امریکہ (رپورٹس)

برمپٹن کینیڈا میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد

(محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

جماعت برمپٹن ایسٹ کینیڈا

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے برمپٹن ایسٹ نے جلسہ یوم خلافت ۲۸؍ مئی ۲۰۲۳ء کو منعقد کیا۔

مہمان خصوصی مکرم عبد السمیع خان صاحب استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا کی زیرِ صدارت جلسہ کا آغاز بعد نمازِ عصر تلاوتِ قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ جلسہ کی پہلی تقریر منور اقبال مجوکہ صاحب نے ’’خلافت کی برکات‘‘ کے موضوع پر کی جس کے بعد ایم ٹی اے انٹرنیشنل کی تیارکردہ دستاویزی فلم ’’افریقہ میں احمدیت‘‘ دکھائی گئی۔ اگلی تقریر ’’خلافت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر اسفند سلیمان صاحب مربی سلسلہ نے کی۔ اس تقریر کے بعد ایک خادم ساجد احمد وڑائچ صاحب نے عابد خان صاحب کی ڈائری سے سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی قبولیت دعا کے چند ایمان افروز واقعات پیش کیے۔

مہمانِ خصوصی نے ’’دنیا میں احمدیت کا پھیلاؤ محض اللہ تعالیٰ کا فضل ہے‘‘ کے موضوع پر اختتامی تقریر کی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں بتایا کہ کس طرح چند امیر اور پڑھے لکھے لوگ جماعت اور خلیفہ وقت کو چھوڑ گئے اور حضرت مسیح موعودؑ کی وفات کے بعد صرف غریب اور کم پڑھے لکھے لوگ رہ گئے تھے لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضلوں سے خلفائے احمدیت کی مدد کی جو اب تک جاری ہے اور اللہ کرے کہ تاقیامت جاری رہے۔اسی بابرکت خلافت کے زیر سایہ آج احمدیت دوسو سے زائد ممالک میں پروان چڑھ رہی ہے۔ بعد ازاں ان کی تقریر کا انگریزی خلاصہ آصف عارف صاحب مربی سلسلہ نے پیش کیا۔

جلسہ میں ۶۴۵؍ ممبرانِ جماعت نے شرکت کی۔ جلسہ کے بعد شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

مجلس انصار اللہ برمپٹن ویسٹ ریجن کینیڈا

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ برمپٹن ویسٹ ریجن کے زیراہتمام مورخہ ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۳ء کو مسجد مبارک برمپٹن میں جلسہ یومِ خلافت منعقد کیا گیا۔ تلاوتِ قرآن کریم، حدیث اور نظم کے بعد جلسہ کی پہلی تقریر منصور احمد ناصر صاحب سیکرٹری تعلیم برمپٹن ویسٹ جماعت نے ’’خلافت کی برکات‘‘ کے موضوع پر کی۔جلسہ کی دوسری تقریر عبدالجبار ظفر صاحب لوکل امیر برمپٹن ویسٹ جماعت نے کی۔ آپ نے انصار کو توجہ دلائی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے ساتھ ساتھ ان کے بچے بھی خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کریں۔

مہمانِ خصوصی شاہد منصور صاحب سیکرٹری تربیت جماعت کینیڈا نے جلسہ کی آخری تقریر میں چند ممبرانِ جماعت کے ایمان افروز واقعات سنائے کہ کس طرح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی، دعاؤں اورشفقتوں سے لوگوں کی زندگیاں تبدیل ہوگئیں، لوگوں کی بری عادتیں چھوٹ گئیں، موت کے کنارے پر پہنچنے والے مریض شفایاب ہوگئے اور احمدیت سے دور ہونے والے احمدیت کے فدائی بن گئے۔

جلسہ کااختتام دُعا سے ہوا جس کے بعد ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

(رپورٹ : محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button