امریکہ (رپورٹس)

لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ پریری ریجن، کینیڈا کا اجتماع

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ پریری ریجن کو امسال سالانہ اجتماع مورخہ ۲۴؍جون ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ مسجد بیت الرحمت سسکاٹون میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پانچوں مجالس جن میں ریجائنا، ونی پیگ،سسکاٹون ساؤتھ ویسٹ،سسکاٹون نارتھ اور بیت الرحمت شامل ہیں، سے ممبرات لجنہ، ناصرات اور سات سال سے چھوٹی عمر کے بچے شامل ہوئے۔ دُور دراز سے آنے والے مہمانوں کے سونے اور کھانے کا انتظام تین دن تک مسجد میں کیا گیا تھا۔

تلاوت، حدیث، نظم اور عہد کے بعد مکرمہ مہوش چودھری صاحبہ نیشنل سیکرٹری تعلیم لجنہ اماءاللہ کینیڈا نے اجتماعات کے عنوان کی مناسبت سے ‘‘خلافت کی اہمیت و برکات’’ پر نہایت معلوماتی پریزنٹیشن آسان فہم انداز میں انگریزی اور اردو زبان میں پیش کی۔ بعد ازاں سوال و جواب ہوئے۔ اور پھر علمی اور ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ نماز ظہر اور عصرکی باجماعت ادائیگی کے بعدتمام شاملات کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

دوسرے اجلاس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد لجنہ اماء اللہ پریری میں سال بھر میں ہونے والی مختلف سرگرمیوں پر مشتمل ایک ویڈیو دکھائی گئی۔اس کے ساتھ ہی نائیلہ انور صاحبہ نے جماعت کا مختصر تعارف پیش کیا اور ازاں بعدسسکاٹون سے آنریبل ڈپٹی میئرلوین Mayorکو جو اس پروگرام میں خاص طور پر تمام ممبرات کو ان کی تنظیم لجنہ اماءللہ کے سوسال پورے ہونے پر مبارکباد دینے کے لیے آئی تھیں اسٹیج پر مدعو کیاگیا۔ ڈپٹی میئر نے لجنہ کے رفاہ عامہ کے کاموں کو بہت سراہا اور لابی میں لجنہ کی مالی قربانیوں سے بننے والی مساجد کے ماڈلز اور دیگر معلوماتی پوسٹرز سے بہت متاثر ہوئیں۔

مسجد میں دوران پروگرام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے زریں نصائح سے بھرپور ویڈیو کلپس بھی بہنوں کے استفادہ کے لیے دکھائے گئے جنہیں ماؤں اور بچیوں نے بہت پسند کیا۔ اجتماع کے آخر پر تقسیم انعامات کا انعقاد ہوا۔ تمام اول، دوم اور سوم آنے والی بہنوں اور بچیوں میں مہمانِ خصوصی نے انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں آپ ہی نےتمام حاضرات کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کرائی۔ الحمد للہ ۳۲۵ لجنہ ممبرات، ناصرات اور بچےاس علمی و روحانی مائدہ سے سیراب ہوئے۔

(رپورٹ: بشریٰ نذیر آفتاب۔ ریجنل صدر پریری، کینیڈا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button