افریقہ (رپورٹس)

افریقن ممالک میں عید الاضحی کے اجتماعات اور قربانی کے اہم فریضہ کی ادائیگی

افریقہ کے مختلف ممالک میں عید الاضحی کی نماز کے بعدسنت ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے مختلف جگہوں پر خدائے بزرگ و برتر کے حضور جانوروں کی قربانی پیش کی گئی اور چھوٹے، بڑے جانور ذبح کیے گئے۔ قربانی کے ان جانوروں میں ذاتی قربانیاں بھی شامل تھیں جبکہ بہت سی جگہوں پر جہاں احمدی غریب ہیں اور جانور نہیں خرید سکتے وہاں جماعت کی طرف سے قربانی مہیا کی گئی تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔ نمائندگانِ الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے بھجوائی گئی رپورٹس پیش ہیں۔

گیمبیا

گیمبیا میں مورخہ ۲۸؍جون ۲۰۲۳ء بروز بدھ عید الاضحی منائی گئی۔ ملک بھر میں کل ۸۸ جگہوں پر نماز عید ادا کی گئی جن میں ایک اندازہ کے مطابق پانچ ہزار۹۹۰؍ احباب شامل ہوئے۔تقریباً ۳۰۰ کے قریب غیر احمدی احباب نے جماعت کے ساتھ نماز ادا کی۔ جماعت کی طرف سے مہیا کی گئی قربانیوں کی تعداد ۶۰ تھی جبکہ ۳۴ جانور ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے دیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ جماعتی ادارہ جات کی طرف سے بھی غرباء میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔ حسب روایت جماعت نے ملک کی سنٹرل جیلوں میں بھی قربانی کے جانور بھجوائے۔جماعت کی طرف سے مہیا کی گئی قربانیوں سے تقریباً نو ہزار کے قریب افراد بشمول احمدی و غیر احمدی مستفید ہوئے۔

گیمبیا

(مسعود احمدطاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)

سینیگال

سینیگال کے احمدیوں نے بھی عید الاضحی پورے مذہبی جوش و جذبےسے منائی۔ جہاں نماز عید کی ادائیگی کے لیے مختلف مقامات پر انتظام کیا گیا وہیں انفرادی و اجتماعی طور پر سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی بھی کی گئی۔دس ریجنز میں ۸۸ مقامات پر اجتماعات منعقد ہوئے جن میں آٹھ ہزار ۲۲۸؍ افراد شامل ہوئے۔ ۲۸۰؍انفرادی قربانیوں کے علاوہ ۴۶ جماعتی قربانیوں سے ۲۸ ہزار ۷۷۳ افراد مستفید ہوئے۔

(حافظ مصور احمد مزمل نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

آئیوری کوسٹ

آئیوری کوسٹ میں ۱۹ ریجنز کے ۱۱۶ مقامات پر عیدادا کی گئی۔ جن میں ۱۶۴۸۰؍افراد نے عید پڑھی۔آجامے Adjamé، ساں پیدرو San-Pedro، بواکے Bouaké، سینفرا Sinfra، ماں Man میں عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اسی طرح ۴۵ مقامات میں جماعتی طور پر ۱۸بیل اور پندرہ بکرے جبکہ ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے ۱۸بیل قربان کیے گئے۔

آئیوری کوسٹ

(عبدالنور۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

کینیا

۲۹؍جون بروز جمعرات کینیا کے بارہ ریجنز کے ۹۴؍ مقامات پرعیدالاضحی کی نماز ادا کی گئی۔ جس میں پانچ ہزار ۹۸۵؍احباب جماعت شامل ہوے۔ عید کے تین دنوں میں سنت ابراہیمیؑ کے مطابق ۲۵۵؍ بکرے اور ۲۳؍ بیل راہ خدا میں قربان کیے گئے جن کا گوشت افراد جماعت کے علاوہ ہمسایوں، مستحقین سرکاری اہلکاروں،چلڈرن ہاؤسز اور اولڈ پیپلز ہاؤسز کو دیا گیا۔ اس طرح تقریباً دس ہزار سے زائد افراد اس سے مستفید ہوئے۔تمام مقامات پر عید کی نماز کے بعد اجتماعی کھانے کا بندوبست کیا گیا جس میں سرکاری افسران، چرچ نمائندگان، ہمسایوں اور دیگر مہمانوں کو بھی مدعو کیا گیا۔بعض مقامات پر کھانا تیار کر کے چلڈرن ہاؤسز بھجوایا گیا۔اس کے علاوہ کسومو مشن ہاؤس میں عید ملن پارٹی کا خصوصی اہتمام کرکے غیراز جماعت معززین اور سرکاری افسران کو مدعو کیا گیا۔شیانڈہ ویسٹرن ریجن اے اور مسامبا ویسٹرن ریجن بی میں ریڈیو FM Lubao کے نمائندگان نے عیدالاضحی اور قربانیوں کے مقاصد سے متعلق مبلغین جماعت کے انٹرویو کر کے نشر کیے۔

