں کو اندازہ نہ ہوسکا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button