مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کے نیشنل جلسہ یومِ خلافت کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و رحم سے مورخہ ۲۴؍جون ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا نے مسجد بیت السلام سے ملحقہ طاہر ہال میں نیشنل سطح پر جلسہ یومِ خلافت منعقد کیا۔ جلسہ کی صدارت مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت کینیڈا نے کی۔ تلاوت و نظم کے بعد افتتاحی خطاب میں مکرم طاہر احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا نے خدام اور اطفال کو خلافت سے متعلق ہماری ذمہ داریوں کے متعلق آگاہ کیا۔ بعدازاں مولانا عبد السمیع خان صاحب، استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا نے جماعت احمدیہ میں خلافت کی ابتدا کے حوالے سے روشنی ڈالی۔ جبکہ جلسہ کی اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب کینیڈا نے ’’خلافت کے سائے میں جماعت احمدیہ کی ترقیات‘‘ بیان کیں۔
اس جلسہ کے پروگرام سے قبل باسکٹ بال اور والی بال کے مقابلہ جات بھی کروائے گئے جو کہ جمعہ کی شام سے شروع ہوگئے اور ہفتہ کی صبح، جلسہ سے قبل تک جاری رہے۔ اسی طرح جلسہ کے پروگرام سے قبل ایک نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف خلفاء کے ادوار اور ارشادات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ نیشنل کوئز لیگ اور مقابلہ تقریر بھی منعقد کروایا گیا جس میں خدام نے بہت دلچسپی سے حصہ لیا۔ جلسہ کے اختتام پر مکرم امیر صاحب کینیڈا نے ان مقابلہ جات میں پوزیشنز لینے والے خدام میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ جلسہ میں ۷۴۰ خدام اور اطفال نے شرکت کی جب کہ ۱۵۴۱ خدام و اطفال نے یوٹیوب پر اس جلسہ کو دیکھا ہے۔
(رپورٹ: محمدسلطان ظفر۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)