افریقہ (رپورٹس)

ایم ٹی اے سیرالیون سٹوڈیوز کی افتتاحی تقریب

(سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۲؍مئی ۲۰۲۳ء کو ایم ٹی اے سیرالیون سٹوڈیو زکا افتتاح کیا گیا۔ سیرالیون میں ایم ٹی اے گذشتہ کچھ عرصہ سے بوجوہ تعطل کا شکار تھا اور اب الحمد للہ اس کا اجرائے نو ہوا ہے۔ ایم ٹی اے سیرالیون کا آغاز ۲۰۱۵ء کے لگ بھگ ہوا اور حضور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے مولانا سعید الرحمان امیر و مشنری انچارج کو کوآرڈینیٹر مقرر فرمایا۔ اور اب ایم ٹی اے کے دوبارہ اجرا پر مکرم ادریس بنگورا کو کوآرڈینیٹر مقرر فرمایاہے۔

افتتاحی تقریب خلافت لائبریری ہیڈ کوارٹرزمیں ہوئی جس میں یوکے سے لقمان احمد صاحب ایم ٹی اے افریقہ کے نمائندہ اور گھانا سے اسحاق عاصم صاحب انچارج آئی ٹی وہاب آدم سٹوڈیوز گھانا شامل تھے۔ ان کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایس ایل بی سی، اراکین نیشنل عاملہ، ذیلی تنظیموں کے ہیڈ، مبلغین سلسلہ، صحافی اور میڈیا کے نمائندگان شامل تھے۔ تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے سب مہمانوں کا تقریب میں شامل ہونے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے کہ حضور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت سیرالیون میں ایم ٹی اے دوبارہ جاری فرما دیا ہے۔ انہوں نے ایم ٹی اے کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہام ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘ کا بہترین معاون و مددگار قرار دیا اور ایم ٹی اے سیرالیون کو اس کا ایک مزید اضافہ قرار دیا۔

کوآرڈینیٹر ادریس بنگورا صاحب نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتیں استعمال کر کے بہتر سے بہتر سروس مہیا کریں گے۔ اور وہ انتہائی شکر گزار ہیں کہ حضور انور نے ان پر اعتماد کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایس ایل بی سی نے کہا کہ ایم ٹی اے کا اجرا بہت اچھی بات ہے۔ لوگوں کو اسلام کی حقانیت سمجھنے کا موقع ملے گا کیونکہ احمدیت کا تعارف ہی اسلام کا تعارف ہے انہوں نے بتایا کہ وہ ایم ٹی اے کے پارٹنر ہیں اور وہ تعاون کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

مصطفےٰ سیسے جو صحافی ہیں اور عرصہ دراز سے میڈیا سے وابستہ ہیں نے کہا کہ وہ جماعت کو لمبے عرصے سے جانتے ہیں اور اس کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔بالخصوص جلسہ سالانہ سیرالیون کی رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ اورصحافتی دنیا میں وہ جماعت کی خدمت کرتے رہیں گے۔

یوکے سے آئے ہوئےایم ٹی اے افریقہ کے نمائندہ لقمان احمد صاحب نے اپنی تقریر میں کہا کہ الحمد للہ آج کا دن تاریخی ہے کہ سیرالیون بھی ان ملکوں میں شامل ہوگیا ہے جہاں ایم ٹی اے موجود ہے۔ انہوں نے ان ممالک کا ذکر کیا جہاں ایم ٹی اے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ ذریعہ ہے جس کے ساتھ ہم احمدیت کا پیغام لوگوں تک آسانی سے پہنچا سکتے ہیں اور ان شاء اللہ ایم ٹی اے سیرالیون پیاسی روحوں کی پیاس بجھائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم ٹی اے باصلاحیت صحافیوں اور افراد کو مفت سیکھنے کی سہولیات مہیا کرتا ہے۔

نائب امیر اول و مبلغ انچارج مولانا سعید الرحمان صاحب نے ایم ٹی اے کے دوبارہ فعال ہونے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور مکرم امیر صاحب کو مبارکباد دی۔

پروگرام کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی شفقت کی وجہ سے ایم ٹی اے سیرالیون دوبارہ فعال ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب ملک میں احمدیہ مسلم ریڈیو شروع ہوا تو وہ بھی اس کا حصہ تھے اور آج الحمد للہ ایم ٹی اے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے یوکے اور گھانا سے آئے ہوئے ایم ٹی اے کی ٹیکنیکل ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور باقی سب مہمانوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ دعا کے بعد امیر صاحب مہمانوں سمیت ایم ٹی اے سٹوڈیوز گئے اور فیتہ کاٹ کر نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد اخباری نمائندوں نے مکرم امیر صاحب کا انٹرویو بھی لیا۔ دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب کے اختتام پر ریفریشمنٹ کا بندوبست بھی کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ ایم ٹی اے سیرالیون کے ذریعے تمام پیاسی روحوں کی سیرابی فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button