(محمد افضل ظفر۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

لائبیریا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۸؍جون بروز بدھ لائبیریا میں عید الاضحی منائی گئی۔اس سلسلہ میں ملک کی نو کاؤنٹیزمیں مرکزی مبلغین، مقامی معلمین اور ائمہ کےکل۱۱۰؍ سنٹرز پر نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔جن کی کل حاضری تقریباًساڑھے آٹھ ہزاررہی۔ان سنٹرز میں Monrovia,Tubmanburg,Tieni,Kakata اور Ganta قابل ذکر ہیں۔

لائبیریا

نماز عید کے بعد قربانیوں کا سلسلہ شروع ہوا۔امسال جماعتی انتظام کے تحت کل ۳۶؍بکرے اور ۱۳؍ بیل ذبح کیے گئے۔ان کے علاوہ احباب جماعت کی طرف سےبھی قربانیاں پیش کی گئیں جن سے مجموعی طور پرتقریباً پندرہ ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔قربانی کے گوشت کا تحفہ مقامی اور دور دراز مقامات پراحباب جماعت، غیر از جماعت دوستوں،حکومتی عہدے داروں اور مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔

(فرخ شبیر لودھی۔نمائندہ روز نامہ الفضل انٹرنیشنل )

برکینافاسو

تیرہ ریجنز کی موصولہ رپورٹس کے مطابق مندرجہ ذیل مساعی کی توفیق ملی۔۱۰۳؍ جماعتوں میں عید کے اجتماعات ہوئے۔ جہاں تیرہ ہزار سے زائد افراد نے نمازِ عید ادا کی۔ ان ریجنز میں ایک سو گیارہ جماعتوں میں ۱۴۴؍ جانور قربان کیے گئے اور غرباء میں گوشت تقسیم کیا گیا۔

برکینافاسو

(رپورٹ: محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

کونگو کنشاسا

امسال کونگو کنشاسا کے دس ریجنز کے ۲۲۵؍ مقامات پر نماز عید ادا کی گئی۔جہاں شاملین کی کل تعداد تیرہ ہزار ۵۱۴؍ تھی۔ ملک کے پانچ بڑے سنٹرز کے نام جہاں پر نماز عید ادا کی گئی: بیت الاحد Barumbu کنشاسا، مسجد بشارت Kananga، مسجد بیت الرحمٰن Demba، مسجد نور Bandundu اور اجتماع عید Mudaka میں بڑے اجتماعات ہوئے۔۲۵۵ مقامات پر جماعتی طور پر اور Humanity First Germanyکے تعاون سے قربانی کی گئی اور ۴۸۵ جانور ذبح کیے گئے۔(رپورٹ: شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

تنزانیہ

ملک کے ۲۴؍ ریجنز میں ۲۷۵؍ مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ جہاں ۱۹ ہزار ۸۰۰ احباب شامل ہوئے۔ بڑے اجتماعات KITONGA دار السلام، مسجد سلام دارالسلام۔ جامعہ احمدیہ موروگورو، BUTIBUشیانگا اور NUNGWE, GEITAکی جماعتوں میں ہوئے۔ ۲۸۵؍ مقامات پر ۶۵۰؍ سے زائد جانوروں کی قربانی کی گئی۔

تنزانیہ

نائیجر

نائیجر میں اللہ کے فضل سے آٹھ ریجنز کے ۵۲ مقامات پر عید الاضحی کی نماز کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جن میں بارہ صد سے زائد احباب شامل ہوئے۔ نیامے، مارادی، برنی کونی،ڈوگن ڈوچی اور گڈاں رومجی میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ ۷۵؍ مقامات پر جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کے تعاون سے مجموعی طور پر نوے سے زائد جانوروں کی قربانیاں کی گئیں۔ الحمدللہ

