افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون میں مجلس نصرت جہاں کے تحت قائم سکولز میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد

(ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)

مجلس نصرت جہاں کے تحت سیرالیون میں چھوٹے بڑے تین صد سے زائدپری، پرائمری، جو نیئر و سینئر سیکنڈری سکولز قائم ہیں اور چار سکولز میں مرکزی مبلغین بھی بطور اساتذہ تدریس کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ تمام سکولز میں جماعتی ایام میں جلسے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ذیل میں ان تین سکولز میں منعقدہ جلسہ ہائے یوم خلافت کی رپورٹ پیش ہے جہاں مجلس نصرت جہاں کے تحت مرکزی اساتذہ متعین ہیں۔

ناصر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول، کینیما

انیس احمد صاحب (مبلغ سلسلہ و استاد) تحریر کرتےہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے ناصراحمدیہ سینئر سیکنڈری سکول کینیما کو مورخہ ۲۸؍مئی ۲۰۲۳ء کو جلسہ یوم خلافت کے انعقاد کی توفیق ملی۔الحمدللہ علی ذالك۔ جلسہ سے قبل طلبہ و اساتذہ کو تلاوت قرآن پاک اوریوم خلافت کی مناسبت سے مختلف موضوعات پر تقاریر تیار کروائی گئیں۔

ناصر احمدیہ سیکنڈری سکول ، کینیما

مورخہ ۲۸؍ مئی بروز اتوار سکول کی مسجدمیں جلسہ یوم خلافت کاآغاز ہوا۔ طلبا نے تلاوت اور حدیث پیش کی۔ بعد ازاں تقاریر ہوئیں۔یوم خلافت کا پس منظر اور ہم یوم خلافت کیوں مناتے ہیں؟از مسٹر کروما، خلیفہ کون ہوتا ہے اورخلیفہ کیسے چنا جاتاہے؟ از عبد الحئی منسری (سکول ٹیچر)، نظام خلافت اور خلافت کی ضرورت و اہمیت از مولوی فواد کانے۔ آخر پر برکات خلافت کے موضوع پر خاکسار نے اظہار خیال کیا۔ دعا کے ساتھ اس جلسہ کا اختتام ہوا۔ چار صد پچیس طلبا و طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔

احمدیہ مسلم جونیئر سکول گودریج، فری ٹاون

انصرمحمود ورک صاحب (مبلغ سلسلہ و استاد) تحریر کرتےہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۹؍ مئی۲۰۲۳ء احمدیہ مسلم جونیئر سیکنڈری سکول Goderich، فری ٹاؤن میں یوم خلافت منعقد کیا گیا۔ تلاوت کے بعد درج ذیل تقاریر ہوئیں۔

احمدیہ مسلم جونیئر سکول گودریج، فری ٹاؤن

خلافت کیا ہے اور خلافت احمدیہ کا تعارف از خاکسار، برکاتِ خلافت از امام عیسیٰ ٹی این صاحب، خلافت اور ہماری ذمہ داریاں از مسٹر بصےکمارا(استاد)، دو طلبامریم این فارمہ اور مایوٹے اے بونگ بوٹر نے بھی مختصر تقاریر کیں۔ اختتامی دعا سے بابرکت جلسہ اختتام کو پہنچا۔ طلبا و طالبات اور اساتذہ سمیت کل حاضری چھ صد نناوے رہی۔

احمدیہ مسلم جونیئر و سینئر سیکنڈری سکولز، کسی ڈاکیارڈ، فری ٹاؤن

فری ٹاؤن مشرقی ریجن میں ایک ہی بلڈنگ میں دو الگ سکول قائم ہیں۔ احمدیہ مسلم سکول Kissy Dockyard فری ٹاؤن میں طلبا و طالبات کی ایک بڑی تعداد کے سبب صبح کے وقت تین جونیئر سیکنڈری کی کلاسز اور دوسرے وقت تین سینئر سیکنڈری کلاسز منعقد ہوتی ہیں۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۸؍ مئی ۲۰۲۳ء بروز جمعرات دونوں سکولز میں علیحدہ علیحدہ جلسے مولانا منیر حسین صاحب (ریجنل مشنری فری ٹاؤن مشرقی ریجن) کی زیر صدارت مسجد بیت السبوح میں منعقد کیے گئے۔

جونیئر سیکنڈری سکول کی کلاسز کے لیے اسمبلی کے بعد صبح نو بجے جلسہ کا آغاز تلاوت سے ہوا۔ جس کے بعد درج ذیل تقاریر ہوئیں۔خلافت کیا ہے اور اس زمانہ میں خلافت کی ضرورت و اہمیت از مولوی ابو بکر منیر یوسف صاحب(نیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ)، اطاعت خلافت از مولوی عبد الرحمٰن صاحب (مشنری کِسی ڈاکیارڈ)، قبولیت دعا اور خلافت احمدیہ از خاکسار۔آخر پر صدر مجلس نے اختتامی کلمات کہے اور دعا سے یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ اس جلسے میں پانچ صد سے زائد طلبا و طالبات اور اساتذہ شامل ہوئے۔

احمدیہ مسلم جونیئر سیکنڈری سکول، کسی ڈاکیارڈ، فری ٹاؤن

سینئر سیکنڈری سکول کی کلاسز کے لیے بعد نمازِ عصر جلسہ کا آغاز تلاوت سے ہوا جس کے بعد درج ذیل تقاریر ہوئیں۔خلافت کیا ہے اور اس زمانہ میں خلافت کی ضرورت و اہمیت از خاکسار، اطاعت خلافت از مولوی عبد الرحمٰن صاحب (مشنری کِسی ڈاکیارڈ)، خلافت احمدیہ کا انسانیت اور خصوصاً افریقہ سے پیار و شفقت از صدر مجلس۔

آخر پر نے جیباؤ کائی بایاں صاحب (پرنسپل سینئر سیکنڈری سکول) نے اختتامی کلمات کہے اور دعا سے یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ اس جلسے میں نو صد سے زائد طلبا و طالبات اور اساتذہ شامل ہوئے۔

درخواست ِدعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کوہمیشہ خلافت احمدیہ سے وابستہ رکھے اوران کے ایمان و اخلاص میں برکت ڈالے اور ان کو جلسہ کی برکات اور مقاصد سے بھر پور حصہ پانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button