افریقہ (رپورٹس)

دوسرا جلسہ سالانہ پرنسپ ۲۰۲۳ء

(انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ساؤتومے)

تعارف اور جماعت کا قیام

ساؤتومے و پرنسپ دو جزیروں ساؤتومے (São Tomé) اور پرنسپ (Príncipe) پر مشتمل براعظم افریقہ کا ایک چھوٹا سا ملک ہے جو کہ اٹلانٹک اوشن (بحراوقیانوس) میں وسطی افریقہ کے ملک گابوں(Gabon) سے شمال اور گنی ایکٹوریل سے شمال مغرب میں واقع ہے۔ دونوں جزیروں کے درمیان دوسو میل کا فاصلہ ہے۔ بحری جہاز پر بارہ سے چودہ گھنٹے لگتے ہیں۔ ہوائی جہاز پر چالیس منٹ کا فاصلہ ہے۔ پرنسپ جزیرے میں جماعت کا پودا اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے خاکسار( مبلغ انچارج ساؤتومے) کے ذریعے نومبر ۲۰۱۸ء میں لگا۔ اس جزیرے پر سو فیصد عیسائی تھے۔ قیام احمدیت کے بعد عیسائی پادریوں کی طرف سے شدید مخالفت بھی ہوئی لیکن ہمیشہ کی طرح اللہ تعالیٰ نےجماعت کو ترقی دی۔ اب تک اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے نومبائعین کی تعداد تین سو سے بڑھ چکی ہے۔

جلسہ سالانہ پرنسپ کی تاریخ

ساؤتومے ملک میں جلسہ سالانہ ۲۰۰۸ء سےالا ما شاءاللہ تقریباً ہر سال منعقد ہوتا ہے۔ ۲۰۱۸ء میں پرنسپ جزیرے پر بھی جماعت کا پودا لگ گیا تھا۔ لیکن دونوں جزیروں کے درمیان بڑے سفر کی وجہ سے نومبائعین کا ساؤتومے کے نیشنل جلسہ سالانہ میں شامل ہونا ممکن نہ تھا۔ اس لیے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی اجازت سے مئی ۲۰۲۲ء میں پرنسپ جزیرے کا پہلا جلسہ سالانہ منعقد کیا گیا۔ اب انشاء اللہ ہر سال پرنسپ میں جلسہ سالانہ منعقد کیا جاتا رہے گا۔ اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت بڑھتی جا رہی ہے۔ اس جزیرے پر دو مساجد تعمیر ہو چکی ہیں۔ نومبائعین ایمان و وفا میں بڑھ رہے ہیں۔ الحمد للہ۔

دوسرا جلسہ سالانہ پرنسپ کی مختصر رپورٹ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سےمورخہ ۶؍ مئی ۲۰۲۳ء کو پرنسپ جزیرہ پر جماعت کو اپنا دوسرا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ سالانہ کا عنوان ’’ہمارا بہشت ہمارا خدا ہے‘‘ تھا۔

جلسہ سالانہ کے لیے وہاں کے تمام نومبائعین کو مدعو کیا گیا تھا۔ جلسہ کے دن فجر سے قبل ہی شدید بارش شروع ہو گئی اور جلسہ ختم ہونے سے کچھ دیر قبل تک ہوتی رہی۔ بڑی گھبراہٹ تھی کہ لوگ زیادہ شامل نہیں ہو سکیں گے کیونکہ عمومی طور پر اس جزیرہ کے لوگ بارش میں گھروں سے نہیں نکلتے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں فوری طور پر دعا کے لیے لکھا گیا جس کے نتیجے میں شدیدبارش کے باوجود نومبائعین نے بھرپور شرکت کی اور دس مختلف مقامات سے۹۷؍افراد جلسہ میں شامل ہوئے۔ ایک گاؤں ساؤں یواقین کے لوگ جلسہ میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔ یہ گاؤں ایک پہاڑ پر واقع ہے اور راستہ کچا ہے۔ شدید بارش میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہوتا ہے۔ جلسہ میں شمولیت نہ ہونے کی وجہ سےیہ لوگ بہت اداس تھے۔ اس لیے وہاں بارش رکنے کے بعداگلےدن ایک چھوٹا سا جلسہ منعقد کیا گیا جس میں ۷۰؍افراد نے شرکت کی۔

صبح گیارہ بجے جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نظم سے کیا گیا۔ جلسہ میں مندرجہ ذیل عنوانات پر چار تقاریر ہوئیں۔ ۱۔ ہمارا بہشت ہمارا خدا ہے۔۲۔ نماز باجماعت کی اہمیت۔ ۳۔ مالی قربانی کی اہمیت۔ ۴۔ معاشرہ میں ایک احمدی کی ذمہ داریاں

پہلی دو تقاریر کے بعد ۲۰ منٹ کا وقفہ کیا گیاجس میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ دوبارہ تلاوت اور نظم کے بعد دوسرا اجلاس شروع کیا گیا۔ تقاریر سے قبل نومبائعین نے احمدی ہونے پر اپنےتاثرات کا اظہار کیا۔ سوال و جواب بھی ہوئے۔ آخری دو تقاریر کے بعد خاکسار نے دعا کروائی اوراحباب جماعت نے ترانے گائے ۔جلسہ کے اختتام پر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ پھر شاملین جلسہ نےکھانا تناول کیا اور اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ تمام نومبائعین جلسہ سالانہ میں شامل ہو کر بہت خوش ہوئے۔

تاثرات

محترم آلویں صاحب آبادی گاؤں کے ایک نومبائع نے کہا کہ جلسہ سالانہ میں شامل ہوکر بہت اچھا لگا۔ بے شک ابھی جماعت کم ہے لیکن وقت کے ساتھ یہ قافلہ بڑھتا چلا جائے گا۔ جلسہ میں بتائی گئی تعلیمات پر عمل کرنے والے لوگ ہی ایک نیک معاشرہ بنا سکتے ہیں۔جب ہم لوگ جماعت میں داخل ہوئے تھے تو بہت زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اب لوگ جماعت کے بارے جاننا شروع ہو گئے ہیں۔

گاشپر گاؤں کے ایک نومبائع محترم راؤل صاحب نے کہا کہ مجھے ابھی کچھ ہی عرصہ ہوا کہ اسلام میں داخل ہوا ہوں۔آج جلسہ سالانہ میں دوسری دفعہ شامل ہوا ہوں۔ جلسہ سالانہ کا ماحول بہت ہی اچھا ہوتا ہے۔ اسلام کی تعلیمات سن کر میرے ایمان میں بہت اضافہ ہوا۔

اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ جلسہ سالانہ اس جزیرے کے احمدیوں اور تمام لوگوں کے لیے بہت بابرکت ہو۔ یہ جلسہ یہاں کی تمام سعید روحوں کواسلام احمدیت کی طرف کھینچ لانے والا ہو۔ آمین

(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button