از مرکز

فلسطین کے مظلوم مسلمانوں، امتِ مسلمہ نیز دیگر اہم امور کے لیے دعا کی تحریک

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۷؍ جولائی ۲۰۲۳ء کے اختتام پر بعض ضروری امور کی طرف توجہ دلاتے ہوئے دعاؤں کی تحریک فرمائی۔ حضورِ انور نے فرمایا کہ

کچھ دعاؤں کی طرف بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں

فلسطین کے مسلمانوں کے لیے بھی دعا کریں

اللہ تعالیٰ ان کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے، مظلوموں کی دادرسی فرمائے۔ ان کو ایسی لیڈرشپ یا راہنما عطا فرمائے جو ان کا حق ادا کرنے والے ہوں اور ان کی صحیح راہنمائی کرنے والے ہوں اور ان کو ظلموں سے نکالنے کی کوشش کرنے والے ہوں۔ بہت زیادہ مظلومیت کی حالت ہو چکی ہے اور لگتا ہے کوئی ان کو سنبھالنے والا نہیں، کوئی ان کی راہنمائی کرنے والا نہیں۔ مسلمان اگر ایک ہوجائیں تو ان مشکلات سے نکل سکتے ہیں۔

اسی طرح

سویڈن میں اور بعض دوسرے ملکوں میں بھی جو آزادیٔ رائے اور مذہبی آزادی کے نام پر غلط کام کرنے والوں کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے

اور اس بہانے سے جو مسلمانوں کے جذبات سے کھیل کر آئے دن کچھ نہ کچھ ایسی حرکتیں کرتے ہیں جو مسلمانوں کے جذبات کو تکلیف پہنچانے والی ہیں۔ انتہائی کریہہ حرکتیں ہیں، قرآن کریم کی بے حرمتی ہے یا آنحضرتﷺ کے بارہ میں نازیبا الفاظ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہی ان کے پکڑ کے سامان فرمائے۔ اس میں بھی مسلمان حکومتوں کا قصور ہے جن میں پھوٹ کی وجہ سے اسلام مخالف طاقتیں اس قسم کی غلط حرکتیں کرتی ہیں۔ اگر کوئی ردِّ عمل ہوگا مسلمانوں کی طرف سے تو وہ بھی عارضی ہوگا اور ایسا ہوگا جس کا کوئی اثر نہ ہو۔ پس

مسلمان راہنماؤں اور امہ کے لیے بہت دعائیں کریں اس کی بہت ضرورت ہے۔

پھر فرانس میں جو حالات ہیں یہاں بھی مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اور مسلمانوں کا ردعمل بھی غلط ہے یا دوسروں کا بھی ساتھ مل کے۔ توڑ پھوڑ سے تو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

مسلمانوں کو اپنے عمل اسلامی تعلیم کے مطابق کرنے ہوں گے۔ جب مسلمانوں کے قول و فعل اسلامی تعلیم کے مطابق ہوں گے تو تب ہی کامیابیاں بھی ملیں گی۔

بہرحال ہم تو دعا کرسکتے ہیں۔ خاص طور پر مسلمان دنیا کے لیے اور عمومی طور پر تمام دنیا کے لیے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہر ایک کو ظلم سے محفوظ رکھے اور دنیا میں امن و امان کی صورت حال بھی پیدا ہوجائے۔ سب ایک دوسرے کا حق ادا کرنے کی اہمیت کو سمجھنے والے ہوں ورنہ میں کئی دفعہ کہہ چکا ہوں کہ دنیا بہت بڑی تباہی کی طرف جارہی ہے۔ اللہ تعالیٰ رحم فرمائے۔

اسی طرح پاکستان میں جو احمدی ہیں ان کے لیے بھی بہت دعا کریں، اللہ تعالیٰ انہیں بھی ہر شر سے محفوظ رکھے۔

فرانس میں کہنے کو تو بڑے مظاہرے ہو رہے ہیں اور سمجھا جارہا ہے کہ لڑکا جس کو مارا گیا ہے اس کے حق میں بہت کچھ ہورہا ہے لیکن عملاً جو پبلک کا رویہ ہے، وہاں کے لوگوں کا وہ اس طرح ہے کہ سنا ہے جو انہوں نے fundraising کی ہے اس پولیس والے کے لیے بھی جس کو پکڑا ہے اور اس لڑکے کے لیے بھی جو مارا گیا ہے اور جو لڑکے کے لیے fundraising ہے اس میں صرف دو لاکھ یورو آیا ہے اور جو پولیس والا ہے جس کو کہتے ہیں ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے اور حکومت بھی بیان دے رہی ہے اس کے حق میں، اس کی مدد کے لیے ایک ملین سے زیادہ یورو جمع ہوچکے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہی رحم فرمائے اور ان لوگوں کو انصاف سے چلنے کی بھی توفیق عطا فرمائے اور مسلمانوں کو ایک ہونے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ امامِ وقت کے بابرکت الفاظ میں برکت عطا فرمائے، ہمیں حسبِ ارشاد حضورِ انور یہ دعائیں کرنے کی توفیق حاصل ہو اور سب دعائیں شرفِ قبولیت پائیں۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button