حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی تدابیر کے لیے نئی آگاہی مہم کا آغاز کردیا۔ وزارتِ صحت نے سفری احتیاطی تدابیر کی پابندی ختم کر کے تمام افراد کو صفائی کی پابندی کا خیال رکھنے کا کہتے ہوئے کہا ہےکہ وائرس والی بیماریوں میں حفاظتی تدابیر اپنائی جائیں اور ہاتھ دھونے کا عمل جاری رکھا جائے، وبا ختم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا صحت کے لیےخطرہ نہیں رہا۔معمر افراد اور لاعلاج بیماری کے مریض حفاظتی اقدامات کی پابندی جاری رکھیں۔

٭…متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات روس میں جاری اکنامک سمٹ کی سائیڈلائن پر ہوئی۔ اس موقع پر پیوٹن نے کہا کہ امارات بہت اچھا شراکت دار ہے۔ روس، یوکرین اور امریکہ، روس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے میں کردار ادا کرنے پر صدر پیوٹن نے شیخ زاید کا شکریہ ادا کیا۔امارات کے صدر نے کہا کہ وہ یوکرین تنازع کے سیاسی حل کی حمایت کرتے ہیں۔

٭…اسرائیل میں قائم روس کا سفارتخانہ یروشلم میں اپنا ایک دفتر کھولے گا، اس حوالے سے سفارتخانے اور اسرائیلی وزارت خارجہ کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا۔اسرائیل میں قائم روسی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ مغربی یروشلم میں روس نے ایک قطعۂ اراضی ۱۸۸۵ء میں خریدا تھا۔کئی سال کی پیشرفت کے بعد ۱۸؍مئی کو یروشلم کی میونسپلٹی کے ساتھ تعمیرات کے لیے دستخط ہوئے ہیں۔اس اراضی پر کئی عمارتوں پر مبنی کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا جو سفارتخانے کے قونصلر سیکشن کے طور پر کام کرے گا۔

٭…جنوبی افریقہ کے صدر رامافوسا روس اور یوکرین میں امن ڈیل کروانے کے لیے ہفتے کے روز کیف پہنچے۔ ان کے ہمراہ افریقی ممالک کے چار صدور اور تین نمائندگان بھی صدر زیلنسکی سے ملاقات کے لیے آئے۔ ان کی آمد کے کچھ ہی دیر بعد کیف میں ایئر ریڈ سائرن بج پڑے اور ایئر ڈیفنس کو متحرک کیا گیا۔ یوکرین ایئرفورس کا کہنا ہے کہ اس نے روس کے ۱۲؍میزائل مار گرائے۔وزارت داخلہ نے کہا کہ تازہ روسی حملے سے شہر میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں لیکن تین افراد زخمی ہوئے۔

٭…سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشیر برائے انسانی امداد اور ریلیف سینٹر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے اسپین میں میڈیا نمائندگان اور انفلوئینسرز سے ملاقات میں بتایا کہ سعودی عرب نے ۱۹۹۶ء سے ۲۰۲۳ء تک انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ۱۶۷؍ممالک کو ۹۶؍ارب ڈالر کی مالی معاونت اور امداد فراہم کی۔میڈرڈ میں عالمی اتحاد برائے ویکسینز اینڈ امیونائزیشن کانفرنس کی سائیڈلائن پر میڈیا نمائندگان سے ملاقات کا انعقاد کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ کے ایس ریلیف سینٹر انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں میں بین الاقوامی سطح پر مرکزی حیثیت حاصل کرنا چاہتا ہے۔

٭…افغان سینٹرل بینک کے نگران گورنر نے چینی سفیر سے ملاقات میں بینکنگ اور کاروباری تعلقات پر بات چیت کی۔ بینک ترجمان حسیب اللہ نوری نے بتایا کہ یہ ملاقات کابل میں سفیر وینگ یو اور نگران گورنر افغان سینٹرل بینک ملا ہدایت اللہ بدری کے درمیان ہوئی۔ افغانستان کا بینکنگ سسٹم عالمی پابندیوں کی وجہ سے بری طرح متاثر ہے۔یاد رہے کہ چین کے افغانستان کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں لیکن کابل میں اس کا سفارتخانہ موجود ہے۔ بیجنگ نے حال ہی میں پڑوسی ملک میں اپنی معاشی دلچسپی ظاہر کی تھی۔

٭…یونان میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے حادثے میں ۷۹؍ تارکین وطن ڈوب گئے۔ جبکہ سینکڑوں لاپتا ہیں۔ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ کشتی کے ۱۰۴؍مسافروں کو بچالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۶۵ سے سو فٹ لمبی کشتی میں ممکنہ طور پر ۷۵۰؍افراد سوار تھے۔ تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے۴۱؍پاکستانی شہری لاپتا ہوگئے، ان کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی سے ہے۔

٭…گذشتہ دنوں بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان بپر جوائے بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرا گیا۔ طوفان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ گجرات کے ضلع کچھ کے علاقوں جاکھو اور مانڈوی میں تیز ہواؤں اور شدید بارش سے مختلف درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں اور مختلف علاقوں میں تین ہزار ۶۷۲؍سے زائد بجلی کے کھمبے گرنے سے طویل دورانیے سے بجلی منقطع ہے۔ پہلے یہ طوفان کراچی کی جانب بڑھ رہا تھا تاہم رخ تبدیل ہونے پر وہ جنوب مشرق کی جانب بڑھ گیا۔ سمندری طوفان بپرجوائے کمزور ہو کر ڈپریشن بن گیا جو کہ تھرپارکر اور بھارتی راجستھان پر موجود ہے۔ جہاں ڈپریشن کمزور ہو کر لو پریشر ایریا میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ تاہم طوفان کے اثر سے کراچی میں کھمبے اور درخت اکھڑ گئے۔ سندھ کے ساحلی علاقے سمندر کی اونچی لہروں کی وجہ سے ڈوب گئے تھے لیکن زیادہ تر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

٭…ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس کے دوران سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے انتیس سالہ سائیکلسٹ جینو میدر کھائی میں گرگئے جنہیں زخمی حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سوئس سائیکلسٹ دم توڑ گئے جس پر منتظمین نے ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس حادثے کے باعث ملتوی کردی۔

٭…انگلش ٹینس سٹار کیٹی بولٹر نے ورلڈ ٹینس ایسوسی ایشن ( ڈبلیو ٹی اے ) ناٹنگھم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں ہم وطن کھلاڑی کیٹی بولٹر نے ہیریئٹ ڈارٹ کو سٹریٹ سیٹس میں ۶-۳ اور ۷-۵سے شکست دے کر پہلی بار ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button