کچھ جامعات سے

جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھاناکا ساتواں سالانہ کانووکیشن

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کا ساتواں سالانہ کانووکیشن مورخہ ۱۷؍ جون ۲۰۲۳ء بروزہفتہ منعقد ہوا۔ اس جامعہ کی بنیاد ۲۰۱۲ء میں امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے بابرکت دور خلافت میں رکھی گئی تھی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا کے مختلف ممالک سے طلبہ حصول علم کے لیے یہاں آتے ہیں اور فارغ التحصیل ہونے کے بعد مختلف ممالک میں خدمات سلسلہ بجا لاتے ہیں۔اس سال نَو ممالک کے ۱۷؍ طلبہ میدانِ عمل میں جا رہے ہیں۔ان ممالک کے نام یہ ہیں:گھانا، نائیجیریا، یوگنڈا، گیمبیا، روانڈا، زمبابوے، ماریشس، قزاقستان اور اردن۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کلاس کے فارغ التحصیل ہونے کے بعد جامعہ احمدیہ کی اس شاخ سے ۲۲؍ ممالک کے کل ۱۴۳؍ طلبہ شاہد کی ڈگری لے کرفارغ التحصیل ہو چکے ہیں ۔

اس پُروقار تقریب کے مہمان خصوصی جماعت احمدیہ گھانا کے امیر و مشنری انچارج مکرم نور محمد بن صالح صاحب تھے جبکہ اس تقریب میں گھانا کے کئی معززین بھی تشریف لائے تھے جن میں دو ممبر پارلیمنٹ، منکسم کی مقامی چیف، وزارت مذہبی امور کے نمائندے، سرکاری حکام ، نائب امراء اور ممبران مجلس عاملہ، صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ گھانا اور ان کی عاملہ کی بعض ممبرات اور نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانااور ان کی عاملہ کے بعض ممبران نیز مقامی جماعتی عہدیداران اور معززین بھی شامل تھے۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس تقریب میں طلبہ و اساتذہ جامعہ کے علاوہ کل ۲۲۵؍ مہمانان نے شرکت کی الحمدللہ ۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے کانووکیشن کے پیغام کے حوالے سے یہ ارشاد موصول ہوا تھا کہ جامعہ احمدیہ انگلستان کے شاہدین کو دی جانے والی ہدایات ہی ان فارغ التحصیل ہونے والے شاہدین کے لیے بھی ہیں اس لیے حضور انور کی وہ تفصیلی ہدایات اردو اور انگریزی میں ترجمہ کر کے تمام طلبہ اور مرکزی مہمانان کو مہیا کی گئیں جبکہ مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ گھانا نے یہ مکمل ہدایات تفصیل کے ساتھ تلاوت و نظم کے بعد حضور انور کے پیغام کی شکل میں پڑھ کر سنائیں۔ حضور انورکے پیغام کے حوالے سے مذکورہ بالا ہدایت کی تعمیل میں یہ اہتمام بھی کیا گیا تھا کہ حضور انور کے پیغام سے قبل تلاوت اور نظم کے لیے بھی وہی حصے چنے گئے تھے جو جامعہ احمدیہ انگلستان کے کانووکیشن میں پڑھے گئے تھے۔ الحمد للہ

خاکسار (وائس پرنسپل)نے کانووکیشن کی رپورٹ پیش کی اور طلبہ کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات مہیا کیں۔

دوران پروگرام طلبہ کے گروپس نے حمدیہ نغمات اورجامعہ کا ترانہ پیش کیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے شاہدین کو سندات سےنوازا اورمختصر تقریر بھی کی جس میں انہوں نے طلبہ کو ان کےمستقبل کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور کہا کہ آپ کی ذمہ داریوں کے حوالے سےحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو تفصیلی ہدایات سے نوازا ہے ان کو ساتھ لے کر جائیں اور ان پر عمل کو یقینی بنائیں۔ دعا کے بعد سب حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا اورنماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ فالحمد للہ علی ذلک

(رپورٹ: مرزا خلیل احمد بیگ ۔وائس پرنسپل جامعہ احمدیہ گھانا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button