(کوثر جمیل۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

سیرالیون

سیرالیون میں عید الضحیٰ مورخہ ۲۸؍جون ۲۰۲۳ء بروز بدھ منائی۔ ریجنز کے مرکزی اجتماعات میں اوسطاً حاضری ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار رہی۔ جبکہ جماعتوں کی اوسطاً حاضری چار صد سے آٹھ صد رہی جن میں احمدی احباب کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت احباب کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔۱۴ ریجنز سے موصولہ رپورٹس کے مطابق عید کے ۳۴۲اجتماعات ہوئے اور جماعتی طورپر ۲۴۶ جانور قربان کیے گئے اور گوشت تقسیم کیا گیا۔ نماز عید سے قبل اور بعد بارش ہوئی جس سے بعض جگہوں پر کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد مشکل ہو گیا اس لیے بعض جگہ پراحباب نے مساجد میں نماز ادا کی۔ بارش کی وجہ سے موسم انتہائی خوشگوار بھی ہو گیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ عید بروز جمعرات مسجد مبارک اسلام آباد سے براہ راست نشر ہوا اور ایم ٹی اے کے علاوہ احمدیہ مسلم ریڈیوز کے ذریعہ تین زبانوں میں لائیو نشر ہوا جس سے احمدی احباب جماعت کے علاوہ غیر از جماعت بھی مستفید ہوئے۔ اور دعا میں شامل ہوئے۔

(سید سعید الحسن شاہ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

مالی

مالی میں عید الاضحی کے موقع پر ۳۷ ریجنز میں ۸۸ مقامات پر عید کی نماز کا اہتمام کیا گیا۔ تقریباً اڑسٹھ صد سے زائد افراد نے ان مقامات پر عید کی نماز ادا کی۔ مسجد مبارک باماکو، مسجد مہد ی کولیکورو، مسجد احمدیہ سان، ریجن سکاسو، ریجن کائی، ریجن سیگو میں بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔۵۵مقامات پر جماعتی طور پر ۸۴ بھیڑیں اور ۴۱ گائیں قربان کی گئیں۔

(رپورٹ: واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

زیمبیا

زیمبیا میں عید الاضحی کے موقع پر سات ریجنز میں ۱۸ مقامات پر عید کی نماز کا اہتمام کیا گیا۔ ۴۳۰ سےزائد افراد نے ان مقامات پر عید کی نماز ادا کی۔ جماعتLusaka، Kapiri, Petauke, Nampundwe اور Kazionele میں بڑے اجتماعات منقعد ہوئے۔گیارہ مقامات پر جماعتی طور پر ۹۳ بکرے اورسات گائیں قربان کی گئیں۔ اور ایک ہزار سے زائد افراد میں گوشت تقسیم کیا گیا۔

(طاہر احمد سیفی۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

لیسوتھو

مورخہ۲۹؍جون ۲۰۲۳ء کو جماعت احمدیہ لیسوتھو نے عید کی نماز مسجد بیت المہدی تھابا بوسیو،ماسیرو میں ادا کی۔ تین جماعتیں ماسیرو۔موہالےسہوک اور تھابا بوسیو کے افراد جماعت اس اجتماع میں شریک ہوئے۔ نماز عید پر کل حاضری ۴۲ رہی۔نماز عید اور قربانی کا انتظام صرف اسی مسجد اور اس کے احاطہ میں کیا گیا تھا۔ نماز عید کے بعد ہیومینیٹی فرسٹ لیسوتھو کی جانب سے نو عدد بکرے اور دو عدد بیل ابراہیمیؑ سنت کے مطابق ذبح کیے گئے۔ علاقے کے لوگوں نے کافی جوش وخروش سے اس قربانی میں حصہ لیا۔ اسی طرح قربانی کا گوشت وصول کرنے والے بہت خوش تھے اور جماعت احمدیہ کا بہت شکریہ ادا کر رہے تھے۔ قربانی کا گوشت نو مختلف مقامات پر سات صد سے زائد لوگوں میں تقسیم کیا گیا۔اسی طرح علاقے کے مختلف چیفس اور کونسلرزکو بھی قربانی کا گوشت بھجوایا گیا۔

(رپورٹ ‏محمد احسان نور۔ مبلغ سلسلہ لیسوتھو)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button