جلسہ سالانہ

کونگو کے صوبہ کسائی سینٹرل کے شہر کانانگا میں بارھویں جلسہ سالانہ کا انعقاد

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

امسال محض خدا تعالیٰ کے خاص فضل سے عوامی جمہوریہ کونگوکے صوبہ کسائی سینٹرل (Kasai Central) کا بارھواں جلسہ سالانہ جماعتی ہیڈ کوارٹر و صوبائی دارالحکومت کانانگا (Kananga) میں مورخہ ۹ و ۱۰؍ جون ۲۰۲۳ء کو منعقد ہوا۔ جلسہ سالانہ کو کامیاب بنانے کے لیے شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا گیا اور ان کے متفرق اجلاسات منعقد ہوتے رہے نیز جلسہ کے کامیاب انعقاد کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی خدمتِ اقدس میں دعائیہ خطوط تحریر کیے گئے اور صدقہ بھی دیا گیا۔

ریڈیو پر جلسہ کے اعلانات:جلسہ کے انعقاد سے ایک ہفتہ قبل دس مقامی ریڈیو چینلز پر جلسہ کے مسلسل اعلانات ہوتے رہے جس کے ذریعہ شہر کی اکثر آبادی تک جلسہ کا پیغام پہنچا۔ اہل علم، پادری حضرات اور اسی طرح دیگر دلچسپی رکھنے والوں کو جلسہ میں شمولیت کی دعوت عام دی گئی کہ اسلام کے متعلق معلومات اور سوالات کرنے کے لیے کوئی بھی شخص اس جلسہ میں شرکت کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جماعتی سطح پر دو ریڈیوچینلز پر جلسہ سے قبل چار پروگرامز جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات پر مبنی نشر کیے گئے جن کا کُل دورانیہ ۱۸۰؍ منٹ رہا۔

امسال نیشنل ہیڈ کوارٹر سے جلسہ سالانہ میں شرکت کرنے کے لیے مکرم خالد محمود صاحب امیر و مبلغ انچارج کونگو کنشاسا تشریف لائے۔

جلسہ کا پہلا دن ۹؍ جون ۲۰۲۳ء

پہلے دن کا آغاز نماز تہجداور نماز فجر کے بعد درس القرآن، درس حدیث اور درس ملفوظات سے ہوا۔

دوپہر ساڑھے بارہ بجے نماز جمعہ و عصر کی ادائیگی جلسہ گاہ میں ہوئی۔ خطبہ جمعہ میں مکرم امیرو مبلغ انچارج جماعت کونگو کنشاسا نے خلافت کی اہمیت و برکات اور نظام خلافت سے ہمیشہ وابستہ رہنے کی تلقین کی۔

تین بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ کونگو کنشاسا کا پرچم عثمان کابوئے صاحب صدر جماعت کانانگا نے لہرایا جبکہ مکرم امیر صاحب جماعت کونگوکنشاسا نے لوائے احمدیت لہرایا اور دعا کروائی۔

مکرم امیر صاحب کی صدارت میں جلسہ کے پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ افتتاحی تقریر میں جلسہ کے اغراض و مقاصد کی طرف توجہ دلائی گئی جبکہ تقریر کا رواں ترجمہ لوکل زبان چلوبہ (Tshiluba) میں پیش کیا گیا۔ تقریر کے اختتام پر دعا ہوئی۔

جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس میں مندرجہ ذیل تقاریر مقامی زبان چلوبہ میں پیش کی گئیں: حج اور اس کی فلاسفی از ابراہیم علی صاحب،آنحضورﷺ کا عورتوں سے حسن سلوک از رضوان ابراہیم صاحب اور مالی قربانی کی اہمیت و فضیلت از رمیض احمد محمود صاحب۔

پہلے اجلاس کا اختتام نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی اور عشائیہ سے ہوا۔

جلسہ کا دوسرا روز ہفتہ ۱۰؍ جون ۲۰۲۳ء

جلسہ کے دوسرے روز کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس القرآن، درس حدیث اور درس ملفوظات سے ہوا۔

صبح ساڑھے دس بجے جلسہ کے دوسرے اجلاس کا آغازرمیض احمد محمود صاحب صوبائی مبلغ Kasai Regionکے زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس اجلاس میں مندرجہ ذیل تقاریر کی گئیں: دس شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں از ابراہیم علی صاحب(مقامی معلم)، خلافت کی اہمیت اور اس کی برکات از رضوان ابراہیم صاحب (مقامی معلم)۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔

دوپہر ایک بجے جلسے کے آخری اجلاس کاآغاز مکرم امیر صاحب کونگو کنشاسا کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔اس اجلاس میں دو تقاریر کی گئیں: اسلام میں اطاعت کا اعلیٰ معیا ر از عیسیٰ Kabumpangiصاحب (مقامی معلم)، صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام از رجب ابراہیم صاحب (مقامی معلم)۔ اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم امیر صاحب نے کی جس میں آپ نے موجودہ زمانہ میں قیام امن کے لیے جماعت احمدیہ کا کردار قرآن و حدیث اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں بیان کیا۔نیز دنیا میں قیام امن کی خاطر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی عالمگیر کو ششوں کو اُجاگر کیا۔

جلسہ کے اختتام پر گذشتہ سال وفات یافتگان کی فہرست پیش کی گئی اور اختتامی دعا میں ان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔ جلسہ کے اختتام پر ایک مجلس سوال و جواب ہوئی۔جس کا دورانیہ تقریباً ایک گھنٹہ تھا جس میں غیر مسلموں کے علاوہ سنی مسلمانوں نے بھی شرکت کی اور سوالات کیے جس کے جوابات مکرم امیر صاحب کانگو کنشاسا نے دیے۔ اس مجلس سوال و جواب کا ساتھ ساتھ لوکل زبان چلوبہ(Tshiluba) میں بھی ترجمہ کیا گیا۔ دعا اور ظہرانہ کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔

نمائش کتب:جلسہ سالانہ کے موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے کتب کی ایک نمائش لگائی گئی جبکہ دوران سال نمایاں جماعتی پروگرامزاور ہیومینٹی فرسٹ کے زیر انتظام پروگرامز کی ایک تصویری نمائش بھی لگائی گئی جس سے شاملین جلسہ نے بھرپور استفادہ کیا۔

شعبہ میڈیکل:جلسہ سالانہ کے متعدد شاملین جوکہ اپنا سفر پیدل طے کرتے ہیں اورصوبائی دارالحکومت سے تقریباً چارسو کلومیٹر کے احاطہ کے اندرجماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں ان کے لیے خاص طور پر شعبہ میڈیکل کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس شعبہ نے شاملین کی شبانہ روز خدمت کی۔

میڈیا کوریج :امسال جلسہ سالانہ کو گیارہ مقامی ریڈیو چینلز نے مسلسل دو روز کو ریج دی۔

انٹرنیٹ پر ملک کی دو مشہور ویب سائٹس نے جلسہ سالانہ کو کوریج دی۔

حاضری جلسہ: امسال شعبہ رجسٹریشن کی رپورٹ کے مطابق جلسہ سالانہ کی کُل حاضری ۹۷۰؍ رہی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت کسائی سینٹرل،کونگوکنشاسا کو دن دوگنی، رات چوگنی ترقیات سے نوازے۔ آمین

(رپورٹ: شاهد محمود خان۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button