افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کینیا کی تینتالیسویں مجلس شوریٰ کا کامیاب انعقاد

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

الحمدللہ جماعت احمدیہ کینیا کو ۱۳ و ۱۴؍مئی ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ و اتوار اپنی تینتالیسویں نیشنل مجلس شوریٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

شوریٰ کا پہلا اجلاس بعد نماز ظہر و عصر تین بجے سہ پہر زیر صدارت مکرم مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا منعقد ہوا ۔تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کرائی اور مختصر افتتاحی تقریر کی جس میں نمائندگان شوریٰ کی راہنمائی کے لیے امیرالمومنین سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۲؍مئی ۲۰۲۳ء سے اقتباس پڑھ کر سنائے اور تمام نمائندگان شوریٰ کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بطور نمائندہ، شوریٰ کی کارروائی کے دوران اور اس کے بعد پورا سال ان پر عمل پیرا رہنے کی تاکید کی۔ اس کے بعد مکرم نعیم احمد شاہ صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ کینیا جو سیکرٹری شوریٰ بھی ہیں نے اس سال ایجنڈا میں شامل تجاویز پڑھ کر سنائیں اور یہ وضاحت بھی کی کہ گذشتہ سال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظور فرمودہ تجاویز پر کماحقہ عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا اس لیے ہماری درخواست پر حضور انور نے ازراہ شفقت امسال بھی سال گذشتہ کی تجاویز کو ہی دوبارہ پیش کرنے کی اجازت مرحمت فرمائی ہے۔اس کے بعد پیش کردہ تجاویز سے متعلق کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور پھر تینوں کمیٹیوں کے اجلاس ان کی مقررہ جگہوں پر شروع ہوئے۔ نماز مغرب اور عشاء کے بعد کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد نیشنل سیکرٹری مال نےایک خصوصی اجلاس میں شعبہ مال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اس اجلاس میں شعبہ مال سے متعلق افراد اور تمام مربیان شامل تھے۔

اگلے دن صبح نو بجے مکرم امیر صاحب کی زیرصدارت کارروائی کا آغاز ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد سیکرٹری صاحب شوریٰ نے مختلف ریجنز کی طرف سےموصول ہونے والی وہ تجاویز پڑھ کر سنائیں جو بوجوہ ایجنڈا میں شامل نہیں کی گئی تھیں۔ بعدہ گذشتہ سال منظور کردہ تجاویز پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹس پیش کی گئیں جس کے بعد امسال پیش کردہ تجاویز سے متعلق سب کمیٹیوں کی رپورٹس پیش ہوئیں جنہیں بالاتفاق منظور کر لیا گیا۔ پھر مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب مال نے سال ۲۰۲۳ء- ۲۰۲۴ء کا بجٹ پیش کیا جو بالاتفاق منظور ہوا۔اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اختتامی خطاب کیا جس میں ارکان شوریٰ کو حضور انور کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۲؍مئی ۲۰۲۳ء کودوبارہ سننےاور اس کی روشنی میں اپنےفرائض ادا کرنے کی تلقین کی اور دعا کروائی اور شوریٰ کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔شوریٰ میں مبلغین سلسلہ،نیشنل عاملہ اور ذیلی تنظیموں کے نمائندگان سمیت کل ۱۱۰؍افراد نے شرکت کی۔فجزاہم اللہ احسن الجزا

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button